مہکر چکھلی روڈ پر واقع کاٹھولے پمپ پر گاہکوں کو کوپن دیا جارہا ہے اور اسی کے حساب سے پیٹرول اور ڈیزل دیا جارہا ہے۔
دائیں: ایک کسان کوپن دکھاتے ہوئے۔کاٹھولے پمپ کے باہر ٹریکٹرز کی قطار۔تصویر:آئی این این
ریاست میں ایندھن کی قلت نے عوام کو شدید پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ خاص طور پر مہاراشٹر کے بلڈانہ اور اطراف کے اضلاع میں ڈیزل کی کمی کے باعث کئی پیٹرول پمپوں پر ٹریکٹروں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ اس دوران پمپ مالکان، ملازمین اور صارفین کے درمیان جھگڑے اور مارپیٹ کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔
اسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مہکر سے چکھلی روڈ پر واقع کاٹھولے پیٹرول پمپ کے مالک نے ایک انوکھی ترکیب اپنائی ہے۔ انہوں نے ڈیزل لینے آنے والے صارفین میں کوپن تقسیم کرنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ چار پانچ دنوں سے اس طریقے کے استعمال کے بعد پمپ پر بھیڑ کم ہوئی ہے اور جھگڑوں اور مارپیٹ جیسے واقعات میں بھی کمی آئی ہے۔اے بی پی ماجھا کی رپورٹ کے مطابق اب صرف کوپن دکھانے پر ہی صارفین کو پیٹرول یا ڈیزل دیا جا رہا ہے۔ روزانہ تقریباً۲۰۰؍کوپن تقسیم کئے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے آنے والے تقریباً تمام صارفین کو ایندھن مل رہا ہے اور وہ مطمئن بھی نظر آ رہے ہیں۔ اس منفرد اقدام کی ہر طرف تعریف کی جا رہی ہے اور دیگر پمپ مالکان کو بھی اس سے سبق لینے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
جلگاؤں میں بھی ڈیزل کی قلت کا مسئلہ!
جلگاؤں ضلع میں بھی ڈیزل کی قلت کے باعث بعض پیٹرول پمپوں پر افراتفری دیکھی گئی۔ اس کے بعد ضلع کلکٹر روہن گھوگے اور پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کانت دھیورے نے مختلف پمپوں کا معائنہ کیا۔ کئی مقامات پر پولیس بندوبست میں ڈیزل تقسیم کیا جا رہا تھا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، لہٰذا شہری خوفزدہ نہ ہوں۔ ساتھ ہی حفاظتی نقطۂ نظر سے بوتلوں اور کین میں پیٹرول یا ڈیزل نہ دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
واشم میں بھی مسلسل دسویں قلت کا مسئلہ برقرار
واشم ضلع میں مسلسل دسویں دن بھی ایندھن کی قلت برقرار ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ۷ء۳۰؍لاکھ لیٹر ایندھن دستیاب ہے، اس کے باوجود کسانوں اور گاڑی چلانے والوں کو ڈیزل کے لیے در بدر بھٹکنا پڑ رہا ہے۔
اسی دوران شہادہ شہر میں ڈیزل بھرانے آئے ایک کسان کو پیٹرول پمپ ملازمین نے مبینہ طور پر مارا پیٹا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کسان نے آن لائن ادائیگی کی تھی جبکہ ملازمین نقد رقم نہ ملنے پر ناراض ہوگئے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ خریف سیزن کے پیش نظر کسانوں کو ڈیزل حاصل کرنے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کئی علاقوں میں ایندھن کی قلت نے صورتحال مزید سنگین بنا دی ہے۔