• Thu, 29 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایولہ: لومیریج پر ہنگامہ، دُلہے کو زندہ جلانے کی کوشش، مارپیٹ میں متعدد زخمی

Updated: October 29, 2026, 11:20 AM IST | Agency | Yeola

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایولہ سٹی پولیس جائے وقوع پر پہنچی، صورتحال پر قابو پالیا اور کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ضلع ناسک کے اس شہر میں لومیریج میں زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا۔ الزام ہے کہ دلہن کے خاندان کے کچھ رشتہ دار ڈیزل کے کین لے کر تقریب میں پہنچے اور دُلہا اور اس کے رشتہ داروں پر ڈیزل ڈال کر زندہ جلانے کی کوشش کی۔ اس دوران شادی میں آئےافراد کے ساتھ بھی مار پیٹ کی گئی جس میں۷؍ سے۸؍ افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق یولہ شہر کے رشبھ دیپک بھگونڈے کے ناسک ضلع کی نپھاڑ تحصیل کے رام پور نیتالے کی ایک خاتون کے ساتھ مراسم تھے اور دونوں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن خاتون کے رشتہ دار ان کے اس فیصلے سے ناخوش تھے۔ جوڑے نے اپنے گھر والوں کی رضامندی کے بغیر فرار ہو کر ستمبر میں ہندو میریج ایکٹ کے تحت شادی کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے شادی کی خبر اپنے جاننے والوں اور رشتہ داروں کو بتائی۔ یولہ میں شادی کی روایتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے ایک لان میں دولہے کے رشتہ داروں کی موجودگی میں شادی کی تقریب جاری تھی۔

یہ بھی پڑھئے:ناگپور: فیکٹریوں پر ایف ڈی اے کے چھاپے جاری

اسی دوران دلہن کے کچھ رشتہ دار مبینہ طور پر ڈیزل کے ڈبے لے کر پہنچ گئے۔ اس شادی سے ناراض ان لوگوں نے دلہے اور اس کے رشتہ داروں پر ڈیزل انڈیل دیا اور انہیں زندہ جلانے کی کوشش کی۔اس واقعہ سے تقریب میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ملزموں نے شادی میں آئے مہمانوں پر بھی حملہ کیا۔ اچانک ہنگامہ آرائی سے شادی میں تناؤ کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حملہ آوروں کے خلاف دولہے کے رشتہ داروں نے مزاحمت اور جھگڑا بڑھ گیا۔ کچھ حاضرین نے یہ سارا واقعہ اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی یولہ سٹی پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔ انہوں نے صورتحال پر قابو پالیا اور کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں فریقوں کی جانب سے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ پولیس انسپکٹر سندیپ منڈلک نے بتایا کہ واقعہ سے متعلق دونوں فریقوں کی شکایتوں کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی ہے۔ پولیس پورے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK