Inquilab Logo

یوگی سرکار مزید ۸۵؍ ملزمین کے مکان پر بلڈوزر چلائے گی

Updated: June 15, 2022, 10:26 AM IST | allahabad

شدید اعتراضات کے باوجود الٰہ آباد کے ایس ایس پی نے تشدد کے ملزمین کی فہرست شہری انتظامیہ کو سونپی، ان میں سے ۳۷؍ کی پراپرٹی کے بارے میں تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں،جلد ہی کارروائی کا اندیشہ

The bulldozer operation has become a symbol of government repression in Uttar Pradesh. (Photo: PTI)
بلڈوزر کے ذریعے کارروائی اتر پردیش میںحکومتی ظلم و جبر کی علامت بن گئی ہے ۔(تصویر: پی ٹی آئی )

اتر پردیش میں یوگی حکومت کی ظالمانہ بلڈوزر کارروائی کے خلاف جہاں پورے ملک میں احتجاج ہو رہا ہے اور یوگی سرکار  سےیہ ظلم روکنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے وہیں اب سرکار کسی کی نہ مانتے ہوئے پوری طرح سے ہٹ دھرمی پر آمادہ ہو گئی ہے۔ اس نے مزید ۸۵؍ ملزمین کے مکانات پر بلڈوزر چلانے کا واضح اشارہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں تشدد کے ملزمین کی فہرست بھی تیار ہو گئی ہے اور ا ن کی جائیداد کے بارے میں معلومات اکٹھا کی جارہی ہے۔ اس بارے میں  الٰہ آباد کے ایس ایس پی  اجے کمار نے بتایا کہ یہاں ہونے والے تشدد کے سلسلے میں ۹۲؍ افراد کو گرفتار کیا گیاہے جن میں سے ۷؍ نابالغ ہیں اس لئے انہیں ریمانڈ ہوم بھیج دیاگیا ہے لیکن جو بقیہ ۸۵؍ ملزمین ہیں ان کی جائیدادوں کے سلسلے میں بلڈزور کی کارروائی ہو سکتی ہے کیوں کہ ہم نے ان کی تمام تفصیلات ’ پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (پی ڈی  اے) کو سونپ دی ہیں۔ اس فہرست کے تعلق سےمقامی افراد اور ملزمین کے اہل خانہ میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے کیوں کہ گزشتہ دنوں ہی شہری انتظامیہ نے نوٹس دئیے بغیر یکطرفہ اور تعصب پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے سماجی کارکن جاوید کا عالیشان مکان منہدم کردیا ہے۔ اسی وجہ سے مقامی افراد اس کارروائی کے اشارے کو بھی سرکار کے ظلم سے تعبیر کررہے ہیں۔ 
  ذرائع کے مطابق پی ڈی اے کو ۸۵؍ ملزمین کی فہرست موصول ہو گئی ہے اور ان میں سے ۳۷؍ ملزمین کی جائیدادوں اور دیگر پراپرٹی کے بارے میں تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں ۔ اتھاریٹی کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ’’ ۳۷؍ ملزمین کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں ۔ ان کے ناموں پر جو جو جائیداد ہے ان کی جانچ کی جارہی ہے۔ اگر کچھ بھی گڑبڑپائی گئی تو بلڈوزر چلانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ ‘‘ ذرائع نے اس تعلق سے کہا کہ  یوگی حکومت نے بالکل واضح حکم دیا ہے کہ عوامی املاک کو جو بھی نقصان پہنچاتا ہے اس کے خلاف اسی طرح کی کارروائی کی جائے ۔ اس سے ہرجانہ وصول کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی جائیداد پر بلڈوزر چلادیا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے بارے میں دس بار سوچے ۔  
  اس تعلق سے شہری انتظامیہ پی ڈی اے کے زونل افسر اے کمار نے کہا کہ’’ ہمیں پولیس کی جانب سے تفصیل مل گئی ہے ۔ اب ہم ان ملزمین کے نام پر موجود ایک ایک جائیداد اور مکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ساتھ ہی دکانوں کے بارے میں بھی معلومات اکٹھا کی جارہی ہے۔ اگر ان میں سے کسی کا بھی مکان یا دکان غیر قانونی پائی گئی تو ہم  اسےمنہدم کرنے سے یا بلڈوزر چلانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔  اس کے ساتھ ہی مکان کے باہر نکلے ہوئے حصوں ، لوہے کے گیٹ اور چھجوں پر بھی ہماری نظر ہے۔ ان پر بھی ہم کارروائی کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔‘‘
  دوسری طرف مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یوگی سرکار اور اس کے افسران سراسر ظلم پر آمادہ ہیں۔  وہ ہمیں نوٹس دئیے بغیرمزید مکانات پر بلڈوزر چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں  اس لئے یہ ڈراما کیا جارہا ہے۔  واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الٰہ آباد میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کی پاداش میں یوگی حکومت نے آفرین فاطمہ کے مکان کو منہدم کردیا تھا اور ان کے والد کواس مظاہروں کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا ۔ اس پر پورے ملک میں تنقیدیں ہو رہی ہیں اور یوگی سرکار کی اس کارروائی کو آمرانہ ظلم سے تعبیر کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK