• Tue, 13 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ اور پوتن کے درمیان معاہدہ کی تفصیلات پر زیلنسکی کا اظہار حیرت

Updated: October 13, 2026, 1:41 PM IST | Agency | Washington

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ روس اور یوکرین توانائی کے شعبے میں جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں،زیلنسکی نے کہاکہ روس اگر اس پر عمل کریگا تو یوکرین بھی حمایت کرے گا۔

Trump is trying to bring the Russia-Ukraine war to an end! Photo: INN
ٹرمپ روس یوکرین جنگ ختم کرانے کی کوشش کررہے ہیں!۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین توانائی کے شعبے میں جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔ یوکرین نے بھی اس اقدام کی حمایت کرنے کی بات کہی ہے تاہم روس نے اب تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ بین الاقوامی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات  کے مطابق، ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ جنگ بندی فوری طور پر نافذ ہوگی لیکن اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ابتدا میں اس اعلان پر حیرت کا اظہار کیا، تاہم بعد میں کہا کہ اگر روس اس پر عمل کرتا ہے تو یوکرین بھی اس کی حمایت کرے گا۔ 

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد زیلنسکی نے روس پر یوکرین کی توانائی تنصیبات پر حملے کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ٹرمپ نے یوکرین سے روس کے تیل کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے کی اپیل کی ہے، تاکہ ماسکو امریکہ اور عالمی منڈی کو ڈیزل فراہم کرنے سے متعلق حالیہ معاہدے پر عمل کر سکے۔ اس کے برعکس، یوکرین کا کہنا ہے کہ روس کی جنگی آمدنی کم کرنے کے لیے ایسے حملے ضروری ہیں۔روس سے درآمدات پر عائد پابندیوں میں عارضی نرمی سے متعلق ڈیزل معاہدے پر تنقید بڑھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: حوثی حملے روکنے کیلئے سعودی کو دفاعی میزائلوں کی قلت کا سامنا

زیلنسکی نے اسے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے لیے ایک تحفہ قرار دیا ہے۔ یورپی حکام اور بعض امریکی سیاست دانوں نے بھی اس معاہدے کی حمایت نہیں کی ہے، جن میں ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے بعض  لیڈرشامل ہیں۔یہ معاہدہ امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ملک میں ایندھن کی قیمتیں کم کرنے کی ٹرمپ کی تازہ کوشش کا حصہ ہے۔ وہ کئی ماہ سے ایران کے ساتھ جنگ کے سیاسی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں ایندھن، خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور اس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ سمیت مختلف چیزوں کی مہنگائی نے امریکی عوام میں ٹرمپ کی مقبولیت کو متاثر کیا ہے۔زیلنسکی نے کہا کہ انہیں توانائی کے شعبے میں کسی جنگ بندی کے نافذ ہونے کی اطلاع پہلی بار ملی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یوکرین کے حکام امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بارے میں واضح معلومات کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوکرین روس کے توانائی کے شعبے پر حملے نہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہمیں امید ہے کہ روس بھی ایسا ہی کرے گا اور امریکی صدر اس پر اتفاق کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK