کرکٹ کے میدان پر ابھی ویبھو سوریہ ونشی کی یہ صرف آمد ہے، یہ ان کا جنون ہے جس میں وہ بہت کم عمری میں ہی مبتلا ہو گئے تھے۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 1:06 PM IST | Agency | Patna
کرکٹ کے میدان پر ابھی ویبھو سوریہ ونشی کی یہ صرف آمد ہے، یہ ان کا جنون ہے جس میں وہ بہت کم عمری میں ہی مبتلا ہو گئے تھے۔
ہندوستانی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے ویبھو سوریہ ونشی نے اپنی دھواں دھار بلے بازی سے ایک بار پھر کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کر دیا ہے۔قطر کی راجدھانی دوحہ میں منعقدہ رائزنگ ایشیا کپ کے ایک بین الاقوامی میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف۵۳؍گیندوں پر۲۰۴؍رن،۲۸؍ چھکوں اور ۷؍ چوکوں کی طوفانی اننگز کھیل کر وہ توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔۲۵۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ویبھو نے محض۵۳؍ گیندوں میں ۲۰۴؍ رن بنائے۔ اس دوران انہوں نے جس بے خوفی، جارحانہ انداز اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کیا، وہ ان کی عمر سے کہیں زیادہ پختگی کا ثبوت ہے۔ ویبھو کی اس اننگز کو دیکھنے والے ناظرین اپنی آنکھوں پر یقین نہیں کر پا رہے تھے اور خود کو چٹکی کاٹ کر یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے کہ کہیں وہ کوئی خواب تو نہیں دیکھ رہے ہیں۔ویبھو کے کرکٹ سفر میں خاندان کا تعاون فیصلہ کن ثابت ہوا۔ بیٹے کی صلاحیت کو پہچاننے کے بعد والد نے اسے محض شوق تک محدود نہیں رہنے دیا بلکہ کرکٹ کو سنجیدگی سے اپنانے کے لیے ضروری ماحول بھی فراہم کیا۔ویبھو کے کرکٹ سفر کی ابتدائی تیاری گھر سے ہی شروع ہوئی۔ والد سنجیو سوریہ ونشی نے کم عمری سے ہی انہیں بلے بازی کی مشق کرانی شروع کر دی تھی۔ تقریباً ۴؍سے ۵؍ سال کی عمر میں بلہ تھامنے والے ویبھو کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے خاندان نے بتدریج ان کی تربیت کے انتظامات میں اضافہ کیا۔ سمستی پور میں کرکٹ کی ابتدائی تعلیم اور مشق کے بعد ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے پٹنہ کے کرکٹ تربیتی مراکز کا رخ کیا گیا۔ بیٹے کو تربیت دلانے کیلئے والد کو طویل مسافت طے کرنی پڑتی تھی۔
۲۰۲۴ء کےجنوری میں محض۱۲؍ سال اور۲۸۴؍ دن کی عمر میں بہار کیلئے ممبئی کیخلاف فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھئے: سری لنکا اے کے خلاف سیمی فائنل میں ویبھَو سوریہ ونشی پر سب کی نظریں ہوں گی
سمستی پورمیںاپنے گاؤں تاج پور سے پٹنہ تک باقاعدہ سفر، تربیت کے اوقات، کھانے پینے اور کھیل سے متعلق ضروریات کا انتظام کرنا خاندان کیلئے آسان نہیں تھا لیکن ویبھو کی صلاحیت اور کرکٹ کے تئیں لگن نے ان مشکلات کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کرکٹ کی تیاری میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے نیٹ پریکٹس اور مقامی گیند بازوں کے ساتھ کھیلنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔ اس طرح ویبھو کو صرف کرکٹ اکیڈمی کی تربیت پر انحصار نہیں کرنا پڑا بلکہ گھر پر بھی مشق کیلئے سازگار ماحول میسر آیا ۔ ویبھو کی کامیابی کا سب سے نمایاں پہلو ان کی تیاری ہے۔کم عمری ہی میں انہوں نے کرکٹ کو نظم و ضبط، مشق اور مسلسل سیکھنے کے عمل کے طور پر اپنایا۔ تربیت کے دوران تکنیک، گیند کی رفتار، شاٹ کے انتخاب اور بلے بازی کے وقت جسمانی پوزیشن کو سمجھنے پر توجہ دی گئی۔ مقامی سطح سے مسابقتی کرکٹ تک پہنچنے کیلئے انہیں اپنی عمرسے بڑے کھلاڑیوں کے خلاف بھی کھیلنے کے مواقع ملے۔بعد ازاں پٹنہ میں کوچ منیش اوجھا کی رہنمائی میں ان کے کھیل کو نئی سمت ملی۔ تربیت کے دوران ویبھو کی تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت، جارحانہ بلے بازی اور گیند کی رفتار و سمت کے مطابق شاٹ کھیلنے کی سمجھ کو خاص طور پر سراہا گیا۔ کرکٹ میں صرف طاقت کے بل پر رن نہیں بنائے جاتے، بلکہ درست وقت پر صحیح شاٹ کا انتخاب بھی اہم ہوتا ہے۔ ویبھو کے کھیل میں ان دونوں خوبیوں کا امتزاج نمایاں ہونے لگا ۔ ان کی تیاری میں والد کا کردار محض ایک سرپرست کا نہیں، بلکہ ایک محرک اور رہنما کا بھی رہا۔ ویبھو نے گھریلو کرکٹ میں بہت کم عمری میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ ملک کے کم عمر ترین فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔اس کے بعد انڈر۱۹؍ کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی قابل ذکر رہی۔انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز نے ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ ظاہر کیا اور۲۰۲۵ء کی نیلامی میں ایک کروڑ ۱۰؍ لاکھ روپے میں انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ آئی پی ایل میں ڈیبیو کے بعد انہوں نے اپنی کارکردگی سے اس اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ گجرات ٹائٹنز کے خلاف محض۳۵؍ گیندوں پر سنچری بنا کر انہوں نے آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کم عمر سنچری بنانے والے بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی بلے بازوں میں تیز ترین سنچری بنانے والوں کی فہرست میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔ویبھو کی کہانی صرف ایک دھواں دھار سنچری تک محدود نہیں رہی۔ آئی پی ایل۲۰۲۶ء میں انہوں نے مسلسل اور متاثر کن بلے بازی کا ایسا مظاہرہ کیا کہ پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بن کر اورینج کیپ اپنے نام کرلی۔اس شاندار مہم کے دوران انہوں نے ۷۲؍ چھکے لگائے اور آئی پی ایل کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
۱۴؍ سال کی عمر میں بھی سنچری بنا چکے ہیں ویبھو
ویبھو نے زمبابوے میں منعقدہ انڈر۱۹؍ عالمی کپ کے فائنل میں ۶؍فروری۲۰۲۶ءکو ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں محض۱۴؍ سال کی عمر میں۸۰؍گیندوں پر۱۷۵؍رن کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ ۲۱۸ء۷۵؍رہا ۔ یہ انڈر ۱۹؍عالمی کپ کے فائنل کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا۔اس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف یوتھ ٹیسٹ کرکٹ میں ۵۸؍گیندوں پر سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دیا۔
۷۷۶؍ رن ویبھو سوریہ ونشی نے،۷۲؍ سکسرز کے ساتھ گزشتہ آئی پی ایل میں بنائےتھے۔