• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ نمبر ون، پیرس اولمپکس کا اختتام

Updated: August 12, 2024, 10:14 PM IST | Paris

پیرس اولمپکس۲۰۲۴ء گیمز میں تمغوں کی سنچری بنانے والے امریکہ نے۱۲۶؍ تمغوں کے ساتھ اپنا نمبر ایک کا درجہ برقرار رکھا ہے۔ چین۹۱؍ تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے

Paris Olympic Closing Ceremony.Photo:INN
پیرس اولمپکس ۔(تصویر:آئی این این)

پیرس اولمپکس۲۰۲۴ء گیمز میں تمغوں کی سنچری بنانے والے امریکہ نے۱۲۶؍ تمغوں کے ساتھ اپنا نمبر ایک کا درجہ برقرار رکھا ہے۔ چین۹۱؍ تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ لاس اینجلس میں ۲۰۲۸ء میں ملنے کے وعدے کے ساتھ پیرس اولمپک گیمز ۲۰۲۴ء کی اختتامی تقریب کا آغاز فرانسیسی تیراک لیون مارچنڈ نے اولمپک فلیم بجھاکر کیا اور آخر میں ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز   کےاولمپک پرچم  کے ساتھ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کے اسٹنٹ نے شائقین میں  جوش بھر دیا۔
امریکہ نے سب سے زیادہ۱۲۶؍ تمغے جیتے ہیں جن میں ۴۰؍ طلائی،۴۴؍ چاندی اور۴۲؍  کانسہ  کے تمغے شامل ہیں اور میڈل ٹیبل میں سرفہرست ہے  جبکہ چین۴۰؍ گولڈ،۲۷؍ سلور اور ۲۴؍ کانسے کے تمغے  سمیت کل۹۱؍ تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے۔ اس کے بعد تیسرے نمبر پر رہنے والے جاپان نے۲۰؍ طلائی، ۱۲؍ چاندی اور۱۳؍ کانسہ کے تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر۴۵؍ تمغے جیتے۔ چوتھے نمبر پر موجود آسٹریلیا نے مجموعی طور پر۵۳؍ تمغے جیتے جن میں  ۱۸؍ طلائی،۱۹؍ چاندی اور۱۶؍ کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔
اسی طرح میزبان فرانس۱۶؍ طلائی، ۲۵؍ چاندی اور۲۲؍ کانسے کے تمغوں کے ساتھ کل۶۴؍ تمغوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔ چھٹے نمبر پر موجود ہالینڈ نے ۱۵؍ طلائی، ۷؍ چاندی اور۱۲؍ کانسہ کے تمغوں کے ساتھ کل۳۴؍ تمغے جیتے ہیں۔ برطانیہ ۱۴؍ طلائی،۲۲؍ چاندی اور۲۹؍ کانسہ کے تمغوں کے ساتھ۶۵؍ تمغے جیت کر ۷؍ویں نمبر پر رہا، جنوبی کوریا ۱۳؍طلائی،۹؍چاندی اور۱۰؍ کانسہ کے تمغوں کے ساتھ کل۳۲؍ تمغوں کے ساتھ ۸؍ویں نمبر پر رہا۔ اٹلی ۱۲؍طلائی، ۱۳؍ چاندی اور۱۵؍ کانسہ کے تمغوں سمیت کل۴۰؍ تمغے جیت کر ۹؍ویں اور جرمنی۱۲؍ طلائی، ۱۳؍ چاندی اور ۸؍ کانسہ کے مجموعی۳۳؍ تمغے جیت کر ۱۰؍ویں نمبر پر رہا۔ ہندوستان کل ۶؍ تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل میں۷۱؍ ویں نمبر پر ہے۔ ہندوستان نے ایک چاندی اور ۵؍ کانسہ کے تمغے جیتے ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس۲۰۲۰ء میں ہندوستان کو کل ۷؍ تمغے تھے۔
اتوار کی رات دیر تقریباً۸۰؍ ہزار شائقین کی موجودگی میں اسٹیڈ ڈی فرانس اسٹیڈیم میں روایتی انداز میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریڈ ہاٹ چلی پیپرس کی موسیقی اور رنگ برنگ روشنیوں، آتش بازی، آرٹ اور رقص کے ساتھ اختتامی  تقریب مکمل ہوئی۔ تقریب میں لاس اینجلس کو ۲۰۲۸ء کے اگلے اولمپکس کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی۔گزشتہ دو ہفتوں سے سخت محنت کرنے والے کھلاڑیوں نے اپنے اپنے ممالک کی پریڈ میں حصہ لیا۔ ہندوستانی دستے کی قیادت منو بھاکر اور پی آر سریجیش نے کی۔
’وال آف انڈیا‘ کے نام سے مشہور سریجیش نے ان کھیلوں میں ہندوستان کے لئے کانسہ کا تمغہ جیتنے کے ساتھ ہی ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ ہندوستان نے کانسہ کے تمغے کے مقابلے میں اسپین کے خلاف۱۔۲؍گول  سے کامیابی حاصل کی جس میں اسپین کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا تھا۔  سریجیش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ کے خلاف کوارٹر فائنل شوٹ آؤٹ میں۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہی ہندوستانی ٹیم کو  میچ میں برقرار رہنے میں مدد کی۔ 
منو بھاکر نے کھیلوں کے ایک ہی ایڈیشن میں دو تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کی۔انہوں نے۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسہ کا تمغہ جیتا اور بعد میں سربجوت سنگھ کے ساتھ ۱۰؍میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ایک اور کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستانی دستے نے پیرس اولمپکس کھیلوں میں ایک چاندی اور ۵؍ کانسہ کے تمغوں سمیت کل ۶؍ تمغے جیتے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK