Inquilab Logo

پیگاسس معاملہ پر یوتھ کانگریس کامختلف شہروں میں احتجاج

Updated: February 03, 2022, 9:28 AM IST | new Delhi

’ مودی حکومت ، جاسوس حکومت ‘،’پیگاسس جاسوسی معاملے کی تفتیش کی جائے‘،’پیگاسس جاسوسی معاملہ جمہوریت پر حملہ ہے‘اور’چوکیدار جاسوس ہے ‘ جیسےنعرےبلند کئے گئے

Youth Congress protests outside Collectorate Circle in Jaipur.Picture:INN
جے پورمیں کلکٹریٹ سرکل کے باہر یوتھ کانگریس کے احتجاج کامنظر۔ تصویر: آئی این این

پیگاسس  اسپائی ویئر کے ذریعے شہریوں کی نجی زندگی کےساتھ سودا کئے جانے کےخلاف یوتھ کانگریس نے بدھ کو ملک گیر مظاہرے کئے ۔یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے تنظیم کےسربراہ سرینیواس کی اپیل پرہر ریاست کی راجدھانی میں سڑکوں پر اترکر احتجاج کیا۔اس احتجاجی زنجیر کےتحت نئی دہلی ، ممبئی  ، جےپور ، کولکاتااور دیگر شہروںمیںاحتجاج کیا گیا پیگاس تنازع پر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔  مذکورہ شہروں میںبڑی تعداد میں یوتھ کانگریس کے کارکنوںنے حکومت کے خلاف آواز اٹھائی  اور اس پورے تنازع پر اس سے جواب طلب کیا ۔  کولکاتامیںگورنر ہاؤس کے باہریوتھ کانگریس کے کارکنوںنے حکومت کا علامتی پتلانذر آتش کرتے ہوئے اس معاملے پر آواز اٹھائی ۔ احتجاج میںبڑی تعدادمیںپارٹی کے کارکنان شریک تھے۔ کارکنان نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر’ مودی حکومت ، جاسوس حکومت ‘،’پیگاسس جاسوسی معاملے کی تفتیش کی جائے‘،’پیگاسس جاسوسی معاملہ جمہوریت پر حملہ ہے‘اور’چوکیدار جاسوس ہے ‘ جیسےنعرےلکھے ہوئے تھے۔  جے پور میں بھی کلکٹریٹ سرکل کے باہر پارٹی کارکنان جمع ہوئے اورحکومت  کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے علامتی پتلا نذر آتش کیا ۔ اس کے علاوہ نئی دہلی اور ممبئی میں بھی پارٹی کارکنوںکے زبر دست احتجاج کرتے ہوئےپیگاسس تنازع پرحکومت کو گھیرنے کی کوشش ۔ان شہروں میں احتجاج کرنے والے کارکنوںکو پولیس نے روکنے کی بھی کوشش کی اور انہیں حراست میں بھی لیا۔ 
یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے:سرینیواس 
 اس موقع پرانڈین یوتھ کانگریس کےصدر سرینیواس بی وی  نے کہا ’’ پیگاسس سافٹ ویئر کے ذریعےجس طرح اپوزیشن کے لیڈروں، ججوں ، میڈیا کے نمائندوں اوردیگرشہریوں کی جاسوسی کی گئی ہے اورانہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، وہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے اور اس کے شواہد اب سامنے آرہے ہیں۔ ‘‘
پیگاسس معاملہ کو ایوان بالا میں اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی 
 بدھ کو ایوان بالا راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے پیگاسس مسئلہ کو ایوان میں اٹھانے کی اجازت نہیں دی ۔ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر  وینکیا  نائیڈو نے کہا کہ اس سلسلے میں نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ اس سے قبل کے اجلاس میں بھی اسی طرح کے نوٹس موصول ہوئے تھے۔ ابھی اس معاملے کو اٹھانے  کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
ابھیشیک، پرشانت کشور کے فون ٹیپ کیے گئے: ممتا
 ترنمول کانگریس سپریمو اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے  اپنے بھتیجے اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی اور انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور کے ٹیلی فون ٹیپ کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر خوف ودہشت پیدا کرکے سیاسی مخالفین کو خاموش کرانے کے لیے پیگاسس سافٹ ویئر کا استعمال کیا جاتا ہے تو لوگ اس کا مقابلہ کریں گے۔ ممتا نے ترنمول کانگریس کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان تمام لوگوں کے خلاف پیگاسس جاسوسی سافٹ ویئر استعمال کرتی ہے جو ان کے خلاف بولنے کی ہمت کرتے ہیں۔

pegasus Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK