• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹینس گیند کے ٹورنامنٹ انڈین اسٹریٹ پریمیر لیگ کا اعلان

Updated: November 28, 2023, 11:09 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

شاستری ، آشیش شیلار اور امول کالے نے ٹورنامنٹ کا اعلان کیا۔۱۰؍اوور کے مقابلے میں ۶؍ریاست کی ٹیموں کی شرکت۔

Ashish Shelar, Ravi Shastri and Amul Kale. Photo: Inquilab, Syed Sameer Abdi
آشیش شیلار، روی شاستری اور امول کالے۔ تصویر : انقلاب ، سید سمیرعابدی

پیر کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ٹینس کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ انڈین اسٹریٹ پریمیر لیگ (آئی ایس پی ایل ) کا اعلان کیاگیا۔ اس موقع پر سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر روی شاستری، بی سی سی آئی کے خزانچی آشیش شیلار اور ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر امول کالے بھی موجود تھے۔ 
۲؍تا ۹؍ مارچ ۲۰۲۴ء تک کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں کل ۶؍ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ ٹیمیں ۶؍ریاستوں کی فرنچائزی پر منحصر ہوں گی اور یہ اپنی ریاست کی نمائندگی کریں گی۔ ان میں ممبئی (مہاراشٹر)، حیدرآباد (تلنگانہ اور آندھرا پردیش )، بنگلور (کرناٹک )، چنئی (تمل ناڈو )، کولکاتا (مغربی بنگال ) اور سری نگر کی ٹیمیں شامل ہیں ۔خیال رہے کہ یہ ٹورنامنٹ ۱۰؍  اوور کا ہوگا اور ٹینس گیند سے کھیلا جائے گا۔ 
روی شاستری نے اس موقع پر کہاکہ ’’ہم نے اس اعلان کے ساتھ ہی کھلاڑیوں کے رجسٹریشن کیلئے ویب سائٹ بھی اوپن کردی ہے اور گلی کرکٹ کھیلنے والے ماہر کھلاڑی اس پر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ میں نے اپنے بچپن میں ماہم اور ماٹنگا میں بہت گلی کرکٹ کھیلا ہے۔ جب میں ۹۔۱۰؍ برس کا تھا اس وقت ماہم کی گلیوں میں کرکٹ کھیلا کرتا تھا، اس کے بعد ۱۳؍ برس کی عمر میں میں نے ڈان باسکو اسکول کی نمائندگی کی تھی۔ اس کے بعدمیں نے سی ایس ایم ٹی کے میدان پر ٹینس گیند سے کرکٹ کھیلا ہے۔ اس میں کھلاڑی اپنے تجربہ کا بھرپور استعمال کرتے ہیں ۔ خیال رہے کہ روی شاستری کو اس ٹورنامنٹ کا چیف مینٹور بنایا گیا ہے۔ دوسری طرف آشیش شیلار اور امول کالے اس کی کور کمیٹی کے ممبر ہیں۔ 
روی شاستری نے ہندوستان کی ورلڈ کپ کارکردگی کے تعلق سے کہاکہ ٹیم نے بہت اچھا پرفارم کیا۔ خصوصی طورپر ۳؍ میچ کے بعد بولرس کی کارکردگی حیران کن تھی۔ ٹیم ہار گئی اس کا افسوس ہے لیکن ہم سبھی کو اسے بھول کر آگے بڑھ جانا چاہئے۔ اب اگلے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی جانب توجہ مرکوز کرنی چاہئے جوکہ اگلے سال ہونے والا ہے۔ اس وقت ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف اچھا کھیل رہی ہے۔ بی سی سی آئی کے خزانچی آشیش شیلار نے کہا کہ گلی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں اپنی پسند کا شاٹ کھیل سکتے ہیں اور انہیں کسی بھی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی کی گلی میں کھیلنے والے کرکٹر اس ٹورنامنٹ کے ذریعہ سری نگر میں بھی کھیلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان کرکٹر کیلئے یہ بالکل نیا تجربہ ہوگا ۔ گلی کرکٹر صرف اسٹیڈیم میں کرکٹ کا خواب دیکھتے تھے لیکن انہیں اس ٹورنامنٹ کے ذریعہ اسٹیڈیم میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ بی سی سی آئی کے خزانچی نے کہاکہ ہم سورج ساونت کو اس ٹورنامنٹ کا کمشنر مقرر کررہے ہیں۔ 
 ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر امول کالے نے کہاکہ ہم اس ٹورنامنٹ کا اعلان کرتے ہوئےبہت خوش ہیں کیونکہ ہمارا مقصد ٹینس کرکٹ کو بچانا ہے۔آج کہیں نہ کہیں یہ کرکٹ ختم ہورہا ہے اور ہماری کوشش یہی ہے کہ ہم اسے بچائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتےہیں کہ اس ٹورنامنٹ کا پہلا سیزن کامیاب رہے گا اور اس کے ذریعہ ہم دوسرے سیزن کی تیاری بھی بہتر انداز میں کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK