• Tue, 23 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ابھیشیک شرما اور شبھ من گل آگ اور برف کی مانند ہیں‘‘

Updated: September 23, 2025, 2:27 PM IST | Agency | Dubai

پاکستان کو دوسرے میچ میں بھی پٹخنی دینے کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو نے ساتھی کھلاڑیوں کی تعریف کی۔ابھیشک نے کہا کہ مخالف ٹیم کو اپنی بلے بازی سے جواب دینا چاہتا تھا۔

Umpire intervenes during a heated argument between players. Photo: PTI
کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی گرما گرمی کے دوران امپائر مداخلت کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ہندوستانی بلے بازوں نے اتوار کو ایشیا کپ کے سپر۔۴؍میں پاکستانی کھلاڑیوں کی گرمی کو اپنے کھیل سے ٹھنڈا کر دیا۔ ۵؍ کیچ چھوٹنے کے باوجود ہندوستانی گیند بازوں نے پاکستان کو ۱۷۱؍ رنوں پر روک دیا۔ اس کے بعد ابھیشیک شرما (۷۴) اور شبھ من گل (۴۷) نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایسی آتش بازی کی، جس کی گونج اسلام آباد تک سنائی دی۔ انہوں نے ۹ء۵؍ اوور میں پہلی وکٹ کیلئے۱۰۶؍رنوں کی شراکت داری کر کے میچ کو پاکستان کی گرفت سے باہر کر دیا۔واضح رہے کہ پاکستان نےپہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵؍وکٹ پر ۱۷۱؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں ٹیم انڈیا نے ۴؍وکٹ گنوا کر  ۱۷۴؍رن بناکر پاکستان کورلگاتار دوسری بار پٹخنی دی۔
  ہندوستان نے ۸؍ دنوں کے اندر دوسری بار پاکستان کو شکست دی۔ ٹیم انڈیا نے لیگ میچ ۷؍ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ سپر۔۴؍میں ۶؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۶؍ وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ شیوم دوبے نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں اور تلک ورما نے ۳۰؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ہندوستان نے اپنی اننگز کا آغاز چھکے سے کیا اور اختتام چوکے سے کیا۔
 پاکستان کے خلاف جیت کے بعد کپتان سوریہ کمار نے ابھیسیک شرما اور شبھ من گل کی تعریف کرتے ہوئے کہا  کہ ’’یہ آگ اور برف جیسا امتزاج ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ یہی میں دیکھنا چاہتا ہوں۔ اگر ایک زبردست بیٹنگ کر رہا ہے تو دوسرا معاون کا کردار ادا کر کے اسٹرائیک کو روٹیٹ کر سکتا ہے۔ ہمیں ایک اچھی شروعات کی ضرورت تھی اور دونوں نے وہ مہیا کی۔ دونوں انڈر۔۱۲؍ سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور  ایک دوسرے کے کھیل کو بخوبی جانتے ہیں۔رن لینے کیلئے آنکھوں کا شارہ ہی ں کافی ہوتا ہے۔‘‘
میچ کے دوران خوب گرما گرمی ہوئی 
 میچ کے پہلے ہی اوور میں ہاردک پانڈیا اور صاحبزادہ کے درمیان تناؤ دیکھنے کو ملا۔ گیند پھینکنے کے بعد ہاردک آگے بڑھے تو صاحبزادہ نے ان کی طرف ہاتھ دکھاتے ہوئے واپس جانے کا اشارہ کیا۔ یہی نہیں نصف سنچری بنانے کے بعد انہوں نے بلے کے ساتھ `’گن سیلیبریشن‘ کیا۔  ہندوستانی اننگز کے پانچویں اوور میں پاکستانی گیند باز حارث رؤف نے ابھیشیک شرما کی طرف گیند پھینکی۔ گل نے امپائر سے شکایت کی۔ امپائر نے حارث کو سمجھایا لیکن وہ نہیں مانے۔ اوور کی آخری گیند پر گل نے چوکا لگایا اور حارث کی طرف گھورتے ہوئے کچھ کہا۔ اس کے بعد حارث گیند بازی کے سرے پر کھڑے ابھیشیک سے الجھ گئے۔ پھر بیچ میں امپائر کو آنا پڑا۔ تاہم اس سے بے فکر نظر آ رہے ابھیشیک نے ۲۴؍گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ ہندوستانی ٹیم ہی نہیں بلکہ یہاں بیٹھے شائقین نے بھی پاکستانی ٹیم کو جواب دیا۔ جب رؤف باؤنڈری کے پاس گئے تو ہندوستانی شائقین ’ کوہلی، کوہلی‘ چلانے لگے۔

ہندوستان نے پاورپلے میں میچ چھین لیا:سلمان آغا
  ہندوستان سے ملنے والی شکست کے بعد پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس  میں اعتراف کیاکہ ان کی ٹیم نے پرفیکٹ گیم نہیں کھیلا اور  ہندوستانی بلے بازوںنے پاور پلے میں شانداربیٹنگ کرکےمیچ ہم سے چھین لیا۔ان کا کہنا تھا ہم نے بولنگ توقع کے مطابق نہیں کی اور اننگز میں ۱۰؍سے ۱۵؍رن کم بنے۔ ہمارا اسکور ۱۸۰؍ رنوں سے زائد ہونا چاہیے تھا۔ 
 سلمان آغا کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ  ہندوستان نےپا کستان کی ناقص کپتانی اور فیلڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۶؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دریں اثنا  سلمان علی آغا نے  ہندوستان  کے خلاف میچ میں فخر زمان کے کیچ آؤٹ کو ممکنہ طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں لگا گیند زمین پر لگی مگر فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے۔

جارح بلے بازی سے ان کاعلاج کیا:ابھیشک شرما
ایشیا کپ میں ہندوستان کا فاتحانہ سفر جاری ہے۔ اتوار کو ٹیم انڈیا نے پاکستان کو ۶؍وکٹوں سے شکست دی۔ اس میں اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی گیند بازوں کی میدان پر اشتعال انگیزی اور توجہ ہٹانے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے  نصف سنچری  بنائی اور ہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ میچ ختم ہونے کے بعد پریزنٹیشن سیرمنی کے دوران ابھیشیک شرما نے کہا’’آج، سب کچھ بہت آسان تھا۔‘‘ انہوں نے کہا’’جس طرح سے وہ بغیر کسی وجہ کے ہمارے سامنے آ رہے تھے، مجھے بالکل پسند نہیں آیا۔ اس لئے میں ان کے پیچھے پڑ گیا۔ میں ان کا علاج اپنی بلے بازی سے کرنا چاہتا تھا جس میں کامیاب بھی ہوا۔‘‘قابل ذکر ہے کہ میچ کے درمیان پاکستان کے گیند باز ہندوستانی بلے بازوں ابھیشیک شرما اور شبھ من گل سے الجھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ حارث رؤف کی گیند پر شبھ من نے ایک چوکا لگایا تھا۔ اسی دوران پاکستان کا یہ تیز گیند باز ابھیشیک شرما سے الجھنے لگا جو نان اسٹرائیک پر کھڑے تھے۔ تاہم امپائر نے اس تنازع کو ختم کرایا اور میچ آگے بڑھا۔ یاد رہے کہ شاندار بلے بازی کے لئے اس مقابلے میں ابھیشیک شرما کو پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ابھیشیک شرما اور شبھ من گل کی اوپننگ جوڑی نے صرف ۵۹؍گیندوں پر ۱۰۵؍رنوں کی شراکت داری کر کے  ہندوستان  کو شاندار آغاز فراہم کیا تھا  جس کی وجہ سے ٹیم انڈیا دیرینہ حریف کو آسانی سے شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK