• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ارجن رامپال نےماڈل سے سنجیدہ اداکار تک کا سفر طے کیا

Updated: November 26, 2026, 12:43 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہندی سینما میں کچھ اداکار ایسے ہوتے ہیں جن کی شخصیت ہی ان کی سب سے بڑی پہچان بن جاتی ہے۔ لمبا قد، پرکشش چہرہ اور پر وقار انداز، یہ سب ارجن رامپال کی پہچان ہے۔

Arjun Rampal played the role of a villain in several films. Photo: INN
ارجن رامپال نے کئی فلموں میں ویلن کا کردار ادا کیا۔ تصویر: آئی این این

ہندی سینما میں کچھ اداکار ایسے ہوتے ہیں جن کی شخصیت ہی ان کی سب سے بڑی پہچان بن جاتی ہے۔ لمبا قد، پرکشش چہرہ اور پر وقار انداز، یہ سب ارجن رامپال کی پہچان ہے۔ لیکن ارجن رامپال صرف ایک خوبصورت چہرے والے اداکار نہیں ہیں، بلکہ انھوں نے اپنی محنت سے خود کو ایک سنجیدہ اور ورسٹائل اداکار کے طور پر بھی منوایا ہے۔ ماڈلنگ کی دنیا سے شروع ہونے والا ان کا سفر نیشنل فلم ایوارڈ تک پہنچا اور آج بھی جاری ہے۔

ارجن رامپال ۲۶؍نومبر ۱۹۷۲ءکومدھیہ پردیش کے شہر جبل پورمیںپیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک فوجی پس منظر والے خاندان سے تھا۔ ان کے والد امر جیت رامپال ایک بزنس مین تھے اور والدہ گوین رامپال ایک استاد تھیں۔ والدین کی علیحدگی کے بعد ارجن اپنی ماں کےساتھ رہے۔ انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم دیولالی، ناسک کےسینٹ پیٹرک اسکول سے حاصل کی، جہاں ان کی ماں پڑھاتی تھیں۔ اس کے بعد انھوں نے تمل ناڈو کے مشہور کوڈائیکنال انٹرنیشنل اسکول سے تعلیم مکمل کی اور۱۹۹۰ءمیںگریجویشن کے لیے دہلی آگئے۔ دہلی یونیورسٹی کے ہندو کالج سے انھوں نے اکنامکس میں آنرز کی ڈگری حاصل کی۔پڑھائی کے دوران ہی ان کی دلچسپی ماڈلنگ میں بڑھنے لگی۔ دہلی کے ایک ڈسکو میں ایک پارٹی کے دوران مشہور فیشن ڈیزائنر روہت بال کی نظر ان پر پڑی۔ روہت بال نےانھیں اپنے پروں تلے لے لیا اور ماڈلنگ کی دنیا میں آگے بڑھایا۔

یہ بھی پڑھئے: جوہی پھر سے شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند

بہت جلد ارجن رامپال ملک کے سب سے کامیاب مرد ماڈلز میں شمار ہونے لگے۔ماڈلنگ کی کامیابی کے بعد فلموں کاراستہ کھلا۔ انھوں نے ۲۰۰۱ءمیںفلم پیار عشق اور محبت سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس کے بعدانھوں نے دیوانگی، دل ہے تمہارا، دل کا رشتہ اور تہذیب جیسی فلموں میں کام کیا۔ شروع میں ان کی فلموں کو وہ کامیابی نہیں ملی جس کی توقع تھی، اور کئی ناقدین نے انھیں صرف ایک ماڈل قرار دے کر مستردکردیا۔ لیکن ارجن نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل اپنے کرداروں پر محنت کرتے رہے۔ان کے کریئر میں اصل موڑ ۲۰۰۶ء میں آیا، جب وہ شاہ رخ خان کی فلم ڈان میں نظر آئے۔ اس فلم نے انھیں دوبارہ روشنی میں لایا۔ اس کے بعد۲۰۰۷ءمیںاوم شانتی اوم آئی، جس میں انھوں نے مکیش مہرہ عرف مائیک کا منفی کردار ادا کیا۔ یہ کردار ان کے کریئر کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ ان کے ولن کے انداز، ڈائیلاگ اور اسکرین پریزنس کو خوب سراہا گیا اور اس کے لیے انھیں بہترین منفی کردار کے لیے نامزدگی بھی ملی۔

لیکن ارجن رامپال کی سب سے بڑی کامیابی۲۰۰۸ءمیں فلم راک آن سےملی۔ اس فلم میں انھوں نے جوزف عرف جو ماسکرینہاس کا کردار ادا کیا، جو ایک ٹوٹے ہوئے خوابوں والا موسیقار تھا۔ اس کردار میں ان کی اداکاری اتنی فطری اور دل کو چھو لینے والی تھی کہ ناظرین اور ناقدین دونوں حیران رہ گئے۔ اس فلم کے لیے انھیں بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ دونوں ملے۔ یہ ان کے کریئر کا سب سے بڑا اعزاز تھا اور اس نے ثابت کر دیا کہ ارجن صرف ایک ماڈل نہیں، بلکہ ایک سنجیدہ اداکار بھی ہیں۔

اس کے بعد انھوں نے ہاؤس فل، راج نیتی اور را ون جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ را ون میں انھوں نے را ون کا ولن کردار ادا کیا، جو ان کے منفی کرداروں میں ایک اور یادگار اضافہ تھا۔۲۰۱۳ء میں فلم ڈی ڈے میں ان کی اداکاری کو بھی بے حد سراہا گیا۔ اس فلم میں انھوں نے ایک خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کیا اور ناقدین نے ان کی پختہ اداکاری کی خوب تعریف کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK