• Thu, 05 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیائی شوٹنگ چمپئن شپ میں ۲۱؍ سالہ ایشا سنگھ کا گولڈ پر نشانہ

Updated: February 05, 2026, 11:59 AM IST | New Delhi

ایشا نے فائنل میں ۲۳۹ء۸؍ پوائنٹس حاصل کر کے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، انہوں نے۲۰۲۴ء کی چمپئن شپ میں بھی ۱۰؍ میٹر زمرے میں گولڈ جیتا تھا۔

Olympian Esha Singh won the gold medal in the women`s 10m air pistol event. Photo: INN
اولمپین ایشا سنگھ نے خواتین کے ۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی شوٹرز نے اپنی ہی سرزمین پر ایشیائی نشانہ بازی چمپئن شپ۲۰۲۶ء میں شاندار آغاز کرتے ہوئے تمغوں کی جھڑی لگا دی۔ اولمپین ایشا سنگھ نے اپنی مہارت کا لوہا منواتے ہوئے خواتین کے ۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں طلائی تمغہ (گولڈ میڈل) جیتا جبکہ مردوں کے زمرے میں ورلڈ چمپئن سمراٹ رانا کانسے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ایشیائی کھیلوں کی سلور میڈلسٹ اور پیرس اولمپین۲۱؍ سالہ ایشا سنگھ نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ اس فارمیٹ کی ملکہ ہیں۔ 
ایشا نے فائنل میں ۲۳۹ء۸؍ پوائنٹس حاصل کر کے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے۲۰۲۴ء کی چمپئن شپ میں بھی اسی زمرے میں گولڈ جیتا تھا۔ چین تائیپے کی چینگ ین چنگ نے چاندی جبکہ یو آئی وین نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ مردوں کے مقابلے میں ازبکستان کے ولادیمیر سویچنیکوف نے سونا اور قزاقستان کے ویلیری راخیمژان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ جبکہ سمراٹ رانا کانسے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: نمبرز بولتے ہیں، پروپیگنڈا نہیں : ناقدین کو خبیب نورماگومیدوف کا سخت جواب

ایشا سنگھ، منو بھاکر اور سورچی اندر سنگھ کے مثلث نے مجموعی طور پر۱۷۲۶؍ پوائنٹس اسکور کر کے ٹیم ایونٹ کا گولڈ بھی ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ مردوں کے ۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں ورلڈ چمپئن سمراٹ رانا نے۲۲۰ء۳؍پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے میچ کے وسط میں ۱۰ء۶؍ اور۱۰ء۸؍جیسے بہترین شاٹس لگا کر خود کو تمغے کی دوڑ میں برقرار رکھا۔ خواتین کے انفرادی مقابلے میں ہندوستان کی پوزیشن بہت مضبوط رہی۔ دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی سورچی سنگھ چوتھے نمبر پر رہیں، وہ پورے میچ میں تمغے کے بالکل قریب تھیں۔ 
اسٹار شوٹر منو بھاکر ساتویں نمبر پر رہیں، تاہم ان کی نظریں اب۲۵؍ میٹر پسٹل اور مکسڈ ٹیم مقابلوں پر مرکوز ہیں ۔ ہندوستان نے اب تک۲؍ سونے، ایک چاندی اورایک کانسےسمیت کل۴؍ تمغے حاصل کر کے چمپئن شپ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK