Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوٹیوب کے پاکستانی پروپیگنڈہ پر پابندی تو لگ گئی لیکن پرائم ٹائم ٹی وی شوز کا کیا؟

Updated: May 03, 2025, 4:18 PM IST | Mumbai

کچھ نیوز چینل اب بھی پاکستانی پینل ماہرین کو اپنے پروگراموں میں جگہ دے رہے ہیں، ایسے مباحث میں غیرمہذب انداز میں گفتگو ہوتی ہے، ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے

Godi Media anchors are at the forefront of hate speech after the Pahalgam attack
گودی میڈیا کے اینکرس پہلگام حملے کے بعد نفرت انگیزی میں پیش پیش ہیں

پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں’اشتعال انگیز مواد‘  اور ’غلط معلومات ‘ نشر کرنے کی پاداش میںحکومت ہند نے ۱۶؍پاکستانی یوٹیوب چینلوں پرپابندی لگادی ہے تاہم وہی کام کچھ ملکی نیوز چینل اب بھی کررہے ہیں۔ان کے اینکرس جگمگاتے اسٹوڈیوز میں دیش بھکتی والے گرافکس کے ساتھ چیخ پکار مچاکر اپنے اپنے شوز کررہے ہیں ، ان ’ ٹی وی ڈبیٹس‘ میں پاکستانی پینل ماہرین کو جگہ دی جارہی ہے جو لگاتار بیہودہ اور نامناسب تبصرے کررہے ہیں۔
 پہلی مثال ’’پوچھتا ہےبھارت‘‘ کی ہے ، ’ری پبلک بھارت‘ نیوز چینل  کے اس شو کی میزبانی ایشوریہ کپور کرتی ہیں، اس پر پاکستانی اسٹرٹیجک امور کے ماہر حامد خان نے موشگافی کی کہ’’نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ پہلگام(حملہ) ڈراما ہے اور مودی نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے یہ کیا ہے۔ آپ کے ایم پی، پریس اور لوگ پوچھ رہے ہیں کہ مودی نے یہ ڈراما کیوں کیا؟ جو آپ کشمیریوں کے ساتھ کررہے ہیں ۔‘‘حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ نیویارک ٹائمز نے ایسی کوئی  رپورٹ شائع نہیں کی ہے جس کادعویٰ حامد خان نے کیا ہے ۔اس سے پہلے کہ حامد خان کی آواز کو ’مِیوٹ‘ کیا جاتا، انہوں نے ہندوستانی پینلسٹ کے جواب میں سڑک چھاپ انداز میں نہایت نامناسب بات کہہ دی ۔ 
  اسی شو پر پاکستان کے سیاستداں عبدالصمد یعقوب بھی مدعو تھے، انہوں  نے لائیو شو میں کہا کہ ’’ہم (پاکستان) کسی بھی ملک پر حملے کیلئے ایف ۱۶؍استعمال نہیں کرسکتےلیکن اگر ہندوستان نے ہم پر حملہ کیا تو ہم انہیں ضرور استعمال کریں گے۔ ہم نے یہ لڑاکا طیارے  سرکس میں کرتب دکھانے کیلئے نہیں خریدے ہیں۔‘‘ٹائمز ناؤ نوبھارت پرناویکا کمار کے ’سوال پبلک کا‘نامی شو میں پاکستانی صحافی نصرت امین نےمیجر گورو آریہ کے بیان پر میزبان کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بحث مہذب انداز میں ہونی چاہئے۔امین نے کہا کہ ’’میجر گورو آریہ نے کہا کہ یہ لوگ (پاکستانی)  لاہوری ہیں،میں نے اس سے بڑا نسلی تبصرہ آج تک نہیں سنا ہے۔‘‘ آریہ نے یہ سنا تو وہ آپے سے باہر ہو گئے۔

  انہوں نے مزید دہرایا کہ’’ آپ کے وزیراعظم کہتے ہیں کہ لکڑیاں کم پڑجائیں گی، آپ دفع ہوئیے یہاں سے، ذلیل قسم کے آدمی۔ دو کوڑی کے لاہوری پاکستانی پنجابی۔ چین کی بھیک پر پلنے والے، تمہیں شرم نہیں آتی؟  ...‘‘یہ سن کر نصرت امین شو چھوڑ کر چلے گئے۔ پھر دوسرے پاکستانی پینلسٹ محمد زبیر عمر جو سیاستداں ہیں، انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان کسی چھوٹے بچے کی طرح برتاؤ کررہا ہے،پہلے دھمکاتا ہے ، اسے لگتا ہے کہ پاکستان کے ہاتھ پیر کانپ جائیں گے ، پر ایسا کچھ نہیں ہے۔‘‘ اسی طرح نیوز ۱۸؍انڈیا کے ’گونج‘ نامی شو کی بات کرتے ہیں، جس کی میزبان روبیکا لیاقت ہیں، روبیکا نے اپنے شو پر پی ایم ایل لیڈر ڈاکٹر ارشاد احمد خان کو مدعو کیا لیکن انہیں سنے بغیر مسلسل لتاڑتی رہیں۔ روبیکا نے کہاکہ ’’کوئی آدمی رہنا نہیں  چاہتا ہے آپ کے ساتھ، کوئی ملک آپ کے ساتھ کھڑے رہنا نہیں چاہتا ہے۔ آپ وہ ملک ہیں جو دنیا کے نقشے پر ناسور بن کر رہ گئے ہیں۔ بند کیجئے اس دھمکی کی آواز کو‘‘پھر اس کے بعد پورے شو میں ڈاکٹر خان کی آواز کو کم کردیا گیا۔ پھر دیگر پینلسٹوں کی جانب سے انہیں بولنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK