Inquilab Logo

آسٹریلیا سے شکست کے بعد ہرمن پریت نے بلے بازی کی ناکامی کا اعتراف کیا

Updated: August 09, 2022, 1:38 PM IST | Agency | Birmingham

کامن ویلتھ کے فائنل میں آسٹریلیا نےہندوستان کو ۹؍رن سے ہرادیا۔ہندوستانی ٹیم کو نقرئی تمغہ ۔ کپتان نے کہا: بلے بازوں نے پرانی غلطیاں دُہرائیں

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے خطابی مقابلے میں بلے بازی کی ناکامی پر ایک بار پھر مایوسی کا اظہار کیا اور اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کو فائنل میں وہی غلطیاں دُہرانے سے گریزکرناچاہئے تھا۔ خواتین کرکٹ کو پہلی بار کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا گیا تھاجس میں ہندوستانی ٹیم کے پاس گولڈ میڈل جیتنے کا سنہری موقع تھا۔ ہندوستان نے تاہم فائنل میں دوبارہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں ۹؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ میں بھی ہندوستانی بلے بازی اسی طرح ناکام ہو گئی جس طرح۲۰۲۰ء میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ اور۲۰۱۷ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران دیکھی گئی تھی۔ ہرمن پریت نے میچ کے بعد کہا ’’ہر بار بڑے  میچ میں ہم وہی غلطیاں دُہرارہے ہیں ۔ یہ وہ چیزہے جس میں ہمیں بہتری لانی ہے۔ ہم لیگ مرحلے یا دو طرفہ سیریز میں اس طرح کی غلطیاں نہیں کرتے ہیں۔ ‘‘ ہندوستان کو آخری ۶؍ اوور میں۵۰؍ رن درکار تھے اور اس کے ۸؍ وکٹ  باقی تھے۔ ہندوستان کو تب آسانی سے جیتنا چاہئے تھا لیکن بلے بازوں کے ناقص شاٹ سلیکشن کی وجہ سے۱۳؍  رن کے اندر ۵؍ وکٹ گنوا دیئے۔ ہرمن پریت اور جمائما روڈریگز نے ۹۶؍ رن کی شراکت کی لیکن دونوں نے ناقص شاٹس کھیلنے کے بعد اپنے وکٹ گنوادیئے۔ ہرمن پریت نے کہا’’ `میں ہمیشہ ایک اضافی بلے باز کی تلاش میں رہتی ہوں۔ ابھی ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔ ایک بار جب ہم اسے حاصل کر لیں گے تو پھر ہم بلے بازی  کی ناکامی سے  نمٹنا سیکھ لیں گے۔‘‘ ہرمن پریت نے مزید کہاکہ جس طرح جمائما اور میں نے ۲؍ وکٹ گنوانے کے بعد بلے بازی کی وہ وقت کی ضرورت تھی۔ آپ کو سکون سے کھیلنے کی ضرورت تھی۔ ہم واقعی ہدف کے قریب تھے۔ ہرمن پریت نے کہا کہ `اگر میں یا پوجا (وستراکر) ٹک جاتے تو ہم میچ جیت سکتے تھے لیکن  یہ کھیل کا حصہ ہے۔ بعض اوقات کچھ چیزیں آپ کے قابو میں نہیں ہوتیں۔ ہمیں یہاں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ ہندوستان کو فائنل میں بھلے ہی شکست ہوئی ہو لیکن ہرمن پریت کامن ویلتھ گیمز کے دوران اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش اور مطمئن ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK