• Thu, 24 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رونالڈو کے بغیر ۳ ؍ہزار، کھیلنے پر ۵۵ ؍ہزار شائقین آئے: جارج جیسس

Updated: September 24, 2026, 8:05 PM IST | Lisbon

پرتگال کے نئے ہیڈ کوچ جارج جیسس نے کرسٹیانو رونالڈو کی عالمی مقبولیت اور پرتگال کی قومی ٹیم پر ان کے اثر و رسوخ کی ایک دلچسپ مثال پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہانگ کانگ میں ایک میچ کے دوران رونالڈو کے نہ کھیلنے پر صرف تقریباً ۳؍ ہزار شائقین اسٹیڈیم پہنچے تھے۔جب پرتگالی اسٹار میدان میں اترا تو اسی گنجائش والے اسٹیڈیم میں ۵۵؍ ہزار تماشائی موجود تھے۔

Cristiano Ronaldo.Photo:X
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر:ایکس

پرتگال کے نئے ہیڈ کوچ جارج جیسس  نے کرسٹیانو رونالڈو  کی عالمی مقبولیت اور پرتگال کی قومی ٹیم پر ان کے اثر و رسوخ کی ایک دلچسپ مثال پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہانگ کانگ میں ایک میچ کے دوران رونالڈو کے نہ کھیلنے پر صرف تقریباً  ۳؍ ہزار شائقین  اسٹیڈیم پہنچے تھے۔جب پرتگالی اسٹار میدان میں اترا تو اسی گنجائش والے اسٹیڈیم میں ۵۵؍ ہزار تماشائی  موجود تھے۔ جیسس نے یہ مثال اس وقت دی جب ان سے رونالڈو کی قومی ٹیم میں اہمیت اور مستقبل کے بارے میں سوال کیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ممبئی انڈینس نے ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۷ء سے قبل لیوک ولیمز کو ہیڈ کوچ مقرر کیا

جارج جیسس نے کہا کہ  کرسٹیانو رونالڈو پرتگال اور قومی ٹیم کی علامت ہیں ، تاہم صرف ان کی شہرت یا ماضی کا ریکارڈ کسی میچ میں ان کی جگہ کی ضمانت نہیں دیتا۔ جیسس نے واضح کیا کہ کھلاڑی کی موجودہ کارکردگی کو انتخاب میں اہمیت دی جائے گی۔ ان کے مطابق، اگر رونالڈو اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو وہ کھیلیں گے اور اگر کارکردگی توقع کے مطابق نہ ہو تو انہیں باہر بھی رکھا جاسکتا ہے۔ 
 جیسس کی جانب سے ہانگ کانگ کے میچوں کی مثال اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ رونالڈو کی مقبولیت صرف پرتگال تک محدود نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  ۵۵؍ ہزار نشستوں والے اسٹیڈیم  میں رونالڈو کی عدم موجودگی میں صرف ۳ ؍ہزار افراد کا آنا اور ان کی شرکت والے میچ میں اسٹیڈیم کا مکمل بھر جانا ان کی عالمی کشش کا واضح فرق تھا۔ جیسس رونالڈو کے ساتھ سعودی کلب  النصر  میں ایک سیزن کام کرچکے ہیں، اس لیے وہ کھلاڑی کی میدان کے اندر اور باہر مقبولیت سے براہ راست واقف ہیں۔ 
 جارج جیسس نے تصدیق کی کہ رونالڈو  ویلز کے خلاف پرتگال کے یوئیفا نیشنز لیگ کے افتتاحی میچ  میں ابتدائی الیون کا حصہ ہوں گے۔ یہ مقابلہ لزبن کے  ایسٹیڈیو ژوزے آلویلادے  میں کھیلا جانا ہے۔ تاہم جیسس نے یہ بھی اشارہ دیا کہ رونالڈو پورے ۹۰؍ منٹ کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میچ کی صورتحال اور ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔  جیسس نے قدرے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ رونالڈو میچ میں ایک یا دو گول کر دیں اور اس کے بعد وہ انہیں فوراً میدان سے باہر بلا لیں۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پرتگال کے کوچ رونالڈو سے گول کرنے اور ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں، لیکن ساتھ ہی وہ ان کے کھیلنے کے دورانیے کو میچ کی صورتحال کے مطابق رکھنے کے خواہاں ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:ویر داس کو’ ’فُل والیوم‘‘ کے لیے تیسری بار انٹرنیشنل ایمی میں نامزدگی ملی

 ۴۱؍ سالہ رونالڈو اپنے کریئر میں ایک ہز ار گول  مکمل کرنے کے تاریخی سنگِ میل کی جانب بھی بڑھ رہے ہیں۔ تازہ رپورٹس کے مطابق وہ اس ہدف سے ۲۱ ؍ گول دور  ہیں۔ پرتگالی کپتان قومی ٹیم کے لیے بھی اپنی خدمات جاری رکھنا چاہتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کو صرف گولز کے ذریعے ہی نہیں بلکہ اپنے تجربے اور نئی نسل کے کھلاڑیوں کی مدد سے بھی فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔  جارج جیسس نے پرتگال کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ٹیم کے کھیل کے انداز میں کچھ تبدیلیوں کے اشارے بھی دیے ہیں۔ وہ دفاعی مڈفیلڈر کے ذریعے ٹیم کو زیادہ توازن فراہم کرنے اور دو فارورڈز کے ساتھ کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران حکمت عملی تبدیل ہوسکتی ہے اور پرتگال کے کھلاڑی مختلف حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK