• Thu, 29 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو سی سی سے متعلق مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کیو آر کوڈ جاری کیا

Updated: October 29, 2026, 12:29 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

لیگل ٹیم کے مشورے سے صحیح جواب پر مشتمل کیوآر کوڈ کا ممبئی امن کمیٹی کے دفتر میں فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلم کے تعاون سے اجراء عمل میں آیا۔ عوام سے کثیر تعداد میں جواب داخل کرنے اورعلماء و ائمہ سے اس جانب توجہ دلانے کی اپیل۔

Members of the Muslim Personal Law Board and office-bearers of other organizations are seen at the launch of a QR code related to the UCC. Photo: Inquilab
یوسی سی سے متعلق کیوآر کوڈ کے اجراء کے موقع پر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اراکین اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران نظر آرہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

شدید مخالفت کی باوجود یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کے سلسلے میں حکومت مہاراشٹر نے پیش قدمی کرتے ہوئے تجویز اور مشورے طلب کئے ہیںاورآخری تاریخ ۱۵؍نومبر مقرر کی ہے۔ان سوالوں کے آن لائن جوابات کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کیو آر کوڈ جاری کیا ہے۔ اس کا بدھ ۲۸؍اکتوبر کی شام کو ممبئی امن کمیٹی کے دفتر میں اجراء عمل میں آیا ۔  واضح ہوکہ حکومت مہاراشٹر کے ذریعے پوچھے گئے ۳۷؍ سوالات میں سے۳۱ ؍سوالوں کے جوابات آبجیکٹو ہیں۔ ان کے جوابات’ ہاں یا نا‘میں دینا ہے جبکہ۵؍ سوالوں کے جواب مختصر الفاظ میں تحریری طور پر دیناہے۔

اس ضمن میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے یہ بتایا گیاہے کہ چونکہ عوام کو پورٹل کھولنے اور سوالوں کا صحیح جواب کیا ہوگا ، اس کی معلومات نہیں ہے ـ اس لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے بورڈ کی لیگل ٹیم کے مشورے سے صحیح جواب پر مشتمل ایک کیوآر کوڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ کیوآر کوڈ فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلم کے تعاون سے جاری کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مالشيج گھاٹ میں اڈانی کے مجوزہ بجلی منصوبے کو شدید مخالفت کا سامنا

کس طرح بنایا گیا ہے کیو آرکوڈ ؟

کیو آر کوڈ کھولتے ہی ایک مختصر ویڈیو کے ذریعےبتایا گیا ہےکہ کیو آر کوڈ کھولنے کے بعد آگے کیا کرنا ہے، صحیح جوابات کیا ہیں، اُن کو آن لائن کیسے بھرا جائےگا، جن سوالوں کے جواب میں مختصر تحریر لکھنی ہے، اسے بھی لکھ دیا گیا ہے، اُس کو کاپی کرکے کس طرح حکومت کے پورٹل پر چسپاں کرنا ہے ، یہ بھی بتادیا گیا ہے ـ۔

حکومت مہاراشٹر نے عوام ، تنظیموں اور اداروں سے جوابات مانگے ہیں۔ اس ضمن میں بورڈ نےابھی انفرادی حیثیت کے جوابات کے لئے کیوآر کوڈ جاری کیا ہے، جلد ہی تنظیموں اور اداروں کے جواب کے لئے ہدایت دی جائے گیـ۔ اس کیوآرکوڈ کےاخیر میں مہاراشٹر حکومت کے پورٹل کا لنک بھی شیئر کردیا گیا ہے تاکہ وہیں پر سوالات معلوم ہوجائیں اور کیو آرکوڈ میں درج جواب دینے میں آسانی رہے ۔ـ 

ـمیٹنگ میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اراکین اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران مولانا محمود احمد خاں دریابادی، مفتی سعیدالرحمٰن فاروقی، حافظ اقبال چونا والا، مولانا ظہیر عباس رضوی، ڈاکٹر عظیم الدین، عبدالحسیب بھاٹکر، شاکر شیخ اور فرید شیخ وغیرہ شامل تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ایولہ: لومیریج پر ہنگامہ، دُلہے کو زندہ جلانے کی کوشش، مارپیٹ میں متعدد زخمی

دیگر تنظیمیں بھی کوشاں

یادر ہے کہ دیگر تنظیمیں بھی یو سی سی کے خلاف بیداری مہم کے تعلق سے مسلسل کوشاں ہیں اور الگ الگ جگہ میٹنگیں بھی کی جارہی ہیں۔ اے پی سی آر کی جانب سے اس تعلق سے سپریم کورٹ کا بھی دروازہ کھٹکھٹایا گیا ہے۔

یوسی سی کی مخالفت 
کیو آر کوڈ کے اجراء کے بعد منعقدہ مختصر میٹنگ میں ذمہ داران نے یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت کی ۔اس کے علاوہ عوام سے اس میں حصہ لینے، کیو آر کوڈ کو عام کرنے، مساجد اور دیگر نمایاں مقام پر اس کو چسپاں کرنے کی اپیل کیساتھ علماء کرام اور ائمہ مساجد سے درخواست کی گئی کہ جمعہ کے خطبات میں یوسی سی کیخلاف بیداری پیدا کریں، اس کی خرابیاں بتائیں اور کیوآرکوڈ کی مدد سے حکومت کے سوالات کا جواب دینے کی جانب بھی توجہ دلائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK