وجے ہزارے ٹرافی میں ٹیم انڈیا کے سابق کپتان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ممبئی نے ۵۱؍رنوں سے میچ جیت لیا، ہاردک تامورے اور شمس ملانی نے بھی کارآمد بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
EPAPER
Updated: December 27, 2025, 11:55 AM IST | Jaipur
وجے ہزارے ٹرافی میں ٹیم انڈیا کے سابق کپتان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ممبئی نے ۵۱؍رنوں سے میچ جیت لیا، ہاردک تامورے اور شمس ملانی نے بھی کارآمد بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
وجے ہزارے ٹرافی کے ایلیٹ گروپ’ سی‘ مقابلے میں ممبئی نے اسٹار بلے باز روہت شرما کے صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتراکھنڈ کو ۵۱؍ رنوں سے شکست دے دی۔ ممبئی کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے اتراکھنڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں ۹؍وکٹوں پر ۲۸۰؍ رن ہی بنا سکی۔ ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۷؍وکٹوں کے نقصان پر ۳۳۱؍رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا۔
گزشتہ میچ کے سنچری میکر روہت شرما کھاتہ کھولے بغیر ہی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں دیویندر سنگھ بورا نے صفر پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد مشیر خان اور سرفراز خان نے اننگز کو سنبھالا اور دونوں بھائیوں نے ۵۵۔ ۵۵؍رن بنائے۔ مشیر خان نے ۵۶؍گیندوں پر ۷؍چوکوں کی مدد سے ۵۵؍رن بنائے جبکہ سرفراز خان نے ۴۹؍ گیندوں پر ۵؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۵؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ مڈل آرڈر بلے باز ہاردک تامورے نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے محض چند رنز کی دوری سے سنچری گنوا دی۔ وہ ۹۳؍ رن پر ناقابلِ شکست رہے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۷؍چوکے اور ۲؍چھکے مارے۔ آل راؤنڈر شمس ملانی نے بھی ۴۸؍ رنوں کی مفید اننگز کھیلی جس میں ۴؍چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
۳۳۲؍ رنوں کے بڑے ہدف کے تعاقب میں اتراکھنڈ نے اچھی مزاحمت کی لیکن منزل تک نہ پہنچ سکے۔ اوپنر یوراج چودھری نے شاندار کھیل پیش کیا اور ۹۶؍ رنوں کی اننگز کھیلی، تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ یوراج نے اپنی ۹۶؍ گیندوں کی اننگز میں ۴؍چوکے اور ۴؍چھکے مارے۔ اتراکھنڈ کی ٹیم۵۰؍اوورز میں ۹؍ وکٹیں گنوا کر ۲۸۰؍ رن ہی بنا سکی اور مقابلہ ۵۱؍رنوں سے ہار گئی۔ دیویندر سنگھ بورا سب سے کامیاب گیند باز رہے، جنہوں نے ۷۴؍رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ممبئی کے گیند بازوں نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے اتراکھنڈ کے بلے بازوں کو آخری اوورز میں کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
دہلی نے گجرات کو ہرایا، ویراٹ کی ہاف سنچری
ایلیٹ گروپ’ ڈی‘ میں دہلی اور گجرات کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی اور کپتان رشبھ پنت کی نصف سنچریوں کی بدولت دہلی نے گجرات کو ۷؍ رنوں سے شکست دے کر ایک اہم کامیابی حاصل کر لی۔ دہلی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۹؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۵۴؍ رن بنائے تھے۔ پلیئر آفی دی میچ ورات کوہلی نے اپنا شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے ۶۱؍گیندوں پر ۷۷؍ رن بنائے، جس میں ۱۳؍چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کپتان رشبھ پنت نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے ۷۹؍گیندوں پر ۷۰؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ ہرش تیاگی نے ۴۰؍ رنوں کا اضافہ کیا۔
۲۵۵؍رنوں کے ہدف کے تعاقب میں گجرات کی ٹیم ۴۷ء۴؍اوورز میں ۲۴۷؍ رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ آریہ دیسائی نے ۵۷؍اور سوربھ چوہان نے ۴۹؍ رن بنا کر گجرات کو جیت کی امید دلائی، لیکن دہلی کے گیند بازوں نے آخری لمحات میں بازی پلٹ دی۔ دہلی کے پرنس یادو نے ۳۷؍ رن دے کر ۳؍ اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ تجربہ کار ایشانت شرما اور ارپت رانا نے ۲۔ ۲؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
رنکو سنگھ کی طوفانی بلے بازی، ذیشان کی تباہ کن گیندبازی، یوپی کی فتح
ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ سے قبل اسٹار بلے باز رنکو سنگھ نے اپنے جارحانہ فارم کا لوہا منوا لیا۔ وجے ہزارے ٹرافی کے ایلیٹ گروپ’ بی‘ مقابلے میں رنکو سنگھ کی برق رفتار سنچری اور آرین جوئیال کی شاندار بلے بازی کی بدولت اتر پردیش نے چندی گڑھ کو ۲۲۷؍ رنوں کے بھاری فرق سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی۔ اتر پردیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۶۷؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا۔
رنکو نے محض ۶۰؍ گیندوں پر ۱۰۶؍ رنوں کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے میدان کے چاروں طرف چوکے اور چھکے برساتے ہوئے ۱۱؍چوکے اور۴؍ فلک بوس چھکے لگائے۔ افتتاحی بلے باز آرین جوئیال نے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے ۱۱۸؍ گیندوں پر ۱۳۴؍ رنوں کی اننگز کھیلی، جس میں ۷؍ چوکے اور ۸؍ چھکے شامل تھے۔ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز دھرو جریل نے بھی ۵۷؍گیندوں پر ۶۷؍ رنوں کا اہم تعاون دیا۔
۳۶۸؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں چندی گڑھ کی ٹیم اتر پردیش کے گیند بازوں کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم صرف ۲۹ء۳؍اوورز میں ۱۴۰؍ رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ یوپی کی جانب سے ذیشان انصاری نے بہترین لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کی اور صرف ۲۹؍ رن دے کر۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔
چندی گڑھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کےلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ اگرچہ یوپی کا پہلا کھلاڑی محض ایک رن پر آؤٹ ہو گیا تھا لیکن اس کے بعد آرین جوئیال اور دھرو جریل کے درمیان ۹۸؍رنوں کی شراکت داری نے میچ کا رخ بدل دیا۔ حیدرآباد کو شکست دینے کے بعد اتر پردیش کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری بڑی جیت ہے۔