گیندبازوں کا جلوہ، آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ۱۵۲؍رن بنائے تو انگلینڈ کی پوری ٹیم ۱۱۰؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔
EPAPER
Updated: December 27, 2025, 11:57 AM IST | Melbourne
گیندبازوں کا جلوہ، آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ۱۵۲؍رن بنائے تو انگلینڈ کی پوری ٹیم ۱۱۰؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔
گزشتہ سال کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے مقابلے میلبورن کی پچ پر صرف ۴؍ ملی میٹر زیادہ گھاس ہونے کی وجہ سے باکسنگ ڈے پر پچ خاصی چیلنجنگ ثابت ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی دن میں ۲۰؍ وکٹیں گریں۔ یہ آسٹریلیا میں پہلے دن گرنے والی مشترکہ طور پر تیسری سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان۵؍میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا چوتھا مقابلہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں جاری ہے۔ پہلے دن انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ انگلش بولروں نے ان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے آسٹریلیائی اننگز کو محض ۱۵۲؍ رنوں پر سمیٹ دیا۔ جواب میں انگلینڈ کی پہلی اننگز بھی کچھ خاص نہ رہی اور وہ صرف ۱۱۰؍رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے ۴؍رن بنا ئے ہیں اور اس طرح میزبان ٹیم کی مجموعی برتری ۴۶؍ رن کی ہو گئی ہے۔ اسکاٹ بولینڈ اور ٹریوس ہیڈ بلے بازی کے لئے میدان میں اترے، جہاں بولینڈ پہلی بار اوپنر کے طور پر سامنے آئے۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز
آسٹریلیا کے ۱۵۲؍ رنوں کے جواب میں انگلینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ صرف ۱۶؍ رن پر ٹیم کے ۴ ؍کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ زیک کراولی ۵؍ رن، بین ڈکٹ ۲؍رن اور جیکب بیتھل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جو روٹ اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ مچل اسٹارک نے کراولی اور ڈکٹ کو جبکہ مائیکل نیسر نے بیتھل اور روٹ کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد ہیری بروک اور بین اسٹوکس کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے ۵۰؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ بروک نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن۳۴؍گیندوں پر ۲؍ چوکے اور اتنے ہی چھکے مارکر وہ ۴۱؍رن پر آؤٹ ہوئے۔ جیمی اسمتھ ۲؍ رن، ول جیکس ۵؍ رن اور کپتان اسٹوکس ۱۶؍رن بنا کر رخصت ہوئے۔ گس اٹکنز نے ۲۸؍ رن بنا کر کچھ مزاحمت کی جبکہ برائیڈن کارس ۴؍اور جوش ٹنگ ایک رن ہی بنا سکے۔ انگلینڈ کے۸؍ بلے باز ڈبل فیگر (دہائی کا ہندسہ) بھی عبور نہ کر سکے۔ آسٹریلیا کیلئےمائیکل نیسرنے ۴؍، اسکاٹ بولینڈنے ۳؍، مچل اسٹارک نے ۲؍ وکٹیں جبکہ کیمرون گرین نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
آسٹریلیاکی پہلی اننگز
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کی حالت بھی پتلی رہی۔ باقاعدہ کپتان پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں اسٹیو اسمتھ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ پوری آسٹریلوی ٹیم ۴۵ء۲؍اوورز میں ۱۵۲؍رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ مائیکل نیسر۳۵؍ رن کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ٹریوس ہیڈ ۱۲؍، جیک ویدرالڈ ۱۰؍، مارنس لابوشین ۶؍اور کپتان اسمتھ صرف ۹؍رن بنا سکے۔ عثمان خواجہ (۲۹) اور ایلکس کیری (۲۰) نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن جلد آؤٹ ہو گئے۔ کیمرون گرین اور نیسر کے درمیان ساتویں وکٹ کیلئے۵۲؍رنوں کی سب سے بڑی شراکت ہوئی۔ اس میچ میں آسٹریلیا کسی ماہر اسپنر کے بغیر میدان میں اترا ہے۔ انگلینڈ کے گیندبازجوش ٹنگ نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے ۵؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ گس اٹکنزنے ۲؍ وکٹیں لیں۔ برائیڈن کارس اور بین اسٹوکس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
بڑی تعداد میں شائقین اسٹیڈیم پہنچے
ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ایشیز سیریز باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا پہلا روز شاندار رہا، آج کے میچ میں زیادہ شائقین کرکٹ کا میچ دیکھنے کا ریکارڈ بن گیا۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نے ۲۰۱۵ءکے ورلڈ کپ فائنل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ایم سی جی میں جاری باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن ۹۳؍ ہزار ۴۴۲؍افراد کرکٹ میچ دیکھنے آئے جبکہ ۲۰۱۵ءکے ورلڈکپ فائنل میں ۹۳؍ ہزار ۱۳؍ شائقین کرکٹ میچ دیکھنے آئے تھے۔