Inquilab Logo

امریکہ کے ٹیافو نے رافیل ندال کو شکست دے کر یو ایس اوپن سے باہرکردیا

Updated: September 07, 2022, 12:33 PM IST | Agency | New York

اسپینش اسٹار نے یوایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں ۴؍ سیٹوں میں ہار مان لی۔ اسپین کے ہی کارلوس نے مارین سلچ کو شکست دے دی

US Open Men`s Singles Quarterfinal Lineup Complete .Picture:INN
یو ایس اوپن کے مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل کی لائن اپ مکمل ۔ تصویر:آئی این این

امریکہ کے فرانسس ٹیافو نے۲۲؍ بار کے گرینڈ سلیم فاتح اور دوسری سیڈیڈ رافیل ندال کو ایک بڑے اپ سیٹ میں شکست دے کر یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی کی۔ ٹیافو نے پیر کو چوتھے راؤنڈ میں ۴؍ بار کے یو ایس اوپن چمپئن ندال کو ۴۔۶، ۶۔۴، ۴۔۶، ۳۔۶؍ سے شکست دی۔۲۴؍سالہ ٹیافو نے ۳؍ گھنٹے ۳۱؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں تیسری مرتبہ ٹاپ۵؍ رینکنگ کے کھلاڑی کو شکست دی۔ جیت کے بعد جذباتی ہوتے ہوئے ٹیافو نے کہا ’’میں خوش ہوں اور جذباتی بھی۔ میں یقین نہیں کر سکتا۔ میں نے آج ناقابل یقین ٹینس کھیلاہے۔ میں واقعی میں نہیں جانتا کہ کیا ہوا۔‘‘ٹیافو نے اس سے قبل ندال کے خلاف ۲؍ میچ کھیلے تھے جہاں وہ ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکے۔ اس بار امریکی کھلاڑی نے۴۹؍ وننگ شاٹس لگائے اور پانسا پلٹتے ہوئے ندال سے آسٹریلین اوپن ۲۰۱۹ء کے کوارٹر فائنل کی  ہار کا بدلہ لے  لیا۔ٹیافو نے کہا ’’جب میں پہلی بار بین الاقوامی ٹینس میں داخل ہوا تو مجھے ایسا لگا کہ بہت سے لوگوں کو مجھ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی ہیں۔ میں اس کیلئے ذہنی طور پر تیار نہیں تھا۔ پچھلے کچھ برسوں کے دوران میں نے تناؤ پر قابو پالیا جس کی وجہ سے مجھے بہتر ہونے میں مدد ملی۔ میرے پیچھے ایک بڑی ٹیم ہے۔ میں اپنی زندگی میں جہاں ہوں اس سے خوش ہوں۔ میں اپنے طریقے سے ٹینس کھیلنے  میں اہل ہوں اور اس کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں جو مجھے پسند  ہے۔‘‘کوارٹر فائنل میں۲۲؍ ویں سیڈ ٹیافو کا مقابلہ آندرے روبلیوف سے ہوگا، جو برطانیہ کے کیمرون نوری کو۴۔۶، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے ہرا کر چوتھے راؤنڈ میں پہنچے ہیں۔ رافیل ندال اپنے ۵؍ویں یو ایس اوپن اور ریکارڈ۲۳؍ ویں گرینڈ سلیم خطاب کی تلاش میں تھے، حالانکہ اس ہار نے ان کا انتظار طویل کر دیا ہے۔ آسٹریلین اوپن اور رولا گیرو میں سال کے پہلے ۲؍ بڑے خطاب  جیتنے والے۳۶؍ سالہ کھلاڑی فی الحال پیپراسٹون اے ٹی پی لائیو رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں، لیکن ان کی شکستوں نے کارلوس القراظ اور کیسپر روڈ کیلئے راستہ کھول دیا ہے۔ اسپین کے کارلوس القراظ نے پیر کو کروشیا کے مارین  سلِچ کو۴۔۶، ۶۔۳، ۴۔۶، ۶۔۴، ۳۔۶؍ سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ ناروے کے کیسپرروڈ پہلے ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK