دونوں ٹیمیں پہلی بار ہندوستان میںدو طرفہ سیریز کھیلیںگی،تینوں میچ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہوںگے۔
EPAPER
Updated: July 24, 2026, 9:55 AM IST | New Delhi
دونوں ٹیمیں پہلی بار ہندوستان میںدو طرفہ سیریز کھیلیںگی،تینوں میچ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہوںگے۔
افغانستان ستمبر میں ۳؍ ٹی-۲۰؍ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں دہلی میں ہندوستان کی میزبانی کرے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب افغانستان کسی دوطرفہ سیریز میں خود میزبان ہوتے ہوئے ہندوستان ہی میں ہندوستان کے خلاف کھیلے گا۔ یہ سیریز افغانستان کے فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) کا حصہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق تینوں ٹی۔۲۰؍میچ ۱۳، ۱۵؍ اور ۱۷؍ ستمبر کو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ یہ بھی پہلی بار ہوگا کہ دہلی میں ہندوستانی ٹیم کے مسلسل ۳؍ بین الاقوامی میچ ایک ہی میدان پر منعقد ہوں گے۔اس سے قبل احمد آباد، پونے اور کولکاتا میں ہندوستان کے ۳؍ یا اس سے زیادہ مسلسل بین الاقوامی میچ ایک ہی مقام پر کھیلے گئے تھے، تاہم وہ کووڈ۔۱۹؍کے دوران ہوئے تھے، جب ہندوستان نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کی میزبانی کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: سوریا ونشی کی طوفانی نصف سنچری، ہندوستان نے زمبابوے کو مات دی
یہ سیریز کئی اعتبار سے تاریخی ہوگی کیونکہ اس سے پہلے افغانستان اپنے ہوم میچ ہندوستان کے لکھنؤ، دہرادون اور گریٹر نوئیڈا میں کھیلتا رہا ہے، لیکن وہ مقابلے دیگر ٹیموں کے خلاف ہوتے تھے، نہ کہ ہندوستان کے خلاف۔یہ سیریز ہندوستان کے سری لنکا کے دورے اور ایشیائی کھیلوں کے درمیان کھیلی جائے گی۔ ہندوستان کا ۲؍ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سری لنکا کا دورہ ۲۷؍ اگست کو ختم ہوگا جبکہ افغانستان کے خلاف یہ سیریز مکمل ہونے کے فوراً بعد ہندوستانی ٹیم جاپان میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں شرکت کے لئے روانہ ہوگی، جہاں ۲۴؍ ستمبر سے ۳؍اکتوبر تک ٹی۔۲۰؍فارمیٹ میں مقابلے کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ رواں برس جون میں آئی پی ایل کے فوراً بعد ہندوستان نے افغانستان کی میزبانی کی تھی، جہاں واحد ٹیسٹ اور ۳؍ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں ہندوستان نے یکطرفہ کامیابی حاصل کی تھی۔