نیتن یاہو کے سخت مخالف گادی آئزن کوٹ کو صدر ہرزوگ نے ۲۸؍ دن کا موقع دیا، سیکڑوں اسرائیلیوں کا مظاہرہ ،نئے اتحاد میں عرب جماعتوں کو شامل کرنے کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 10:56 AM IST | Agency | Tel Aviv
نیتن یاہو کے سخت مخالف گادی آئزن کوٹ کو صدر ہرزوگ نے ۲۸؍ دن کا موقع دیا، سیکڑوں اسرائیلیوں کا مظاہرہ ،نئے اتحاد میں عرب جماعتوں کو شامل کرنے کا مطالبہ۔
اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ملک کی اگلی حکومت بنانے کیلئے اپوزیشن لیڈر اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کو باضابطہ دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے لئے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے کیوں کہ آئزن کوٹ کے بعد مکمل اکثریت کی حمایت ہے جبکہ نیتن یاہو دعوت حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور بھی لگارہے تھے لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ صدر ہرزوگ صدارتی محل میں ایک تقریب کے دوران آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کے لیے باضابطہ طور پر مدعو کریں گے۔ اس کے بعد آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لیے ۲۸؍ دن ہوں گے۔ ضرورت پڑنے پر انہیں ۱۴؍ دن کی مزید مہلت دی جاسکتی ہے۔
آئزن کوٹ کے پاس کیا متبادل ہیں؟
تاہم، ان سفارشات کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لئے درکار اکثریت ہے۔ اس کے پاس صرف یہ موقع ہے کہ وہ پہلے اتحاد بنانے کی کوشش کرے۔ اسے مختلف نظریات کی حامل جماعتوں کو اکٹھا کرنے کا چیلنج درپیش ہو گا۔آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لیے کئی متبادل ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی آسان نہیں ہے۔ ایک متبادل اقلیتی حکومت بنانا ہے جس کی حمایت باہر سے عرب قانون سازکریں ۔ دوسرا آپشن الٹرا آرتھوڈوکس یہودی جماعتوں کے ساتھ معاہدہ کرنا ہے جو روایتی طور پر نیتن یاہو کی حمایت کرتی رہی ہیں۔ تیسرا آپشن یہ ہو سکتا ہے کہ لیکوڈ پارٹی کے ساتھ مل کر قومی اتحاد کی حکومت بنائی جائے۔ تاہم یہ تیسرا آپشن انتہائی چیلنجنگ ہے۔ آئزن کوٹ نے بارہا واضح کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے ساتھ کسی حکومت میں شامل نہیں ہوں گے۔ ایسے میں یہ آپشن وہ استعمال نہیں کرنا چاہیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: دھن تیرس پر ماروتی کی ۳۰؍ ہزار کاریں فروخت
سیکڑوں اسرائیلی شہریوں کا مظاہرہ
دریں اثناء صدر کے اعلان سے قبل سنیچر کی رات سیکڑوں اسرائیلی شہریوں نے نئے حکومتی اتحاد کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئے اتحاد میںعرب جماعتوں کو شامل کیا جائے اور عہدہ سے ہٹنے والے وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکمرانی کو باضابطہ طور پر ختم کیا جائے۔ ان مظاہرہین نے واضح کیا کہ اب وہ نیتن یاہو کی واپسی کسی بھی قیمت پر نہیں چاہتے ہیں۔ اسرائیلی اخبارہاریٹز کی رپورٹ کے مطابق شمالی اسرائیل کی یزرئیل وادی میں تقریباً ۳۰۰؍ مظاہرین نے عرب گروپس کو نئی حکومت میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریلی نکالی اور کہا کہ اسرائیل کی سلامتی کیلئے عرب گروپس کو ساتھ لانا ضروری ہے۔
تل ابیب میں بھی مظاہرہ
دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسی دوران وسطی تل ابیب کے حبیما اسکوائر میں کئی سو افراد یکساں مطالبات کے ساتھ جمع ہوئے۔تل ابیب میں مظاہرین نے عربی اور عبرانی زبان میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا، ’’ ۶۷؍ نشستیں۔ آئیے نیا راستہ اختیار کریں‘‘در اصل ۶۷؍ کا عدد۱۲۰؍ رکنی کنیسٹ میں نیتن یاہو کی مخالفت کرنے والے گروپس کی مجموعی نشستوں کی تعداد کو ظاہر کرتا ہے، بشمول عرب جوائنٹ لسٹ اور رعام کے۔اس کے علاوہ مظاہرین نے’’شراکت کے بغیر، کوئی امن نہیں،‘‘ کے نعرے لگائےاور تقسیم کرو اور حکومت کروکے خاتمے کے ساتھ سب کے لئے آزادی اور مساوات کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
آئزن کوٹ کیلئے کیا چیلنج ہے؟
سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ آیا آئزن کوٹ ۶۷؍اراکین پارلیمنٹ کی حمایت کو حکومت سازی میں تبدیل کرسکتے ہیں یا نہیں۔ایسا کرنےکیلئے انہیں سینٹرسٹ، دائیں بازو، بائیں بازو، عرب، اور الٹرا آرتھوڈوکس ایم پیز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہوگی۔اگر آئزن کوٹ حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو نیتن یاہو سب سے بڑی پارٹی کے لیڈرہونے کے باوجود وزارت عظمیٰ سے محروم ہو سکتے ہیں۔ تاہم اگر آئزن کوٹ ناکام ہو جاتے ہیںتو نیتن یاہو کو ایک بار پھرموقع مل سکتا ہے۔