• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۶۸؍ ویں بیلون ڈی اور ایوارڈس پر تنازع، ریئل نے تقریب کا بائیکاٹ کیا، اسپین کے روڈری فاتح

Updated: October 31, 2024, 10:51 AM IST | Paris

ریئل میڈرڈ کو امید تھی کہ یہ ایوارڈ ونیشیئس جونیئرکے حصے میں آئے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اسپین کے کھلاڑی نے انہیں پیچھے کردیا۔ خواتین کےزمرے کا ایوارڈ اسپین کی ایتینا بونمتی نے جیتا۔

Spain and Manchester City player Rodri. Photo: INN.
اسپین اور مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی روڈری۔ تصویر: آئی این این۔

دنیائے فٹبال کے سب سے بڑے ایوارڈس۶۸؍ویں ’بیلون ڈی اور‘ کی تقریب منگل کی شب فرانس کے شہر پیرس میں منعقد ہوئی جہاں سال کے بہترین فٹبالر کا بیلون ڈی اور ہسپانوی اور مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے کھلاڑی روڈری کو دیا گیا لیکن تقریب سے قبل بدمزگی ہوئی جس پر ریئل میڈرڈ کلب نے تقریب کا بائیکاٹ کیا۔ ریئل کے ونگر ونیشیئس جونیئر دوسرے نمبر جبکہ مڈفیلڈر جیڈ بیلنگہم تیسرے نمبر پر رہے، لیکن اپنے کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کے باوجود ریئل نے اپنے وفد کو پیرس جاکر فرانس فٹبال کے زیراہتمام ہونے والی ایوارڈ تقریب میں شرکت سے روک دیا۔ 
۲۸؍ اکتوبر کی شام سوشل میڈیا پر ذرائع سے یہ خبریں سامنے آئیں کہ ریئل میڈرڈ بیلون ڈی اور انتظامیہ کے فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ ان کے خیال میں ونیشیئس جونیئر کو اس سال بہترین فٹبالر کا اعزاز ملنا چاہیے تھا۔ اس سے قبل ۲۴؍ گھنٹے پہلے کی جانے والی ووٹنگ میں بھی ونیشیئس جونیئر کا نام سرِفہرست تھا لیکن کچھ گھنٹے پہلے لیک ہونے والی فہرست میں روڈری پہلے نمبر پر موجود تھے۔ 
فٹبال کے مایہ ناز اور قابلِ اعتبار رپورٹر فیبریزیو رومانو نے پیر کی شام ریئل میڈرڈ کی عدم شرکت کی خبر بریک کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مانچسٹر سٹی نے ریئل کو بتایا کہ وہ پہلے سے جانتے تھے کہ بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ روڈری کو دیا جائے گا جس پر ریئل میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ انہیں اندھیرے میں رکھا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب فرانس فٹبال کے زیرِاہتمام ہونے والی اس تقریب میں یوئیفا بھی شراکت دار ہے جبکہ ایوارڈس سے قبل کسی بھی کھلاڑی کا فوٹوشوٹ نہیں ہوا جس میں اندازہ ہوجاتا ہے کہ ایوارڈ کس کو ملنے والا ہے۔ 
ونیشیئس جونیئر کا۲۰۲۳ء/۲۰۲۴ء سیزن ان کے اب تک کے کریئر کا بہترین سیزن تھا جس میں انہوں نے تمام ٹورنامنٹس میں ۲۶؍ گولز اسکور کئے جبکہ ۱۲؍ گول اسسٹ کئے۔ ۶۳۰؍ پوائنٹس کے ساتھ وینیشیئس جونیئر یہ ایوارڈ جیت رہے تھے لیکن ان کے مقابلے میں روڈری کو ایوارڈ دیا گیا جوکہ ۵۷۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے کیونکہ روڈری نے ۲۰۲۳ء/۲۰۲۴ء کے سیزن میں مجموعی طور پر۱۲؍ گول کئے اور ۱۵؍گول کرنے میں معاونت کی ۔ 
ستمبر تک وینی جونیئر کو یقین تھا کہ اس سال کے فاتح وہی ہیں حتیٰ کہ بارسلونا کے خلاف میچ میں حریف کھلاڑیوں انہیں ۴؍ گولز کا طعنہ دے رہے تھے تب بھی وہ کہتے رہے کہ ’میں کل بیلون ڈی اور اٹھاؤں گا‘، ایسے میں انہیں ایوارڈ نہ ملنا ٹیم اور کھلاڑی کیلئے مایوس کُن تھا۔ ’بیلون ڈی اور‘ کی تقریب میں دنیائے فٹبال میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو ایوارڈس دیئے جاتے ہیں جن میں یہ اہم اعزازات شامل ہیں۔ 
کوپا ٹرافی
سال کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا کوپا ایوارڈ اسپین اور بارسلونا کے۱۷؍ سالہ کھلاڑی لامین یمل کے نام رہا۔ انہوں نے اسپین کے ساتھ یورو کپ ۲۰۲۴ءمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں فائنل میں اسکور کرکے وہ کسی بھی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں گول اسکور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بنے۔ 
یاشن ایوارڈ
مسلسل دوسرے سال، بہترین گول کیپر کا اعزاز ارجنٹینا اور ایسٹن وولا کے ایمی مارٹینز نے اپنے نام کیا۔ سال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے گول کیپر کو یاشن ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے، وہ یہ ایوارڈ دو بار جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ 
گرڈ مولر ایوارڈ
سال کے بہترین اسٹرائیکر کا گرڈ مولر ایوارڈ انگلینڈ اور بائرن میونخ کے فارورڈ ہیری کین اور فرانس اور ریال میڈرڈ کے کائلیان ایمباپے کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ سیزن۵۲۔ ۵۲؍ گولس اسکور کئے تھے۔ ایمباپے کی عدم موجودگی میں صرف ہیری کین نے اپنا ایوارڈ وصول کیا۔ 
بہترین کلب 
سیزن کے بہترین کلب کا ایوارڈ ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کے نام رہا لیکن چونکہ ایوارڈ وصول نہیں کیا گیا اس لئے کوئی تقریر بھی نہیں ہوئی، البتہ خواتین کے بہترین کلب کا ایوارڈ بارسلونا کے حصے میں آیا۔ 
بہترین منیجر
سال کے بہترین منیجر کا ایوارڈ بھی  ریئل میڈرڈفٹبال کلب کے کوچ کارلو اینسولیٹی کو دیا گیا، ان کی منیجر شپ میں گزشتہ سیزن ریئل میڈرڈ نے اسپینش سپر کپ، لالیگا اور چمپئن لیگ ٹرافی جیتی تھی۔ 
بیلون ڈی اور
سیزن کے بہترین مرد فٹبالر کا ایوارڈ جہاں روڈری کے حصے میں آیا وہیں بہترین خاتون فٹبالر کا ایوارڈ ہسپانوی اور بارسلونا کی کھلاڑی ایتینا بونمتی کے نام رہا جنہوں نے مسلسل دوسرے سال یہ اعزاز حاصل کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب بیلون ڈی اور کے دونوں فاتح کا تعلق ایک ہی ملک یعنی اسپین سے ہے۔ گزشتہ سال فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے انفرادی ایوارڈ بیلون ڈی اور لیونل میسی نے ریکارڈ۸؍ویں بار جیتا تھا جبکہ ۲۱؍سال بعد یہ پہلا موقع تھا کہ جب لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو حتمی نامزدگیوں میں اپنی جگہ نہیں بنا پائے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK