Inquilab Logo

آج شریاس ایّر اور دیپک چاہر کی کارکردگی پر نظر

Updated: December 03, 2023, 10:41 AM IST | bangalore

آسٹریلیا کیخلاف ہندوستانی ٹیم ۵؍ویں ٹی ۲۰؍ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنا چاہے گی۔ آج واشنگٹن سندر کو بھی موقع مل سکتا ہے

Surya Kumar Yadav
سوریہ کمار یادو

ہندوستانی ٹیم، جو پہلے ہی سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کر چکی ہے، ۵؍ویں اور آخری ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے شریاس ایّر اور دیپک چاہر کی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرے گی۔ یہ دونوں آسٹریلیا کے خلاف اتوار کو یہاں ہونے والے میچ پر خصوصی توجہ دیں گے۔
  ہندوستان کو۱۰؍ دسمبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی۲۰؍ سیریز کھیلنی ہے جس میں ایّر اور چاہر اہم کردار ادا کریں گے۔ ایّر نے ون ڈے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن جمعہ کو انہوں نے رائے پور میں آسٹریلیا کے خلاف ایک سال سے زیادہ عرصے میں اپنا پہلا ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچ کھیلا۔اس میچ میں انہوں نے ۷؍ گیندوں کا سامنا کیا اور ۸؍ رن بنائے تھے جس میں کوئی باؤنڈری شامل نہیں تھی۔ اس لئے جنوبی افریقہ جانے سے پہلے ایّر چناسوامی اسٹیڈیم میں بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ چند روز قبل انہوں نے ون ڈے ورلڈ کپ میں نیدرلینڈس کے خلاف اسی گراؤنڈ پر سنچری بنائی تھی۔
 ایّر کی طرح چاہر نے بھی چوٹ کی وجہ سے طویل عرصے تک باہر رہنے کے بعد واپسی کی ہے۔ رائے پور میں کھیلا گیا یہ میچ ہندوستان کےلئے ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں گزشتہ سال اکتوبر کے بعد پہلا میچ تھا۔۳۱؍ سالہ  گیندباز نے ٹم ڈیوڈ اور میتھیو شارٹ  کے  وکٹوں کے ساتھ متاثر کن گیندابازی کیلیکن ۴؍ اوورس کے اپنے کوٹے میں۴۴؍ رن  دیئے۔
  چنا سوامی اسٹیڈیم کی پچ شاید ان کے مطابق نہ ہو لیکن اپنی ورسٹائل گیندبازی کی وجہ سے چاہر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ دورۂ جنوبی افریقہ سے قبل ٹیم انتظامیہ اس میچ میں آف اسپنر واشنگٹن سندر کو بھی موقع دے سکتی ہے۔ واشنگٹن بھی کچھ عرصے سے زخموں سے پریشان ہے۔ انہیں لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے جنہیں جنوبی افریقہ کے دورے کےلئے ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔
 ہندوستان کی جانب سے بلے بازی میں کپتان سوریہ کمار یادو، رتوراج گائیکواڑ، رنکو سنگھ، یشسوی جیسوال اور ایشان کشن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گزشتہ میچ میں کشن کی جگہ کھیلنے والے جیتیش شرما نے بھی اپنی بلے بازی سے متاثر کیا۔ گیندبازی میں روی بشنوئی نے اب تک ۷؍ وکٹ لے کر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم ابھی تک توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں پیش کر سکی۔ ان کی ٹیم جیت کے ساتھ سیریز کا خاتمہ کر کے وطن واپس جانا چاہے گی۔لیکن   اس کیلئے یہ اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ  اس کے بیشتر  اسٹار کھلاڑی آسٹریلیا لوٹ چکے ہیںجس کی وجہ سے ٹیم کمزور نظر آرہی ہے اور ہندوستانی کھلاڑی ان کا شکار کرنے میں مصروف ہیں۔ 
  ٹیمیں درج ذیل ہیں: ہندوستان: سوریہ کمار یادو (کپتان)، شریاس ایّر (نائب کپتان)، رتوراج گائیکواڑ، ایشان کشن، یشسوی جیسوال، تلک ورما، رنکو سنگھ، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، اکشر پٹیل، شیوم دوبے، روی بشنوئی، ارویدیپ سنگھ، پرسدھ کرشنا، اویس خان، مکیش کمار۔آسٹریلیا: میتھیو ویڈ (کپتان)، جیسن بہرنڈورف، ٹم ڈیوڈ، بین ڈوارشواس، ناتھن ایلس، کرس گرین، ایرون ہارڈی، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرموٹ، جوش فلپ، تنویر سنگھا، میٹ شارٹ، کین رچرڈسن۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK