Inquilab Logo

ایشین چمپئن ٹرافی میں جاپان سے مقابلہ ڈرا، ٹیم انڈیا آج ملائیشیا کے مدمقابل ہوگی

Updated: August 06, 2023, 9:20 AM IST | Chennai

ٹورنامنٹ میں ٹیم کا دوسرا میچ جاپان سے ۱۔۱؍ سے ڈراہوا۔ ہندوستانی ٹیم کے کوچ نے کہاکہ ہمارا دستہ مکمل فنشنگ سے زیادہ دور نہیں ہے

Indian players put up a good fight against Japan. (PTI)
ہندوستانی کھلاڑیوںنے جاپان کے سامنے اچھامقابلہ کیا ۔(پی ٹی آئی )

تقریبا ۶؍ ماہ قبل ورلڈ کپ میں ہندوستان کے ہاتھوں۰۔۸؍ کی ذلت آمیز شکست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جاپان نے جمعہ کو یہاں ایشین چمپئن ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو۱۔۱؍ کی برابری پر روکنے میں کامیابی حاصل کی۔
 اس میچ کے بعد ہندوستان نے اب تک کھیلے جانے والے ۲؍ میچوں میں ۴؍ پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل میں ملائیشیا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جاپان نے ایک پوائنٹ کے ساتھ اپنا کھاتہ کھولا ہے۔ جاپان کے کین ناگایوشی کو `ہیرو آف دی میچ  قرار دیا گیا جنہوں نے ہندوستان کے خلاف واحد گول کیا۔
 ہندوستان نے پورے میچ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ دوسری جانب جاپان کا دفاع بھی شاندار رہا۔ ہندوستان کو میچ کے دوران مجموعی طور پر ۱۴؍ پنالٹی کارنر ملے جن میں وہ صرف ایک کو گول میں تبدیل کر سکا جبکہ جاپان نے اپنے حاصل کردہ ۲؍ پنالٹی کارنر میں سے صرف ایک کو گول میں تبدیل کیا۔ اب ہندوستان کا مقابلہ اتوارکو ملائیشیا سے ہوگا۔ میچ کے بعد ہندوستانی کپتان ہرمن پریت اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے  اور ہندوستان کے۱۳؍ پنالٹی کارنرس کا دفاع کرنے پر جاپان کے دفاع کی بھی تعریف کی۔
 ہندوستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے جاپان کے خلاف ایشین چمپئن  ٹرافی کے میچ میں پنالٹی کارنر کی تبدیلی کی شرح خراب ہونے کا اعتراف کیا اس کے باوجود کہا کہ ان کی ٹیم مکمل فنشنگ سے زیادہ دور نہیں ہے۔پہلے میچ میں ہندوستان نے چین کو۲۔۷؍ سے شکست دی اور ۶؍ گول پنالٹی کارنر سے ہوئے۔ فلٹن نے میچ کے بعد کہا کہ یہ ہر کوچ کیلئے  تشویش کی بات ہے اگر وہ مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں۔ آپ ہمیشہ یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوا۔ آئیے اس کیلئے صحیح امتزاج تلاش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم اپنی حکمت عملی پر عمل نہیں کر رہے۔ ہم جس طرح کھیلنا چاہتے ہیں کھیل رہے ہیں۔  

hockey Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK