Inquilab Logo

ارجنٹائنا نے۳۶؍سال بعد جیتا عالمی کپ، فائنل میں فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہرادیا

Updated: December 19, 2022, 3:04 PM IST | Doha

قطر میں کھیلے جانےوالے ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائنا نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر۲۔۴؍سے شکست دی

fifa world cup photo;INN
فیفا ورلڈ کپ تصویر :آئی این این

قطر میں کھیلے جانےوالے ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائنا نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر۲۔۴؍سے شکست دی۔  اس کے ساتھ ہی وہ۳۶؍ سال بعد ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب  رہا۔ ارجنٹائنا  نے۱۹۷۸ء اور۱۹۸۶ء کے بعد اب تیسری بار یہ خطاب جیتا ہے۔ مقررہ۹۰؍ منٹ تک میچ۲۔۲؍گول سے برابر رہنے کے بعد میچ ایکسٹرا ٹائم میں چلا گیا۔ وہاں لیونل میسی نے گول کر کے ارجنٹائنا کو ۲۔۳؍سے آگے کردیا لیکن کائلیان ایمباپے  نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۱۷؍ ویں منٹ میں گول کرکے میچ کو۳۔۳؍گول سے برابری پر لادیا۔ اس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ارجنٹائنا نے  میچ اپنے نام کرلیا۔
 ارجنٹائنا نے۱۰۸؍ویں منٹ میں لیونل میسی کے گول کی بدولت۲۔۳؍سے برتری حاصل کی۔ لیکن، ایمباپے کے شاندار گول سے اسکور  پھر ۳۔۳؍ہوگیا۔۹۰؍منٹ کے بعد اسکور لائن۲۔۲؍ سے برابر رہا ۔ اس کے میچ ایکسٹرا ٹائم میں داخل ہوگیا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے۹۰؍ منٹ میں ۴؍ گول ہوئے۔ ارجنٹائنا نے پہلے ہاف میں۲؍ گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ ٹیم کی جانب سے لیونل میسی نے۲۳؍ویں منٹ اور اینجل ڈی ماریا نے ۳۶؍ویں منٹ میں گول کیا۔ وہیں  فرانس کے  کائلیان ایمباپے نے۹۷؍سیکنڈ میں ۲؍گول کرکے اسکورکو ۲۔۲؍سے برابر کردیا۔ ایمباپے نے۸۰؍ منٹ میں پنالٹی سے اور۸۱؍ ویں منٹ میں فیلڈ گول کیا۔میچ کے۲۱؍ویں منٹ میں ارجنٹائنا کے اینجل ڈی ماریا  فرانس کے پنالٹی باکس کی  طرف گیند لے کر دوڑے۔وہ لیفٹ ونگ سے دوڑ لگاکر باکس کے اندر پہنچے لیکن فرانس کے عثمان دیمبیلے نے ان پر فاؤل کردیا۔ فاؤل کے بعد ریفری نے ارجنٹائنا کو پنالٹی دی۔لیونل میسی نے۲۳؍ویں منٹ میں پنالٹی شاٹ مارا اور ٹیم کو۰۔۱؍ سے آگے کیا۔ اس گول کے ساتھ میسی کے ٹورنامنٹ میں ۶؍گول ہوگئے ہیں۔ وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ابتدائی برتری کے باوجود ارجنٹائنا نے فرانس پر حملے جاری رکھے۔۳۵؍ ویں منٹ میں ارجنٹائنا کے لیونل میسی رائٹ ونگ سے گیند لے کر دوڑے۔ انہوں نے فرانس کے پنالٹی باکس میں ساتھی کھلاڑی میک  الیسٹر کو پاس کیا۔ میک الیسٹر نے اسی وقت  اینجل ڈی ماریا کو گیند دی۔۳۶؍ویں منٹ میں فرانس کے گول کیپر ہیوگو لوریس  ڈی ماریا کی طرف دوڑے لیکن ڈی ماریا نے گول کی طرف  شاٹ ماردیا۔ گیند سیدھی نیٹ میں گئی اور اسکور ارجنٹائنا کے حق میں۰۔۲؍گول  سے ہوگیا۔
  دوسرے ہاف میں فرانس کا غلبہ رہا۔ فرانسیسی کھلاڑی ایمباپے نے سیکنڈ ہاف کے۸۰؍ اور۸۱؍ ویں منٹ میں ۲؍گول کئے۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول پر۶؍شاٹس لگائے لیکن صرف فرانس ہی۲؍ شاٹس کو گول میں بدل سکا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹائنا نے۲؍اور فرانس نے۳؍کارنر لئے۔ارجنٹائنا نے پہلے ہاف کے دوران فرانس پر دباؤ برقرار رکھا۔ ٹیم نے فرانس کو گول کی طرف  ایک بھی شاٹ نہیں مارنے دیا جبکہ پہلے ہاف میں ارجنٹائنا نے گول پر۶؍ شاٹس مارے۔ ان میں سے ۲؍ شاٹس پر گول بھی ہوئے۔  ارجنٹائنا نے پہلے ہاف میں دو کارنر لئے لیکن فرانس کو ایک بھی کارنر لینے نہیں دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK