مروڈ جنجیرہ میں انتخابی جلسے سے این سی پی اجیت پوارکے ریاستی صدر ورکن پارلیمان سنیل تٹکرے کاخطاب
مروڈجنجیرہ میں منعقدہ جلسے میں سنیل تٹکرے تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوان کے بیان کے حوالے سے سنیل تٹکرے نے کہا کہ این سی پی(اجیت پوار) ،بی جے پی اور وزیر اعلی فرنویس کے ساتھ رہے گی۔ مروڈ جنجیرہ میں منعقدہ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راشٹر وادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار)کے ریاستی صدر اور ممبر آف پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا کہ اگر مروڈ شہر کی تہذیب و ثقافت کو بچانا چاہتے ہیں تو مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کو اقتدار سے دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مروڈ شہرکا ایک منفرد مقام ہے۔ یہ تاریخی شہر ہے ۔ لیکن جن کے خلاف کئی جرائم کے معاملات درج ہیں، جن کی پوری زندگی تعزیرات ہند کے تحت گزر رہی ہے۔ جو بامبے ہائی کورٹ سے ضمانت پر آزاد ہیں۔ ایسے لوگوں کو اختیارات نہ دیں تاکہ یہاں کی تہذیب و ثقافت برقرار رہے۔
تٹکرے مروڈ میں بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں این سی پی اورادھو ٹھاکرے سینا کے امیدواروں کے لئے منعقدہ جلسے میں ایم ایل اے مہندر دلوی پر تنقید کررہے تھے۔انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوان کے بیان کے حوالے سے کہا کہ راشٹروادی پارٹی ،بی جے پی اور وزیر اعلی فرنویس کے ساتھ رہے گی۔یاد رہے کہ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ہمیں مہا یوتی صرف۲؍یا۳؍ دسمبر تک قائم رکھنی ہے۔اس بیان پر سنیل تٹکرے نےاتوار کو ہونیوالے جلسے میں واضح کر دیا کہ وہ وزیر اعلی فرنویس کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ این سی پی،ادھو شیو سینا کے سبھی اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ اس موقع پر علی باغ مروڈ ودھان سبھا حلقہ کے صدر امیت نائک، مروڈ تعلقہ زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین منوج بھگت، سابق ضلع پریشد رکن سبودھ مہاڈک، پارٹی کےضلع نائب صدر منگیش ڈانڈیکر، مروڈ تعلقہ صدر فیروز گھلٹے،صدر بلدیہ کی امیدوار آرادھنا دانڈےکر، اور تمام کارپوریٹر امیدوار پلیٹ فارم پر موجود تھے۔ ساتھ ہی، تٹکرے نے واضح بیان دیا کہ صحافیوں کو ایم ایل اے سے پوچھنا چاہیے کہ ریوس کارنجا پل کے کام کو روکنے کی وجہ کیا ہے۔ تٹکرے نے اس موقع پر کہا کہ مروڈ میونسپل کونسل ہمیں دیں۔ہم۔اس شہر کا نقشہ بدل دیں گے۔ شری وردھن ساحل سے زیادہ خوبصورت اس ساحل کو بنائیں گے۔امسال سیاحتی میلے کا اہتمام کیا جائے گا جس سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا اور مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔۔انہوں نے مہیندر دلوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ علی باغ میونسپل کونسل میں اپنا پینل نہیں بنا سکتے وہ عوام کی ترقی کی بات کرتے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ ہم پائیدار ترقی کو ترجیح دیتے ہیں۔