• Fri, 13 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انگلینڈ کے تیز گیندباز جیمس اینڈرسن کے۵؍ بڑے ریکارڈ جنہیں توڑنا مشکل ہے

Updated: July 13, 2024, 1:03 PM IST | Agency | London

انگلینڈ کے تیز گیندباز جیمس اینڈرسن نے آخر کار لارڈس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔ اینڈرسن نے۱۸۸؍ ٹیسٹ میچوں میں ۷۰۴؍ وکٹ لے کر اپنے ٹیسٹ کریئر کا خاتمہ کیا۔

James Anderson. Photo: INN
جیمس اینڈرسن۔ تصویر : آئی این این

انگلینڈ کے تیز گیندباز جیمس اینڈرسن نے آخر کار لارڈس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔ اینڈرسن نے۱۸۸؍ ٹیسٹ میچوں میں ۷۰۴؍ وکٹ لے کر اپنے ٹیسٹ کریئر کا خاتمہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ کریئر میں کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ 
(۱)ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ناقابل شکست رہے: جیمس اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ۱۱۴؍ مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے ہیں۔ دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے کورٹنی والش (۶۱؍مرتبہ) ہیں۔ 
 (۲)سب سے زیادہ وکٹ لینے والے فاسٹ بولر: جیمس اینڈرسن نے بحیثیت تیز گیندباز۷۰۴؍ وکٹ لئ تھے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے وکٹ ۹۸۸؍ ہیں۔ ان کے بعد ٹم ساؤدی (۳۸۰؍ وکٹ) ہیں۔ 
(۳) سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی : جیمس اینڈرسن نے۱۸۸؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ پہلے نمبر پر ہندوستانی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی سچن تینڈولکر (۲۰۰) ہیں۔ اینڈرسن وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے لئے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ 
 (۴)وکٹ کیپر کے ذریعہ سب سے زیادہ کیچ: تیز گیندباز جیمس اینڈرسن نے اپنے کریئر میں سب سے زیادہ ۱۹۸؍ وکٹ وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر لئے ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے سابق گیند باز گلین میک گرا (۱۵۲؍وکٹ ) دوسرے نمبر پر ہیں۔ 
 (۵)۴۰؍ ہزار سے زیادہ گیندیں کیں : ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ گیندیں (۴۰۰۳۷) کرنے کی فہرست میں چوتھے نمبر پرہیں۔ مرلی دھرن(۴۴۰۳۹)، ، انیل کمبلے(۴۰۸۵۰) ، شین ورن (۴۰۷۰۵) ان سے آگے ہیں۔ 

اینڈرسن کا جذباتی ریٹائرمنٹ ہوا :انگلینڈ کرکٹ انتظامیہ اور ٹیم کے اراکین  نے اینڈرسن کے  ریٹائرمنٹ پر انہیں جذباتی الوداع کہا۔ لارڈس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیسے ہی ختم ہوا، کھلاڑیوں نے سب سے پہلے اینڈرسن کو گارڈ آف آنرپیش کیا۔ یہ سب دیکھ کر ماحول جذباتی ہو گیا۔ خیال رہے کہ اینڈرسن نے مئی۲۰۰۳ء میں لارڈس میں اپنے ٹیسٹ کریئر کی شروعات کی تھی۔
یہ باتیں ریٹائرمنٹ پر کہیں:جیمس اینڈرسن نے ریٹائرمنٹ پر کہا کہ یہ۲۰؍ سال حیرت انگیز رہے ہیں۔ ہجوم کے ردعمل سے حوصلہ ملا جوکہ کافی خاص رہا ہے۔ میں جب بھی یہ جرسی  پہنتا ہوں انگلینڈ کے لئے میچ جیتنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میرے کریئر میں جذبات اوپر نیچے ہوتے رہے۔ میچ کے پہلے دن میری بیٹیوں کوگھنٹی بجاتے ہوئے دیکھنا یہ ایک جذباتی لمحہ تھا۔ 

انگلینڈ نے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور۱۱۴؍ رن سے شکست دی 
گس ایٹکنسن (۱۲؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی اور جیک کراؤلی (۷۶)، جیمی اسمتھ  (۷۰؍رن) کی شاندار بلے بازی کی  بدولت انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اننگز اور۱۱۴؍رن  سے شکست دے کر  سیریز کا پہلا ٹیسٹ  میچ جیت لیا۔ ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز  ۱۲۰؍رن کے اسکور تک محدود رہی اور دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اس نے۵۵؍ رن پر ۵؍وکٹ گنوا  دیئے تھے۔ کپتان کریگ بریتھویٹ (۴)، کیکر میکنزی (صفر)، میکیل لیوس (۱۴؍رن)، کیویم ہوج (۴؍رن)، ایلک اتھانجے (۲۲؍رن )  آؤٹ ہوئے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر ویسٹ انڈیز نے ۶؍ وکٹوں پر۷۹؍ رن  بنائے تھے۔
 جمعہ کو ویسٹ انڈیز نے جمعرات کے کھیل ۶؍ وکٹ پر۷۹؍ رن  سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں ابھی ۹؍ رن کا اضافہ ہوا تھا کہ جیمس اینڈرسن نے جوشوا ڈی سلوا (۹؍رن ) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو ساتواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد گس ایٹکنسن نے الزاری جوزف (۸) کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ شمر جوزف (۳) کو بھی ایٹکنسن نے بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد ایٹکنسن نے۴۷؍ویں اوور کی آخری گیند پر جےڈن سیلز (۸؍رن) کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کو۱۳۶؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ نے  اننگز اور۱۱۴؍ رن سے کامیابی حاصل کی۔  ایٹکنسن نے دوسری اننگز میں ۵؍وکٹ لئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK