ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کو جاپان ، چین اور قزاقستان کے ساتھ پول اے میں رکھا گیا ہے، ۲۹؍ اگست کو چین کیخلاف پہلا میچ۔
EPAPER
Updated: August 21, 2025, 1:24 PM IST | Agency | New Delhi
ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کو جاپان ، چین اور قزاقستان کے ساتھ پول اے میں رکھا گیا ہے، ۲۹؍ اگست کو چین کیخلاف پہلا میچ۔
ہاکی انڈیا نے بدھ کو آئندہ ہیرو مینس ایشیا کپ کے لیے کپتان ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں ۱۸؍ رکنی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ۲۹؍ اگست سے۷؍ستمبر تک بہار کے نئے تیار کردہ راجگیر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کو ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ بلجیم- نیدر لینڈز ۲۰۲۶ء کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں جاپان، چین اور قزاقستان کے ساتھ پول اے میں رکھا گیا ہے۔ ہندوستان اپنی مہم کا آغاز ۲۹؍ اگست کو چین کے خلاف میچ سے کرے گا، اس کے بعد۳۱؍ اگست کو جاپان اور یکم ستمبر کو قزاقستان سے مقابلہ ہوگا۔ تجربہ کار ڈریگ فلکر ہرمن پریت سنگھ ٹورنامنٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ گول کیپنگ کے فرائض کرشن بی پاٹھک اور سورج کرکیرا سنبھالیں گے۔ دفاع میں کپتان ہرمن پریت سنگھ اور امیت روہی داس کے ساتھ جرمن پریت سنگھ، سمیت، سنجے اور جوگراج سنگھ شامل ہوں گے، جو دفاعی لائن کو مضبوط کریں گے۔
مڈ فیلڈ میں من پریت سنگھ، وویک ساگر پرساد، راجندر سنگھ، راج کمار پال اور ہاردک سنگھ شامل ہیں۔ فارورڈ میں مندیپ سنگھ، ابھیشیک، سکھ جیت سنگھ، شیلانند لاکڑا اور دل پریت سنگھ شامل ہیں جو اپوزیشن کے دفاع کو پریشان کرنے کی کافی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
اس دوران نیلم سنجیو جیس اور سیلوم کارتی کو متبادل کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ ٹیم کے انتخاب کے بارے میں، ہندوستانی مینس ٹیم کے کوچ کریگ فلٹن نے کہا’’ہم نے ایک تجربہ کار ٹیم کا انتخاب کیا ہے جو یہ سمجھتی ہے کہ دباؤ کے حالات میں کس طرح پرفارم کرنا ہے۔ ایشیا کپ ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا داؤ پر لگا ہوا ہے، اس لیے ہمیں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو صبر، لچک اور کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ یہ انتخاب ہماری ٹیم کے مضبوط ارادے کی عکاسی کرتا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ہم پُرعزم ہیں۔