ہندوستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍سیریز کے تیسرے میچ میں ہندوستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف میچ آسانی سے جیت لیابلکہ سیریز میں بھی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔
EPAPER
Updated: December 27, 2025, 11:52 AM IST | Thiruvananthapuram
ہندوستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍سیریز کے تیسرے میچ میں ہندوستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف میچ آسانی سے جیت لیابلکہ سیریز میں بھی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔
ہندوستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍سیریز کے تیسرے میچ میں ہندوستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف میچ آسانی سے جیت لیابلکہ سیریز میں بھی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ میزبان ٹیم سیریز میں تین صفر سے آگے ہے۔ سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۷؍وکٹ پر ۱۱۲؍ رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستان نے ۲؍وکٹوں کے نقصان پر۱۳ء۲؍اوور میں ۱۱۵؍ رن بناکر میچ جیت لیا۔ ٹیم کیلئے شیفالی ورما نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے۷۹؍رن بنائے۔
اس سے قبل تیز گیند باز رینوکا سنگھ ٹھاکر نے ٹیم میں شاندار واپسی کی جبکہ آل راؤنڈر دیپتی شرما خاتون ٹی۲۰؍انٹرنیشنل کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی گیند باز بن گئیں۔ ان دونوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کو ۷؍ وکٹوں پر صرف ۱۱۲؍ رنوں تک محدود کر دیا۔ پچھلے سال دسمبر کے بعد اپنا پہلا ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میچ کھیل رہی رینوکا نے۴؍ اوور میں ایک میڈن کے ساتھ ۲۱؍ رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب تجربہ کار دیپتی شرما (۱۸؍ رن دے کر ۳؍ وکٹیں ) نے اہم مواقع پر وکٹیں لے کر بہترین ساتھ نبھایا۔ اس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلیا کی میگن شٹ کے ساتھ خاتون ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی گیندباز بن گئی ہیں۔ دیپتی نے اس فارمیٹ میں اپنی ۱۵۱؍ویں وکٹ لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
سری لنکا کی حسینی پریرا (۲۵) نے ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا اور رینوکا کے پہلے اوور میں ۲؍ چوکوں کی مدد سے ۱۲؍رن بٹورے۔ دوسری طرف کپتان چامری اٹاپٹو (۳) جدوجہد کرتی نظر آئیں۔ تاہم ٹیم انڈیا نے جلد ہی واپسی کی۔ دیپتی نے اہم کامیابی دلائی جب اٹاپٹو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں گیند بلے کے کنارے سے لگا کر کپتان ہرمن پریت کور کو کیچ دے بیٹھیں۔ اس کے بعد رینوکا نے اپنے دوسرے اسپیل میں دوہرا جھٹکا دیا۔ انہوں نے پہلے فارم میں موجود پریرا کو آؤٹ کیا اور پھر ہرشیتا سمر وکرما (۲) کا اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر انہیں پویلین بھیجا، جس سے سری لنکا کا اسکور ۳؍وکٹوں پر ۳۲؍رن ہو گیا۔ رینوکا نے دسویں اوور میں نیلاکشی ڈی سلوا کو آؤٹ کر کے ٹیم کی گرفت مزید مضبوط کر دی۔ کوشا دلہاری (۲۰) اور ایمشا دلانی (۲۷) نے ۴۰؍ رنوں کی شراکت داری کر کے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن جیسے ہی سری لنکا کی ٹیم واپسی کرتی دکھائی دی، دیپتی نے اپنے ٹی۲۰؍کریئر کی ۱۵۰؍ ویں وکٹ لیتے ہوئے دلہاری کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد دیپتی اور رینوکا مسلسل وقفے سے وکٹیں لیتی رہیں، جس کی وجہ سے سری لنکا کی ٹیم کم اسکور تک محدود رہ گئی۔