حکومت کی معاشی پالیسیوں کیخلاف احتجاج،شیوراج مورے نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں ہر ہفتے بڑھ رہی ہیں۔
تھانے کے ایک پیٹرول پمپ پر یوتھ کانگریس کےلیڈرمیلوڈی کے ساتھ- تصویر:آئی این این
یوتھ کانگریس نے پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف انوکھے انداز میں احتجاج کیا۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوراج مورے نے اپنے حامیوںکے ساتھ سنیچر کو پیٹرول پمپ پر پیٹرول اور ڈیزل بھروانے والوں کو میلوڈی چاکلیٹں تقسیم کئے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
مہم ’’آواز مہاراشٹر کی ، تبدیلی تھانے کی‘‘ یوتھ کانگریس نے شروع کی تھی۔ اس موقع پر شیوراج مورے کے ساتھ نیشنل سیکریٹری شمبھاوی شکلا، نائب صدر سید آفرین مظفر حسین، ریاستی سیکریٹری مہر چوپانے، جنرل سیکریٹری دیپک پاٹھک اور دیگر موجود تھے۔
اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے شیوراج مورے نے بی جے پی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔
اس موقع پر شیوراج مورے نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں ہر ہفتے بڑھ رہی ہیں۔ مودی عوام سے آن لائن کام کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ اب وہ یہ بھی بتائے کہ پیٹرول آن لائن کیسے بھرنا ہے؟ ملک کا معاشی نظام تباہ ہو چکا ہے۔وزیر اعظم مودی عوام سے بیرون ملک سفر نہ کرنے کی تلقین کر رہے ہیںاور دوسرے ہی روز خود بیرونی ممالک کے سفر پر روانہ ہو گئے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستان کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں اور مودی میلوڈی کھا کر ہنس رہے ہیں۔مودی کے اس رویہ کی مذمت کرتے ہوئے ہم مہنگائی کی چاکلیٹ تقسیم کر رہے ہیں۔