سلمان خان ایک کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ فلم پروڈیوسر، ٹی وی ہوسٹ، گلوکار اورسماجی کارکن بھی ہیں۔
EPAPER
Updated: December 27, 2025, 11:29 AM IST | Mumbai
سلمان خان ایک کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ فلم پروڈیوسر، ٹی وی ہوسٹ، گلوکار اورسماجی کارکن بھی ہیں۔
سلمان خان کا شمار بلاشبہ بالی ووڈ کے محبوب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، اُن کی وجاہت، مقناطیسی شخصیت اور دلکشی نے دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ وہ ایک کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ فلم پروڈیوسر، ٹی وی ہوسٹ، گلوکار اورسماجی کارکن بھی ہیں۔ اپنے منفرد اسٹائل، بہترین اداکاری اور ایکشن فلموں کی وجہ سے بالی وڈ میں ان کا ایک خاص مقام ہے۔ انہوں نے اپنے کرئیرمیں بے شمار چھوٹی بڑی فلموں میں کام کیا اوروقت کے ساتھ ساتھ ان کے مداحوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔
سلمان خان کاپورا نام عبدالرشید سلیم سلمان خان ہےان کی پیدائش ۲۷؍دسمبر ۱۹۶۵ءکو اندور، مدھیہ پردیش میں معروف فلم کہانی کار سلیم خان اور سلمی خان کے یہاں ہوئی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے بالی ووڈمیں قدم رکھااور اپنےفلمی کریئرکا آغاز ۱۹۸۸ءمیں فلم بیوی ہو تو ایسی سے کیا، جبکہ انہیں اصل شناخت ۱۹۸۹ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’میں نے پیار کیا‘ سےملی، یہ فلم ہندوستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل تھی۔ اس فلم کے لیے سلمان خان کو فلم فیئر کے بہترین ڈیبیو اداکارکے ایوارڈ سے نوازا گیا اور ساتھ ہی فلم فیئر کےبہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے ہم آپ کے ہیں کون، کرن ارجن، ہم دل دے چکے صنم، تیرے نام، دبنگ، بجرنگی بھائی جان اور ٹائیگر زندہ ہے جیسی کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔ سلمان خان ایکشن اور ڈراما دونوں طرز کی فلموں میں اپنی مضبوط اداکاری کیلئے جانے جاتے ہیں۔ فلم وانٹیڈکے بعد انہوں نےمسلسل کامیاب ایکشن فلمیں دے کر خود کو بالی ووڈ کے صفِ اول کے اداکاروں میں شامل کر لیا۔ ٹیلی وژن پر بھی سلمان خان کو بے حد مقبولیت حاصل ہوئی، خاص طور پر ریئلٹی شو بگ باس کی میزبانی کے ذریعے، جسے وہ کئی سیزنز سے ہوسٹ کرتے آ رہے ہیں۔ سلمان خان نے اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی۔ انہوں نے کئی بہترین گانے بھی گائے ہیں۔ سلمان خان ایک باڈی بلڈر بھی ہیں۔ وہ روزانہ سخت ورزش کرتے ہیں اور فلموں اور اسٹیج شوز میں پرفارم کرنے کیلئے مشہور ہیں۔ امریکہ کی پیپل میگزین نے ۲۰۰۴ء میں انہیں دنیا کا ساتواں اور ہندوستان کا سب سے خوبصورت مرد قرار دیا تھا۔ ۱۵؍جنوری ۲۰۰۸ءکولندن کے مشہور مادام تساد میوزیم میں سلمان خان کا قدِ آدم مومی مجسمہ نصب کیا گیا۔ اس طرح وہ اس عجائب گھرمیں مومی مجسمے کی صورت میں جگہ پانے والے چوتھے ہندوستانی اداکار بن گئے۔ سلمان خان سماجی خدمت میں بھی سرگرم ہیں۔ وہ بیئنگ ہیومن فاؤنڈیشن کے ذریعے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں فلاحی کام کرتے ہیں۔ سلمان خان کو ان کے مداح محبت سے بھائی جان اور سَلّو بھائی کہتے ہیں اور وہ آج بھی ہندی سنیما کے سب سے بڑے اور مقبول ستاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ کچھ عرصے سے سلمان فلموں میں کم ہی نظر آئے اور اس دوران جوفلمیں ریلیزہوئیں انہیں کامیابی نصیب نہ ہوسکی۔ اس کے باوجود ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ آج بھی وہ صف اول کے اداکاروں میں شامل ہیں اور ان کے فن کا جادو آج بھی برقرار ہے۔