اتر پردیش کے نوئیڈا سیکٹر ۱۰۷؍ میں واقع مہارشی یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ میں دہلی-این سی آر کے کالج اور یونیورسٹی طلبہ کے درمیان چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا بدھ سے باقاعدہ آغاز ہوا۔
EPAPER
Updated: February 13, 2026, 12:30 PM IST | Noida
اتر پردیش کے نوئیڈا سیکٹر ۱۰۷؍ میں واقع مہارشی یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ میں دہلی-این سی آر کے کالج اور یونیورسٹی طلبہ کے درمیان چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا بدھ سے باقاعدہ آغاز ہوا۔
اتر پردیش کے نوئیڈا سیکٹر ۱۰۷؍ میں واقع مہارشی یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ میں دہلی-این سی آر کے کالج اور یونیورسٹی طلبہ کے درمیان چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا بدھ سے باقاعدہ آغاز ہوا۔ منتظمین کے مطابق دہلی-این سی آر میں ہونے والا یہ سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ مہارشی پریمیر لیگ (ایم پی ایل) ایک بار پھر پورے جوش اور جذبے کے ساتھ شروع ہو گیا ہے۔ مہارشی یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ ٹی ۲۰؍فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ کے پانچویں سیزن کی افتتاحی تقریب انتہائی پروقار رہی۔ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہارشی یونیورسٹی کی ڈین اکیڈمک ڈاکٹر ترپتی اگروال، ڈپٹی رجسٹرار، تعلقات عامہ کے افسر اور اسپورٹس مینیجر سمیت تمام شعبہ جات کے ڈینز موجود رہے۔ حکام نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں کھیل کے جذبے کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔ تقریب کے دوران ایم پی ایل سیزن۵؍کی ساڑھے پانچ فٹ بلند ٹرافی کی نقاب کشائی بھی کی گئی جسے دیکھ کر کھلاڑیوں اور شائقین میں اسے جیتنے کا زبردست جوش دیکھنے کو ملا۔
یہ بھی پڑھئے: سری لنکا نے عمان کو۱۰۵؍ رن سے شکست دے دی
منتظمین نے بتایا کہ اس بار ایم پی ایل کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، جس میں دہلی-این سی آر کی۱۶؍ ممتاز یونیورسٹیوں اور کالجوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان ٹیموں میں ذاکر حسین کالج، ایمیٹی سوشل سائنس، ایمیٹی لاء اسکول (نوئیڈا)، آئی آئی ٹی ایم جنک پوری، ایم یو آئی ٹی نوئیڈا و لکھنؤ، گالگوٹیاز یونیورسٹی، اے بی ای ایس انجینئرنگ کالج، وینکٹیشور کالج (دہلی)، دہلی ٹیکنیکل کیمپس، وی آئی پی ایس (دہلی)، شاردا یونیورسٹی، بی پی آئی ٹی، بینیٹ یونیورسٹی، جے ایس ایس اور او پی جندل یونیورسٹی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے دن چار مقابلے کھیلے گئے جن میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے میچ میں ایمیٹی اسکول آف سائنس نے ایم یو آئی ٹی کو۵۷؍ رن سے شکست دی، جبکہ دوسرے مقابلے میں شاردا یونیورسٹی نے ذاکر حسین کالج کو۵۸؍ رن سے مات دی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایم پی ایل محض ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ نوجوانوں کو یکجا کرنے اور ان میں ٹیم ورک، لیڈرشپ اور خود اعتمادی پیدا کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ لیگ ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید مقبول ہوتی جا رہی ہے۔