Inquilab Logo Happiest Places to Work

ظہران ممدانی نے تارکین وطن پر کارروائی سے روکا تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا: ٹرمپ

Updated: July 03, 2025, 12:34 PM IST | Agency | Washington

بطور میئر اپنے عزائم ظاہر کرنے پر دنیا بھر میں بحث کا موضوع بن چکے ظہران ممدانی کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گرفتاری کی دھمکی دی ہے۔

Zohran Mamdani. Photo: INN
ظہران ممدانی۔ تصویر: آئی این این

بطور میئر اپنے عزائم ظاہر کرنے پر دنیا بھر میں بحث کا موضوع بن چکے ظہران ممدانی کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گرفتاری کی دھمکی دی ہے۔ یاد رہے کہ ظہران ممدانی نیویارک شہر کے میئر الیکشن میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار ہیں اور قوی امید ہے کہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں وہ جیت جائیں گے۔ ممدانی نے کہہ رکھا ہے کہ وہ نیویارک کے میئر بن گئے تو ٹرمپ انتظامیہ کو ان کے شہر میں تارکین وطن کے خلاف کارروائی نہیں کرنے دیں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ممدانی نے ایسا کیا تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ 
 ایک امریکی ویب سائٹ کے مطابق ڈنالڈ ٹرمپ نے ظہران ممدانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں گرفتاری کی دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ نے ممدانی کو ’کمیونسٹ‘ قرار دیا اورمتنبہ کیا کہ اگر وہ ڈیموکریٹک تمہیدی انتخابات میں کامیاب ہوئے تو ان کی حکومت کو وفاقی فنڈز روک دیئے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق، ظہران ممدانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ’’میگریشن اور کسٹم انفورسمنٹ‘ کے نقاب پوش اہل کاروں کواپنے پڑوسیوں کی ملک بدری سے روکیں گے۔ ایک روز قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ٹرمپ سے ممدانی کے اس وعدے کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے جواب دیا کہ’’ اچھا؟ تو پھر ہمیں انھیں گرفتار کرنا پڑے گا۔ ‘‘امریکی صدر نے مزید کہا ہمیں اس ملک میں کسی کمیونسٹ کی ضرورت نہیں ہے، لیکن اگر ایک موجود ہے تو میں قوم کی طرف سے اسے بہت گہری نظر سے دیکھوں گا۔ ہم اسے پیسہ بھی بھیج رہے ہیں، اور وہ سب کچھ جو اسے اپنی حکومت چلانے کیلئے چا ہئے۔ ‘‘ اطلاع کے مطابق، اگرچہ وفاقی حکومت کو آئینی طور پر امیگریشن قوانین پر عمل درآمد کی ذمے داری سونپی گئی ہے، لیکن ریاستی اور مقامی حکومتوں کو عام طور پر ان قوانین پر عمل درآمد میں تعاون کرنے کا پابند نہیں کیا جا سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ ظہران ممدانی میئر بننے پر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وفاقی افسران کو تارکین وطن کے خلاف کارروائی سے روکنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ 
 یاد رہے کہ امریکہ اس وقت تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اگر ممدانی نے اس سلسلے کو اپنے شہر میں روکنے کی کوشش کی تو ڈونالڈ ٹرمپ سے ان کا براہ راست تصادم طے ہے کیونکہ ٹرمپ صدارتی الیکشن میں اسی وعدے کی بنا پر جیتے ہیں کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کر دیں گے۔ ظہران ممدانی نے یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ اگر وہ میئر بنتے ہیں اور کبھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نیویارک آتے ہیں تو وہ انہیں گرفتار کرلیں گے کیونکہ ان کے خلاف عالمی عدالت نے گرفتاری کا وارنٹ جاری کر رکھا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK