امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) اور اس کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ سے متعلق تنازع کے دوران ایک نئی رپورٹ نے چین میں مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کے بنیادی ڈھانچے کی مالی معاونت سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 9:06 PM IST | New York
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) اور اس کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ سے متعلق تنازع کے دوران ایک نئی رپورٹ نے چین میں مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کے بنیادی ڈھانچے کی مالی معاونت سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) اور اس کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ سے متعلق تنازع کے دوران ایک نئی رپورٹ نے چین میں مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کے بنیادی ڈھانچے کی مالی معاونت سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے چینی مرکزی بینک کے مالیاتی ریکارڈ اور کمپنیوں کی دستاویزات کے جائزے کے مطابق، چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے اہل خانہ اور کاروباری ساتھیوں سے منسلک کمپنیوں نے چین میں اے آئی سرورز اور کمپیوٹنگ آلات کے لیے تقریباً ۳۰ء۱؍ کروڑ ڈالر مالیت کے اثاثوں پر مشتمل مالیاتی انتظامات کیے۔ ان میں تقریباً ۲۷ ؍کروڑ ڈالر مالیت کے اے آئی سرورز اور کمپیوٹنگ ماڈیولز کے علاوہ ۳۱؍ملین ڈالر کے نیٹ ورکنگ آلات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:رام گوپال ورما نے کہا:’’میں مرنے کے بعد بھی زندہ رہوں گا!‘‘
رپورٹ کے مطابق دستاویزات میں ۷۶۴ ؍تک اے آئی سرورز اور کمپیوٹنگ ماڈیولز کا ذکر ہے، جنہیں قرضوں اور دیگر مالیاتی انتظامات کے لیے ضمانت یا لیزنگ کے تحت استعمال کیا گیا۔ ان میں سے بیشتر آلات شنگھائی کے ایک بڑے ڈیٹا سینٹر میں موجود بتائے گئے ہیں۔ یہ مرکز یانگزی ریور ڈیلٹا اے آئی سپر کمپیوٹنگ سینٹر کے نام سے جانا جاتا ہے اور اسے چین کے مصنوعی ذہانت کے شعبے کے لیے ایک اہم کمپیوٹنگ مرکز قرار دیا جاتا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ میں سینچری لٹونگ (Century Litong) نامی کمپنی کا خصوصی طور پر ذکر کیا گیا ہے، جو اینویڈیا کی ترجیحی کلاؤڈ پارٹنر کمپنیوں میں شامل ہے اور صارفین کو طاقتور کمپیوٹنگ سرورز کرائے پر فراہم کرتی ہے۔ مالیاتی ریکارڈ کے مطابق، اس کمپنی نے مئی سے دسمبر ۲۰۲۴ ءکے درمیان پانچ لیزنگ معاہدوں کے ذریعے ۵۱۲ ؍تک سرورز کے لیے مالی معاونت کا انتظام کیا۔ ان سرورز کی مجموعی مالیت تقریباً ۱ء۴۲ ؍ارب یوآن، یعنی لگ بھگ ۲۰ ؍کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔ان معاہدوں میں شامل کئی سرورز شنگھائی کے اے آئی سپر کمپیوٹنگ مرکز میں نصب بتائے گئے ہیں۔ ایک معاہدے میں ۱۲۸ ؍سرورز کا ذکر ہے، جن میں سے ہر سرور میں آٹھ گرافکس پروسیسنگ یونٹس (GPUs) موجود تھے۔ اس طرح مجموعی طور پر ۱۰۲۴ ؍گرافکس پروسیسرز کی گنجائش بنتی ہے۔ دستاویزات میں ان سرورز کی کمپیوٹنگ صلاحیت ۹۸۹ ؍پیٹا فلوپس بتائی گئی ہے، جبکہ ہر سرور کی مالیت تقریباً ۴ لاکھ ۵۰ ہزار ڈالر تک درج کی گئی۔
رپورٹ میں ایک دوسرے مالیاتی انتظام کا بھی ذکر ہے، جس کے تحت ۱۲۸ ؍سرورز کی مالیت تقریباً ۵۷ ؍ ملین ڈالر بتائی گئی۔ اس معاملے میں چین کے سرکاری حمایت یافتہ ہوا بازی اور دفاعی ادارے اے وی آئی سی (AVIC) سے وابستہ مالیاتی ادارے نے رقم فراہم کی اور سرورز سینچری لٹونگ کو لیز پر دیے گئے۔ اس نوعیت کے انتظامات کے ذریعے کمپنیاں مہنگے کمپیوٹنگ آلات خریدنے کے لیے پوری رقم ابتدا ہی میں خرچ کیے بغیر انہیں استعمال کرسکتی ہیں۔مالیاتی دستاویزات میں شنگھائی کے اسی مرکز پر این ویڈیا کے ۱۰ ہزار سے زیادہ کنیکٹ ایکس-۷ (ConnectX-7) نیٹ ورکنگ کارڈز اور ۷۳۰ بلیو فیلڈ-۳ (BlueField-3) یونٹس کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہ آلات بڑے پیمانے پر کمپیوٹنگ نظام میں متعدد سرورز کو آپس میں جوڑنے اور مصنوعی ذہانت سے متعلق پیچیدہ کاموں کی انجام دہی میں مدد دیتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق، الیکٹرانک آلات تیار کرنے والی کمپنی لیٹل الیکٹرانک (Lettall Electronic) نے ۲۰۲۳ ءمیں سینچری لٹونگ میں سرمایہ کاری کی تھی اور ۲۰۲۴ ءکے وسط تک اس کی مکمل مالک بن گئی۔ کمپنی کی دستاویزات سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ لیٹل نے سینچری لٹونگ کے مالیاتی اداروں کے ساتھ سرورز کی لیزنگ سے متعلق معاہدوں کے لیے ضمانتیں فراہم کی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے:بمراہ ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں مشترکہ دوسرے مقام پر، ربادا چھٹے نمبر پر پہنچ گئے
روئٹرز کے جائزے میں سامنے آنے والے کمپنی ریکارڈ کے مطابق، سینچری لٹونگ، سینچری لانگ ٹینگ اور سینچری ہواٹونگ جیسی کمپنیوں کے روابط ایلس ہوانگ کی بہن ہوانگ یو اور ان کے شوہر کانگ وی سے بھی ملتے ہیں۔ کانگ وی سرمایہ کاری کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ان کا نام سینچری لانگ ٹینگ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے طور پر ۲۰۲۲ ءکے ایک سرکاری اعلان میں بھی سامنے آیا تھا۔دستاویزات کے مطابق، ایک اور کمپنی ووہو سینچری لانگ ٹینگ نے اپریل ۲۰۲۶ ء میں ۲۵۲ ؍اے آئی کمپیوٹنگ ماڈیولز کو پنگ آن بینک سے حاصل کیے گئے ۷۰؍ملین ڈالر کے قرض کی ضمانت کے طور پر پیش کیا تھا۔ یہ کمپنی اس سے قبل ہوانگ یو کے زیرِ اکثریتی ملکیت تھی۔ تاہم، دستاویزات میں ان کمپیوٹنگ ماڈیولز کی موجودہ جگہ کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔