پرتگال نے لکسمبرگ کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے ہرا دیا۔رونالڈو نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں ۳۱؍واں گول کیا۔گروپ اے میں پرتگال ٹاپ پوزیشن پر قابض
EPAPER
Updated: April 01, 2021, 2:07 PM IST | Agency | Mumbai
پرتگال نے لکسمبرگ کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے ہرا دیا۔رونالڈو نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں ۳۱؍واں گول کیا۔گروپ اے میں پرتگال ٹاپ پوزیشن پر قابض
ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کوالیفائنگ میں یورو چمپئن پرتگال فٹبال ٹیم نے منگل کی دیر رات لکسمبرگ کو ایک کے مقابلے ۳؍ گول سے شکست دےکر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے اور ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر قابض ہوگیا ہے۔ خیال رہے کہ پرتگال کا پچھلا میچ ریفری کی غلطی کی وجہ سے ۲۔۲؍سے ڈرا ہوگیا تھا ۔ ریفری نے انجر ی ٹائم میں رونالڈو کے ایک گول کو نامنظور کردیا تھا جبکہ ویڈیو میں واضح نظرآرہا تھا کہ سربیا کے دفاعی کھلاڑی نے لائن پار ہونے کے بعد گیند کو روکا تھا۔ اس پر رونالڈو نے برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے کپتان کا اپنا آرم بینڈ اتار کر پھینک دیا تھا اور میچ کوادھورا چھوڑ دیا تھا۔ پرتگال کیلئے منگل کو ہونے والا میچ آسان نہیں تھا کہ کیونکہ لکسمبرگ نے پہلے ہی ہاف میں پہلا گول کردیا تھا۔ ۳۰؍ویں منٹ میں گرسن راڈریگیز نے گول کرکے اسکور صفر۔ ایک کردیا تھا۔ فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں لیورپول فٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے ڈیوگو جوٹا نے برابری کا گول کرکے پرتگالی ٹیم کو راحت پہنچائی۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد پیڈرو نیٹو نے کی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں پرتگالی ٹیم نے زبردست کارکردگی کامظاہرہ کیا اور اس ہاف میں ۲؍گول کئے۔ ۵۱؍ویں منٹ میں ٹیم کے ٹاپ اسکورر کرسٹیانو رونالڈو نے برتری کا گول کیا۔ انہوں نے جوآؤ کینسیلو کی مدد سے پرتگال کا دوسرا گول کیا۔ میچ کے آخری منٹ میں پرتگالی ٹیم کی جانب سے ایک اور گول ہوا۔ ۸۰؍ ویں منٹ میںجوآؤ پالنہا نے پیڈرونیٹو کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کرکے لکسمبرگ کی شکست یقینی کردی۔ کوالیفائر کے ابتدائی ۲؍میچوںمیں گول کرنے میں ناکام رہنے والے رونالڈو نے اس میچ میں اہم گول کیا۔ انہوںنے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں ۳۱؍واں گول کیا۔ رونالڈو نے ۲۰۰۴ء میں پرتگال کیلئے پہلا بین الاقوامی گول کیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ہر کیلنڈر سال میں اپنی قومی ٹیم کیلئے گول کررہے ہیں۔ اب وہ سب سے زیادہ گول کرنے کے ریکارڈ کی برابری کرنے سے صرف ۶؍گول پیچھے ہیں۔ انہو ںنے پرتگال کیلئے ۱۰۳؍گول کئے ہیں جبکہ آل ٹائم ٹاپ اسکورر کا ریکارڈ ایران کے علی داعی کا ہے جنہوں نے ۱۰۹؍گول کئے ہیں۔