Inquilab Logo Happiest Places to Work

یشسوی جیسوال اور اسیتھافرنانڈو پر میچ فیس کا ۲۵؍ فیصد جرمانہ

Updated: August 24, 2026, 8:07 PM IST | Colombo

ہندوستان کے نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال اور سری لنکا کے فاسٹ بولر اسیتھا فرنانڈو کو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز میدان میں ہونے والی تلخ جھڑپ پر ان کی میچ فیس کا ۲۵؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔

Test Match.Photo:X
ٹیسٹ میچ۔ تصویر:ایکس

ہندوستان کے نوجوان اوپنر  یشسوی جیسوال  اور سری لنکا کے فاسٹ بولر  اسیتھا فرنانڈو کو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز میدان میں ہونے والی تلخ جھڑپ پر  ان کی میچ فیس کا ۲۵؍ فیصد جرمانہ  عائد کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں  ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ  بھی شامل کیا گیا ہے۔ کولمبو کے  سنہالیز اسپورٹس کلب (SSC) گراؤنڈ میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن یہ واقعہ  ٹیم انڈیا کی پہلی اننگز کے ۱۷؍ویں اوور  میں پیش آیا۔

یہ بھی پڑھئے:شری رام اور انیرودھ نے کینکن کنٹری اوپن کا ڈبلز خطاب جیت لیا

اسیتھا فرنانڈو نے یشسوی جیسوال کو ۴۵؍رن پر آؤٹ کیا۔ وکٹ حاصل کرنے کے بعد فرنانڈو نے جارحانہ انداز میں جشن منایا، جس کے بعد جیسوال واپس پویلین جانے کے بجائے بولر کی طرف گئے۔ دونوں کے درمیان کچھ الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران فرنانڈو نے اپنا سر جیسوال کی جانب کیا اور جیسوال بھی آگے بڑھے، جس کے نتیجے میں دونوں کے سروں کا آپس میں ٹکراؤ ہوگیا۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )نے دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل ۱۲ء۲؍ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ یہ شق بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی، امپائر، میچ ریفری یا دیگر فرد کے ساتھ نامناسب جسمانی رابطے سے متعلق ہے۔  دونوں نے اپنی خلاف ورزی تسلیم کرلی اور میچ ریفری  اینڈی پائکرافٹ  کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی، اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔ 
آئی سی سی کے مطابق جیسوال اور فرنانڈو دونوں کے گزشتہ  ۲۴؍ ماہ میں کوئی سابقہ جرم نہیں تھا ۔ اس لیے یہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ ہے۔  آرٹیکل ۱۲ء۲؍ کی  لیول ون  خلاف ورزی میں کم از کم باضابطہ وارننگ جبکہ زیادہ سے زیادہ ۵۰؍ فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس  کی سزا دی جاسکتی ہے۔  واقعہ کے بعد جیسوال نے اپنے رویے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی کو یہ معلوم نہیں کہ فرنانڈو نے ان سے کیا کہا تھا تو اسے فوری طور پر رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی حد پار کرے تو اسے جواب دینا ضروری ہے۔  تاہم ہندوستانی بیٹنگ کوچ  ستھانشو کوٹک  نے بھی تسلیم کیا تھا کہ جیسوال کو فرنانڈو کے اتنا قریب نہیں جانا چاہیے تھا اور انہیں اس موقع پر زیادہ احتیاط برتنی چاہیے تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:اجے دیوگن کی ’’دِریشیم ۳‘‘ کا نیا نام’’دِریشیم: دی کنکلوژن‘‘

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب جیسوال کی حالیہ فارم بھی زیادہ متاثر کن نہیں رہی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے ۵۳؍ گیندوں پر ۴۵؍ رنز  بنائے، جس میں ۹؍ چوکے شامل تھے، لیکن اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرسکے۔ پہلے ٹیسٹ میں بھی وہ پہلی اننگز میں۳۲؍ اور دوسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔جرمانے کے بعد اب جیسوال اور فرنانڈو دونوں کے لیے توجہ دوبارہ میدان میں کارکردگی اور کھیل کے نظم و ضبط پر مرکوز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK