Updated: November 25, 2026, 9:04 PM IST
| Paris
ڈونٹ بائے انٹو آکیوپیشن (ڈی بی آئی او) کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ یورپی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے جڑی کمپنیوں کو ۳۶۱؍ ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی این پی پاریباس اور آئی این جی سمیت بڑے یورپی اداروں نے کیٹرپلر اور اسلحہ ساز کمپنیوں میں اپنی سرمایہ کاری اور قرضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
ڈونٹ بائے انٹو آکیوپیشن (ڈی بی آئی او ) اتحاد کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی بینکنگ کمپنی بی این پی پاریباس اور ڈچ قرض دہندہ ادارے آئی این جی نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور نسل کشی سے جڑی کمپنیوں کے ساتھ اپنے مالیاتی تعلقات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ۳۰؍ فلسطینی اور یورپی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے تعاون سے مرتب کی گئی اس اتحاد کی چھٹی رپورٹ میں ایک ہزار ۹۶؍ یورپی مالیاتی اداروں اور ان ۱۰۷؍ کمپنیوں کے درمیان مالی روابط کا جائزہ لیا گیا ہے جن کی سرگرمیوں کو رپورٹ میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ہونے والی خلاف ورزیوں سے جوڑا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بی این پی پاریباس نے کئی کمپنیوں جن میں تعمیراتی آلات بنانے والی امریکی کمپنی کیٹرپلر بھی شامل ہے کی مالی معاونت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے (ویسٹ بینک) میں فلسطینیوں کے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو مسمار کرنے کیلئے کیٹرپلر کے بلڈوزر استعمال کرتی رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فرانسیسی بینک کی جانب سے کیٹرپلر کو دئیے گئے قرضے ۷۲۱؍ ملین ڈالر سے بڑھ کر ۹۸۴؍ ملین ڈالر ہو گئے ہیں، جبکہ کمپنی میں اس کی سرمایہ کاری ۲۰۲۵ء میں ۲۷۵؍ ملین ڈالر سے بڑھ کر ۲۰۲۶ء میں ۶۴۸؍ ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: فلسطینی یونیورسٹی طالب علم کو بغیر مقدمے کے حراست میں رکھنے کی کوشش
اسی طرح آئی این جی نے بھی رپورٹ میں شناخت کی گئی کمپنیوں کے ساتھ اپنے مالی روابط کو وسعت دی ہے۔ اس ڈچ بینک نے اوشکوش کو ۱۱۰؍ ملین ڈالر کی ایک نئی قرض سہولت فراہم کی ہے، جو اسرائیلی وزارتِ دفاع کو فراہم کی جانے والی فوجی گاڑیاں تیار کرتی ہے۔رپورٹ کے یہ نتائج سول سوسائٹی تنظیموں کے بار بار انتباہات کے باوجود، ان کمپنیوں میں بڑے یورپی بینکوں کی مسلسل مالی شمولیت کو اجاگر کرتے ہیں جن کی سرگرمیاں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور فلسطینی علاقوں پر قبضے سے جڑی ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ستمبر ۲۰۲۴ء سے اگست ۲۰۲۶ء کے درمیان یورپی مالیاتی اداروں نے اس رپورٹ میں شامل ۵۶؍ کمپنیوں کو مجموعی طور پر ۳۶۱؍ ارب ڈالر کے قرضے اور انڈر رائٹنگ خدمات فراہم کیں۔ مزید برآں، ۱۵؍ ستمبر ۲۰۲۶ء تک یورپی سرمایہ کاروں کے پاس ان میں سے ۹۰؍ کمپنیوں کے مجموعی طور پر ۷۴۵ء۱؍ ٹریلین ڈالر مالیت کے حصص (شیئرز) اور بانڈز موجود تھے یا وہ ان کا انتظام سنبھالے ہوئے تھے۔ اس فہرست میں دنیا کی بڑی اسلحہ ساز کمپنیاں، ٹیکنالوجی فرمیں، تعمیراتی ادارے، توانائی کے گروپس اور ٹرانسپورٹ آپریٹرز شامل ہیں، جن میں بوئنگ، لاک ہیڈ مارٹن، آر ٹی ایکس، جنرل ڈائنامکس، کیٹرپلر، مائیکروسافٹ، گوگل، ایمیزون اور پالانٹیر ٹیکنالوجیز نمایاں ہیں۔