Inquilab Logo

بھیونڈی کے عادل انصاری نے سلور میڈل جیتا

Updated: November 24, 2023, 11:16 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بنکاک میں منعقد پیرا ایشین تیر اندازی چمپئن شپ میں ٹیم انڈیا نے اب تک کی سب سے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۹؍تمغے حاصل کئے۔

Adil Ansari won 2 medals by performing brilliantly. Photo: INN
عادل انصاری نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍تمغے جیتے۔ تصویر : آئی این این

بنکاک میں منعقد پیرا ایشین تیر اندازی چمپئن شپ میں ٹیم انڈیا نے اب تک کی سب سے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۹؍تمغے حاصل کئے۔ ان میں ۴؍گولڈ میڈل بھی شامل ہیں ۔ اس چمپئن شپ میں بھیونڈی شہر کے ہونہار کھلاڑی عادل محمد نظیر انصاری نے ایک مرتبہ پھر ہمت اور حوصلے کی نظیر قائم کرتے ہوئے انفرادی طور برانز اور ڈبلز میں سلور میڈل حاصل کرکے بین الاقوامی سطح پر اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کیا۔
  واضح رہے کہ صنعتی شہر کے اس سپوت نے گزشتہ ماہ ہی چین میں منعقد ایشیائی پیرا گیمز میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اسپائنل کورڈ انجری سے متاثر عادل انصاری نے ایشیائی پیرا گیمز میں تیراندازی کے مردوں کے ڈبلز زمرے میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور اور انفرادی زمرے میں کانسے کا تمغہ جیت کر ملک کے ساتھ ساتھ بھیونڈی کا نام بھی عالمی سطح پر بلند کیا۔انقلاب ایوارڈ یافتہ عادل انصاری نے بتایا کہ ملک اور اپنے شہر کا نام روشن کرنے کیلئے وہ سخت محنت کر رہے ہیں ۔ انہوں اپنی کامیابی کا نسخہ جہد مسلسل بتایا ہے۔
وزیر اعظم نے مبارکباد پیش کی
 وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے لکھا ’’بینکاک میں پیرا ایشین تیر اندازی چمپئن شپ میں ایک تاریخی فتح!ہندوستان کی پیراتیراندازی ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی اور تاریخ میں اپنا نام درج کرانےپربہت بہت مبارکباد!یہ دستہ، چمپئن شپ میں سونے کے ۴؍ تمغوں سمیت کل ۹؍ تمغوں کیساتھ اپنی اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے چمک رہا ہے۔ہر کھلاڑی کو ان کے تعاون کیلئے بہت بہت مبارکباد۔میری دعا ہے کہ وہ ہمیشہ ہمارا سر فخرسے بلند کرتے رہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK