Inquilab Logo

آج ممبئی اور گجرات کے درمیان سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ متوقع

Updated: May 12, 2023, 1:34 PM IST | Mumbai

ٹائٹنز جہاں اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی وہیں ممبئی انڈینس بھی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنا چاہےگی

Gujarat Titans captain Hardik Pandya will be hoping for a great performance from his best spinner Rashid Khan (right) while Mumbai Indians captain Rohit Sharma will be hoping for a great performance from his aggressive batsman Surya Kumar Yadav (left).
گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا کو اپنے بہترین اسپنر راشد خان(دائیں) سے جبکہ ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما کو اپنے جارح بلے باز سوریہ کمار یادو(بائیں) سے شاندار کارکردگی کی امید رہے گی۔

 اعتماد سے پُرممبئی انڈینس کی جمعہ کو یہاں انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایل) کے ایک اہم مقابلے میں  دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنز سے ٹکرائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔ موجودہ آئی پی ایل سیزن میں پہلی بار ممبئی انڈینس کی ٹیم  پوری طرح فارم میں نظر آ رہی ہے اور منگل کو یہاں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو ۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
 یاد رہے کہ ممبئی نے آر سی بی کے ۲۰۰؍رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ۱۷؍ اووروں کے اندر ہی جیت  حاصل کر لی تھی جس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹیم کی بلے بازی لائن اپ کتنی مضبوط ہے۔تاہم ٹیم نے نیٹ رن ریٹ کو بڑھانے کیلئے مسلسل دوسرے میچ میں بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی تھی۔ ٹیم کے بہترین بلے باز اور کپتان روہت شرما خراب فارم سے گزر رہے  ہیں اور پچھلی ۵؍ اننگز میں دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں بھی ناکام رہے ہیں ۔اس کے باوجود ممبئی کے بلے بازوں نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ۳؍  میں سے ۲؍ مرتبہ۲۰۰؍ یا اس سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا۔ پنجاب کنگز کے خلاف بھی ممبئی نے ۲۱۵؍رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ۶؍ وکٹ پر ۲۰۱؍ رن بنائے تھے۔
  ممبئی کے لئے موجودہ سیزن میں سب سے بڑی پریشانی روہت شرما کا فارم نہیں بلکہ ٹیم کی گیند بازی ہے۔ ٹیم کے خلاف لگاتار ۴؍ میچوں میں ۲۰۰؍سے زیادہ رن بنے جبکہ آر سی بی کی ٹیم بھی ۱۹۹؍رن بنانے میں کامیاب رہی تھی۔آخری ۳؍میچوں میں مخالف ٹیموں نے فلیٹ وکٹوں اور بلے بازی کیلئے موافق حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ممبئی انڈینس کے خلاف ۸؍ وکٹ پر ۲۱۴، ۷؍ وکٹ پر ۲۱۲؍اور ۶؍ وکٹ پر ۱۹۹؍رن بنائے اور گجرات ٹائٹنز کی نظریں بھی بڑے اسکور پر ہوں گی۔ ممبئی کی ٹیم نے درمیانے اووروں میں آر سی بی کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن گجرات کے پاس  بنگلورکے برعکس نچلے آرڈر میں بلے باز فارم میں چل رہے ہیں۔
  سوریہ کمار یادو کے ۳۵؍گیندوں پر ۸۳؍اور نہال وڈھیرا کی دوسری نصف سنچری نے ممبئی انڈینس کو آر سی بی کے خلاف بڑے اسکور کے باوجود آرام دہ اور پُرسکون جیت درج کرنے میں مدد کی لیکن ٹیم جانتی ہے کہ وہ ٹیبل میں ٹا پ پر قابض گجرات ٹائٹنز کے خلاف کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے۔سوریہ کمار کی فارم میں واپسی ممبئی کے لئے سب سے بڑا مثبت پہلو ہے جبکہ ایشان کشن، کیمرون گرین، ٹم ڈیوڈ اور تلک ورما نے بھی ٹیم کے لئے مفید  اننگز کھیلی ہیں۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا ورما جمعہ کے مقابلے کے لئے فٹ ہیں یا نہیں۔ تاہم میچ میں بہت کچھ اس بات پر بھی منحصر ہوگا کہ ممبئی کے بلے باز گجرات کے ۸؍ اوور میں افغانستان کے ۲؍ اسپنرز راشد خان اور نور احمد کے خلاف کس طرح کارکردگی دکھاتے ہیں۔
  گجرات نے ۱۱؍میں سے ۸؍ میچ جیتے ہیں اور وہ پلے آف میں جگہ بنانے کے راستے پر ہے۔کپتان ہاردک پانڈیا اور آشیش نہرا اس سال بھی کھلاڑیوں کی کامیابی کے لئے سازگار ماحول بنانے میں کامیاب رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم مسلسل دوسرے سال ٹائٹل کی مضبوط دعویدار بن کر ابھری ہے۔ گجرات ٹائٹنز نے اس سال مخالف ٹیموں کے ہوم گراؤنڈ پر کوئی بھی میچ نہیں ہارا ہے اور اب تک تینوں شکست اسے احمد آباد میں  اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہوئی ہے۔ گجرات کی اوپننگ جوڑی شبھمن گل اور ردھی مان ساہا اچھے فارم میں ہیں اور ٹیم کیلئے بڑا اسکور بنانے کا پلیٹ فارم تیار کر رہے ہیں۔ ہاردک اور ڈیوڈ ملر نے بھی بلے سے متاثر کیا ہے جبکہ نچلے آرڈر میں راہل تیواتیا کی موجودگی بلے بازی کو مضبوط کرتی ہے۔ کُل ملاکر یہ کہا جاسکتا ہے کہ شائقین کرکٹ کو راشد خان اور سوریہ کمار یادو کے درمیان ایک   دلچسپ مقابلہ آرائی دیکھنے کو مل سکتی ہے جہاں دونوں اپنی اپنی ٹیم کو کامیاب کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK