Updated: December 01, 2025, 12:01 PM IST
|
Agency
| Hyderabad
ابھیشیک شرما کی شاندار ۱۴۸؍ رنوں کی جارحانہ اننگز اور ہرپریت برار کے ۴؍ وکٹوں کی عمدہ بولنگ کی بدولت پنجاب نے اتوار کو سید مشتاق علی ٹرافی، ایلیٹ گروپ’ سی‘ کے میچ میں بنگال کو ۱۱۲؍ رنوں سے شکست دےدی۔
ابھیشیک شرما نے بنگال کے خلاف جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر:آئی این این
ابھیشیک شرما کی شاندار ۱۴۸؍ رنوں کی جارحانہ اننگز اور ہرپریت برار کے ۴؍ وکٹوں کی عمدہ بولنگ کی بدولت پنجاب نے اتوار کو سید مشتاق علی ٹرافی، ایلیٹ گروپ’ سی‘ کے میچ میں بنگال کو ۱۱۲؍ رنوں سے شکست دےدی۔ ابھیشیک شرما کو بہترین کارکردگی پر پلےئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ابھیشیک شرما نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۵۲؍ گیندوں میں ۱۶؍ چھکے اور ۸؍ چوکے مار کر پنجاب کو۲۰؍ اوورز میں۵؍وکٹ پر۳۱۰؍ رن بنانے میں مدد دی۔ جواب میں بنگال نے ۳۱۱؍رنوں کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کپتان ابھیمنیو ایشورن کی ۶۶؍ گیندوں میں۱۳۰؍ رنوں کی شاندار اننگز کے باوجود ٹیم مقررہ اوورز میں۱۹۸؍ رن پر۹؍ وکٹیں پر محدود رہی اور اسے ۱۱۲؍ رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ابھیشیک شرما اور پربھا سمیرن سنگھ کی شراکت میں ۱۲ء۳؍اوورز میں ۲۰۵؍ رن جوڑ کر پنجاب کیلئے ٹی۔۲۰؍میں سب سے بڑی شراکت قائم کی۔پربھا سمیرن نے ۳۵؍ گیندوں میں ۷۰؍ رن بنائے، جس میں ۸؍چوکے اور ۴؍ چھکے شامل تھے۔ ابھیشیک شرما نے ۵۲؍ گیندوں میں ۱۴۸؍رن بنا کر اپنے کریئر کا سب سے بہترین اسکور کیا اور شبھ من گل کے ۱۲۶؍رنوں کے ریکارڈ کو توڑا۔ انہوں نے پنجاب کے لئے سب سے زیادہ چھکے اور چوکے لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ جارح بلے باز ابھیشیک شرمانے اپنی سنچری صرف ۳۲؍ گیندوں پر مکمل کی اور اپنے استاد بائیں ہاتھ کے بلے بازیوراج سنگھ کی برابری پر پہنچ گئے۔ابھیشیک شرما نے اپنی ہاف سنچری محض ۱۲؍گیندوں پر بنائی تھی۔ اگلے سال ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ سے پہلے ان کا فارم میں رہنا ہندوستان کیلئے ایک مثبت اشارہ ہے۔
بنگال کی جانب سے آکاش دیپ نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سمیع، سکشم چودھری اور پردیپت پرمانک نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔یہ میچ ٹی۔۲۰؍میں پنجاب اور بنگال کے درمیان اب تک کا سب سے زیادہ کُل رنز (۵۰۸) کا ریکارڈ بھی بن گیا ہے۔