۴۵۹۶ ؍گیت پیش کیے گئے،۳۰۰ ؍ٹیموں اور ۷؍ ہزار سے زائد گلوکاروں نے تاریخی موسیقی کنونشن میں حصہ لیا، کونکنی زبان اور ثقافت کے فروغ کی منفرد کوشش کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ مل گئی۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 6:07 PM IST | New Delhi
۴۵۹۶ ؍گیت پیش کیے گئے،۳۰۰ ؍ٹیموں اور ۷؍ ہزار سے زائد گلوکاروں نے تاریخی موسیقی کنونشن میں حصہ لیا، کونکنی زبان اور ثقافت کے فروغ کی منفرد کوشش کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ مل گئی۔
ہندوستان کی ساحلی ریاست کرناٹک کے شہر منگلورو میں منعقدہ پہلے عالمی کونکنی میوزک میگا کنونشن نے مسلسل گائیکی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرکے تاریخ رقم کردی۔ اتوار ۱۵ ؍نومبر کو اختتام پذیر ہونے والے اس عظیم الشان موسیقی پروگرام میں تقریباً ۳۰۰ ؍رجسٹرڈ ٹیموں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر ۴۵۹۶ ؍کونکنی گیت پیش کیے۔ یہ موسیقی کا سلسلہ ۱۲؍ دن، ۱۲ ؍گھنٹے اور ۱۲ ؍ منٹ تک مسلسل جاری رہا، جس کے بعد اس کامیابی کو گنیز ورلڈ ریکارڈزمیں شامل کیا گیا۔ منگلورو کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ اس پروگرام نے کونکنی زبان، موسیقی اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر نئی شناخت دلائی۔
اس عالمی ریکارڈ ساز پروگرام میں ہندوستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ بیرون ملک سے بھی گلوکاروں نے شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق تقریباً ۷۲۳۵؍ گلوکاروں نے ۳۰۰ ؍کے قریب ٹیموں کی شکل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ۴۵۹۶ ؍منفرد کونکنی گیت پیش کیے۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ پیش کیے گئے گیتوں کو دہرایا نہیں گیا۔کرناٹک، گوا، مہاراشٹر اور کیرالا کے علاوہ آسٹریلیا، عمان، قطر اور کویت سے بھی کونکنی زبان سے وابستہ فنکار اور ٹیمیں اس میں شریک ہوئیں۔ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے گلوکاروں نے اپنی زبان اور موسیقی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس تاریخی کوشش کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے:امیتابھ بچن کے مشہور بنگلے ’جلسہ‘ پر ملکیت کا تنازع
اس سے قبل متعدد گلوکاروں کی جانب سے مسلسل گائیکی کا ریکارڈ ۱۱؍ دن، ۱۱؍ گھنٹے اور ۱۱ ؍منٹ کا تھا، جو ۲۰۲۴ء میں گجرات کے وڈتال میں شری ہری کرشنا کیرتن یاگیا گروپ نے قائم کیا تھا۔ منگلورو میں منعقدہ کونکنی موسیقی میراتھن نے اس ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔پروگرام کے دوران گلوکاروں نے مقررہ نظام کے تحت باری باری اسٹیج سنبھالا، جس کے باعث موسیقی کا سلسلہ مسلسل جاری رہا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے سوپنل ڈانگاریکر نے اس کامیابی کی باضابطہ توثیق کی اور منتظمین کو سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
اس تاریخی کنونشن کا انعقاد کونکنی زبان اور ثقافت کے فروغ کے لیے سرگرم تنظیم منڈ سوبھن نے کیا تھا۔ یہ پروگرام تنظیم کی ۴۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا اور اس کے بانی آنجہانی ایرک اوزاریو کی یاد سے بھی منسوب تھا۔تنظیم کا مقصد کونکنی زبان کی موسیقی، ادب اور ثقافتی روایات کو محفوظ رکھنے کے ساتھ نئی نسل تک پہنچانا تھا۔ اس موقع پر موسیقی کے علاوہ ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں مختلف موضوعات پر مذاکرے، معروف فنکاروں کی پذیرائی، ثقافتی نمائش، روایتی کھانوں کے اسٹال اور بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دھول چٹاکرمسلسل چوتھی مرتبہ رگبی لیگ ورلڈ کپ جیت لیا
اس کنونشن کی ایک نمایاں خصوصیت مختلف مذاہب، برادریوں اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کی مشترکہ شرکت تھی۔ ہندو، مسلم اور عیسائی برادریوں کے فنکاروں نے ایک ہی اسٹیج پر کونکنی گیت پیش کیے۔ اس کے علاوہ کونکنی زبان بولنے والی مختلف برادریوں اور لسانی لہجوں کی نمائندگی بھی دیکھنے میں آئی۔منتظمین کے مطابق اس پروگرام نے یہ پیغام دیا کہ زبان اور موسیقی لوگوں کو مذہبی، سماجی اور جغرافیائی اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کے قریب لاسکتی ہے۔ اسٹیج پر مختلف برادریوں کے فنکاروں کی مشترکہ موجودگی نے اتحاد، بھائی چارے اور ثقافتی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال پیش کی۔