ہندوستان کی خواتین پہلوانوں نے ۴؍ تمغے جیتے جن میں ۲؍ سونے کے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 20, 2025, 11:26 AM IST | Budapest
ہندوستان کی خواتین پہلوانوں نے ۴؍ تمغے جیتے جن میں ۲؍ سونے کے ہیں۔
اولمپین انتم پنگھل اور ہرشیتا نے ہنگری کے بڈاپیسٹ میں پالک ایمرے اور ورگا جانوس میموریل۲۰۲۵ء ریسلنگ ٹورنامنٹ میں اپنے اپنے وزن کے زمرے میں فتوحات کے ساتھ سونے کے تمغے جیتے۔ ہندوستان کی خواتین پہلوانوں نے جمعہ کو کل ۴؍ تمغے جیتے جن میں ۲؍ سونے، ایک چاندی اور ایک کانسے کا تمغہ شامل تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد ۶؍ ہو گئی ہے۔ فائنل میں انتم پنگھل نے نتالیہ مالیشیوا کو ۴۔ ۷؍ سے ہرا کر اس سال اپنا دوسرا بین الاقوامی گولڈ میڈل جیتا۔ اس سے قبل اس نے اس سال مئی میں اولانبتار اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پیرس۲۰۲۴ء اولمپکس کے دوبارہ میچ میں انتم پنگھل نے ترکی کی زینپ یتگل کو۰۔ ۱۰؍ کی زبردست جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ پچھلے سال پیرس میں ہندوستانی پہلوان اپنے ابتدائی مقابلے میں اسی اسکور سے ترک پہلوان سے ہار گئے تھے۔ دو بار کی جونیئر ورلڈ ریسلنگ چمپئن انتم نے سیمی فائنل میں ایک اور شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے امریکہ کی فیلیسیٹی کے ٹیلر کو۰۔ ۱۰؍ سے شکست دے کر گولڈ میڈل میچ میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی نارڈک سسٹم میں مقابلہ کرنے والی ہرشیتا نے۷۲؍ کلوگرام زمرے میں ہندوستان کے لیے دن کا دوسرا گولڈ میڈل جیتا۔ اس نے فائنل راؤنڈ میں چار بار کی ایشین چمپئن قزاخستان کی جمیلہ باکبرجینوا کو شکست دی۔ پچھلے راؤنڈ میں ہرشیتا نے فرانس کی پولین لیکارپینٹیر کو نااہلی کی وجہ سے اور کیسنیا بوراکووا کو فاؤل کے ذریعے شکست دی۔
دریں اثنا، نیہا سنگوان کو۵۷؍ کلوگرام کے زمرے میں فائنل میں امریکہ کی سابق اولمپک چمپئن ہیلن مارولس کے خلاف پن فاؤل کے ذریعے ۰۔ ۴؍ سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ ۱۸؍ سالہ نیہا سنگوان نے کوارٹر فائنل میں سابق جونیئر عالمی چمپئن قزاخستان کی نیلوفر رائمووا کو ۲۔ ۷؍ سے اور سیمی فائنل میں ہنگری کی روزا سیزنٹماسی کو۴۔ ۸؍ سے شکست دے کر گولڈ میڈل کے مقابلے میں جگہ بنائی۔ خواتین کے۵۰؍ کلوگرام زمرے میں نیلم نے فائنل میں کیسینیا اسٹینکیووچ کو شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتا۔