ہندوستانی شطرنج کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہوگیا ہے۔مدھیہ پردیش کو بھی پہلی مرتبہ ملا گرینڈ ماسٹر، فلپائن میں ساتویں آسیان پلس انفرادی اوپن شطرنج چیمپئن شپ جیت کر حاصل کیا اعزاز۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 4:05 PM IST | New Delhi
ہندوستانی شطرنج کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہوگیا ہے۔مدھیہ پردیش کو بھی پہلی مرتبہ ملا گرینڈ ماسٹر، فلپائن میں ساتویں آسیان پلس انفرادی اوپن شطرنج چیمپئن شپ جیت کر حاصل کیا اعزاز۔
ہندوستانی شطرنج کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہوگیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے نوجوان شطرنج کھلاڑی انوج شریواتری نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے۱۰۰؍ویں گرینڈ ماسٹر (Grandmaster) بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے فلپائن میں منعقدہ ساتویں آسیان پلس انفرادی اوپن شطرنج چیمپئن شپ جیت کر یہ تاریخی کامیابی اپنے نام کی۔ انوج کی اس کامیابی کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش کو بھی شطرنج کی تاریخ میں اپنا پہلا گرینڈ ماسٹر مل گیا ہے۔
۲۲؍ سالہ انوج شریواتری نے فلپائن کے شہر اوزامیز میں منعقدہ اس مقابلے میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں انہیں مقامی کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس کے بعد انہوں نے زبردست واپسی کرتے ہوئے اگلے مقابلوں میں بہترین کھیل پیش کیا۔ انہوں نے آخری ۸؍ مقابلوں میں ۷؍ پوائنٹس حاصل کیے اور مجموعی طور پر ۹؍ راؤنڈ کے مقابلے میں ۷؍ پوائنٹس کے ساتھ خطاب اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ ہندوستان کے ۱۰۰؍ویں گرینڈ ماسٹر بن گئے۔ ویتنام کے گرینڈ ماسٹر نگویَن ڈک ہوا ۶ء۵؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر رہے، جبکہ انوج نے ان سے نصف پوائنٹ کی برتری حاصل کی۔
یہ بھی پڑھئے:نیلم کوٹھاری نے فرح خان کے ساتھ اپنا خاندانی رشتہ بتایا
انوج شریواتری کی کامیابی کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ انہیں فیڈے سے منظور شدہ خصوصی مقابلے کے ضوابط کے تحت براہ راست گرینڈ ماسٹر کا خطاب حاصل ہوا۔ عام طور پر گرینڈ ماسٹر بننے کے لیے کسی کھلاڑی کو تین جی ایم نورم حاصل کرنے کے ساتھ کم از کم ۲۵۰۰؍ ایلو ریٹنگ تک پہنچنا ضروری ہوتا ہے۔ تاہم اس مقابلے کے لیے مخصوص شرائط کے تحت فاتح کو براہ راست گرینڈ ماسٹر کا خطاب دینے کی منظوری حاصل تھی۔
انوج نے اس مقابلے میں ۲۴۵۰؍ ریٹنگ کے ساتھ چوتھی سیڈ حاصل کی تھی۔ ان کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ابتدائی شکست کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس مقابلے میں انہیں ۳؍ ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم بھی ملی۔ ہندوستانی شطرنج کے لیے یہ کامیابی کئی اعتبار سے اہمیت رکھتی ہے۔ ملک کو اپنا پہلا گرینڈ ماسٹر لیجنڈری شطرنج کھلاڑی وشواناتھن آنند کی شکل میں ۱۹۸۸ء میں ملا تھا۔ تقریباً ۳۸؍ برس بعد ہندوستان نے گرینڈ ماسٹروں کی تعداد ۱۰۰؍ تک پہنچا دی ہے۔
اس دوران ہندوستان میں شطرنج کے کھیل نے تیزی سے ترقی کی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ خاص طور پر گزشتہ ڈیڑھ دہائی میں ہندوستانی شطرنج میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ انوج سے قبل وی ایس رتنویل نے ۲۰۲۶ء میں ہندوستان کے ۹۹؍ویں گرینڈ ماسٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب انوج نے ۱۰۰؍ویں گرینڈ ماسٹر بن کر ملک کے لیے ایک نئی تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:آئزن کوٹ کو دعوت، نیتن یاہو ہاتھ ملتے رہ گئے
انوج شریواتری کی کامیابی کے پیچھے برسوں کی محنت، جدوجہد اور قربانیاں شامل ہیں۔ مدھیہ پردیش کے کٹنی سے تعلق رکھنے والے انوج نے محض ۷؍ برس کی عمر میں ۲۰۱۱ء میں شطرنج کھیلنا شروع کیا تھا۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تربیت وی کے تیواری سے حاصل کی اور بعد میں کئی ماہر کوچز سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے کھیل کو بہتر بنایا۔انوج نے لوولی پروفیشنل یونیورسٹی سے بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی، جہاں انہوں نے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ میں مہارت حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہیں جرمنی کی ایک کمپنی میں سافٹ ویئر انجینئر کی ملازمت بھی مل گئی تھی۔ تاہم شطرنج سے ان کی گہری دلچسپی اور گرینڈ ماسٹر بننے کے خواب نے انہیں ملازمت چھوڑ کر مکمل طور پر کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کرنے پر آمادہ کیا۔
ان کے والد اشوک شریواتری اور والدہ نے بھی اس سفر میں بھرپور تعاون کیا۔ انوج کے والد نے اپنے بیٹے کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مالی اور ذاتی سطح پر کئی قربانیاں دیں اور مختلف ملکوں میں منعقد ہونے والے شطرنج مقابلوں میں شرکت کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی۔آل انڈیا شطرنج فیڈریشن کے صدر نتن نارنگ نے انوج شریواتری کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ انوج کے گرینڈ ماسٹر نمبر ۱۰۰ ؍ بننے کے ساتھ ہندوستان نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ یہ ہندوستانی شطرنج کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور اب ملک کا اگلا ہدف ۲۰۰؍ گرینڈ ماسٹر تیار کرنا ہونا چاہیے۔انوج شریواتری کی یہ کامیابی نہ صرف مدھیہ پردیش بلکہ پورے ہندوستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی جدوجہد نوجوان شطرنج کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے کہ مسلسل محنت، مضبوط عزم اور اپنے مقصد کے تئیں مکمل لگن کے ذریعے بڑے سے بڑا خواب حقیقت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔