• Sat, 03 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امن سہراوت نے ۵۷؍ کلوگرام فری اسٹائل کشتی میں طلائی تمغہ جیت لیا

Updated: October 03, 2026, 6:09 PM IST | New Delhi

ہندوستانی پہلوان امن سہراوت نے ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کی ۵۷؍ کلوگرام فری اسٹائل کشتی میں طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔

Aman Sehrawat.Photo:X
امن سہراوت۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی پہلوان امن سہراوت نے ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کی ۵۷؍ کلوگرام فری اسٹائل کشتی  میں طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔ امن نے سنسنی خیز فائنل میں شمالی کوریا کے موجودہ عالمی چیمپئن  ہان چونگ سونگ کو ۷۔۱۱؍ سے شکست دے کر ایشیائی کھیلوں میں پہلی بار طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ۲۳؍ سالہ امن سہراوت کے لیے یہ کامیابی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے۲۰۲۲ء کے ہانگژو ایشین گیمز میں اسی وزن کے زمرے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا، جبکہ ۲۰۲۴ء پیرس اولمپکس میں بھی وہ کانسہ کا تمغہ حاصل کرچکے ہیں۔ اس طرح ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں طلائی تمغہ جیت کر امن نے اپنے بین الاقوامی تمغوں کے ذخیرے میں ایک اور بڑی کامیابی شامل کرلی۔ 

یہ بھی پڑھئے:ارچناپورن سنگھ کے خاندان کی یوٹیوب سے زبردست کمائی، نیا مکان خریدنے کی تیاری

فائنل مقابلے میں امن نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا، لیکن جلد ہی ہان چونگ سونگ کے دفاع کو توڑتے ہوئے پوائنٹس حاصل کیے۔ ایک مرحلے پر ہندوستانی پہلوان نے ۱۔۶؍ کی برتری  حاصل کرلی تھی، تاہم شمالی کوریا کے عالمی چیمپئن نے زبردست واپسی کرتے ہوئے اسکور ۶۔۷؍ کردیا۔ اس موقع پر امن نے دباؤ میں آنے کے بجائے اپنی حکمت عملی برقرار رکھی اور مقابلے کے آخری مرحلے میں فیصلہ کن حملہ کرتے ہوئے دوبارہ برتری حاصل کرلی۔ 

یہ بھی پڑھئے:پریٹوریئس نے ۷۹؍ گیندوں پر ۱۸۸؍ رنز بنا کر کرس گیل کا ریکارڈ توڑا

مقابلے کے اختتامی لمحات میں امن نے اہم دو پوائنٹس حاصل کیے اور اس کے بعد ہان کی جانب سے کیا گیا چیلنج بھی ناکام ہوگیا، جس پر امن کو ایک اضافی پوائنٹ ملا۔ یوں ہندوستانی پہلوان نے مقابلہ ۷۔۱۱؍ سے جیت کر طلائی تمغہ یقینی بنا لیا۔ امن نے فائنل تک پہنچنے کے سفر میں بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے ابتدائی مقابلے میں جاپان کے  یاماتو اوگاوا  کو ۹۔۲۰؍ سے شکست دی، اس کے بعد قزاخستان کے  نورڈانات ایٹانوف  کو ۱۔۱۲؍سے ہرایا۔ سیمی فائنل میں تاجکستان کے  آیال بیلولوبسکی  کے خلاف امن ایک وقت میں  ۲۔۶؍سے پیچھے تھے، لیکن دوسرے مرحلے میں زبردست واپسی کرتے ہوئے ۱۲؍ پوائنٹس حاصل کیے اور مقابلہ ۸۔۱۴؍ سے اپنے نام کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔ امن سہراوت کی کامیابی ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں ہندوستانی کشتی کے لیے بھی اہم ہے۔ ان کا طلائی تمغہ ۶۵؍کلوگرام میں سجیت ککل  کے گولڈ کے بعد ان کھیلوں میں ہندوستان کا فری اسٹائل کشتی میں دوسرا طلائی تمغہ ہے۔  امن کی یہ کامیابی ان کے مسلسل عروج کی عکاسی کرتی ہے۔ ہانگژو میں کانسہ، پیرس اولمپکس میں کانسی اور اب ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد ۵۷؍ کلوگرام فری اسٹائل میں امن سہراوت نے بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی مزید مضبوط کرلی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK