Inquilab Logo

گِل یکروزہ میں ڈبل سنچری بنانے والے ۵؍ویں ہندوستانی بلے باز

Updated: January 19, 2023, 12:24 PM IST | Hyderabad

سب سےتیز ہزار رن بنانے کے معاملے میں ویو رچرڈس اور وراٹ کوہلی کاریکارڈ توڑ دیا۔گل نے کم عمر میں دُہری سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا

photo;INN
تصویر :آئی این این

:ہندوستانی ٹیم کے نوجوان بلے باز شبھمن گِل  نے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنا ڈالی۔ حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانےوالے میچ میں گِل ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے۵؍ ویں ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ ان سے پہلے روہت شرما، سچن تینڈولکر، وریندر سہواگ اور ایشان کشن بھی ٹیم انڈیا کیلئے ون ڈے میں ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے فخر زمان، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل بھی ون ڈے میں دُہرا سیکڑہ  بنا چکے ہیں۔
؍ ۱۴۵گیندوں میں ڈبل سنچری مکمل کی
 شبھمن گل نے اپنی ڈبل سنچری۱۴۵؍گیندوں پر مکمل کی۔ وہ۱۴۹؍ گیندوں پر۲۰۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ گل نے اس اننگز میں۱۹؍ چوکے اور۹؍ چھکے لگائے۔ وہ ہندوستانی اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ ہنری شپلی نے ان کا وکٹ حاصل کیا۔ شبھمن گل۴۸؍ویں اوور کے بعد ۱۸۲؍ رن بنا کر کھیل رہے  تھے اور  انہوں نے لوکی فرگیوسن کے خلاف لگاتار ۳؍ چھکے لگا کر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔
ڈبل سنچری بنانےوالے کم عمر میں کھلاڑی 
 شبھمن گل ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے کم عمر  کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے ایشان کشن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ گزشتہ ماہ ہی ایشان نے بنگلہ دیش کے خلاف۲۱۰؍ رن  بنائے تھے۔ اس وقت ان کی عمر۲۳؍ سال۱۴۵؍ دن تھی۔ گل نے۲۳؍ سال اور۱۳۲؍ دن کی عمر میں ڈبل سنچری اسکور کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز ہے۔ گل نے سچن تینڈولکر کا۱۸۶؍ رن  کا ریکارڈ توڑ دیا۔ سچن نے یہ کارنامہ بھی۱۹۹۹ء میں حیدرآباد میں ہی انجام دیا تھا۔
ویو رچرڈس کا ریکارڈ توڑ دیا 
 گِل نے نیوزی لینڈ کے خلاف ۳؍ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ایک بار پھر سنچری اسکور کی۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں، شبھمن نے ۸۸؍گیندوں پر ون ڈے کریئر کی تیسری سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ویو رچرڈس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔یہ بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین۱۰۰۰؍ رن مکمل کرنے کا ریکارڈ ہے۔ دراصل، اس اننگز کے دوران شبھمن نے صرف۱۹؍ اننگز میں اپنے بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ کے ۱۰۰۰؍ رن مکمل کر لئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ونڈیز کے سابق بلے باز ویو رچرڈس نے۲۱؍ اننگز میں یہ ہندسہ چھو لیاتھا۔
 اب گِل ون ڈے میں تیز ترین۱۰۰۰؍ رن مکمل کرنے والے ہندوستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے وراٹ کوہلی کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کوہلی نے ہندوستان  کے لئے۲۴؍  ون ڈے اننگز کھیلتے ہوئے پہلے۱۰۰۰؍ رن مکمل کئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی شبھمن تیز ترین۱۰۰۰؍ رن مکمل کرنے والے دنیا کے مشترکہ دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ شبھمن پاکستان کے فخر زمان کا عالمی ریکارڈ توڑنے سے محروم رہے۔ فخر نے یہ اعزاز۱۸؍ اننگز میں حاصل کیاتھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK