Inquilab Logo

آرسنل اور یونائٹیڈ یوروپا کے اگلے راؤنڈ میں، نیپولی اور لیسسٹر سٹی باہر

Updated: February 27, 2021, 2:29 PM IST | Agency | Paris

آرسنل فٹبال کلب نے بینفیکا کو شکست دے دی۔یونائٹیڈ اور ریئل سوسائیڈیڈ کا میچ ڈرا ۔ لیسسٹر سٹی کو پراگ کے فٹبال کلب نے باہر کردیا

Europa League - Pic : INN
یوروپا لیگ ۔ تصویر : آئی این این

پیئرے ایمرک اوبامیانگ کے آخری وقت میں کئے جانے والے گول کی بدولت آرسنل یوروپا لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ میں داخل ہوگیا۔ دوسری طرف مانچسٹر یونائٹیڈ نے بھی یوئیفا کے ٹورنامنٹ میں پیشقدمی کی۔ لیسسٹر سٹی اور نیپولی فٹبال کلبوں کے ساتھ جرمنی کے بائر لیورکوزین اور ہوفین ہیم دونوں فٹبال کلب باہر ہوگئے۔ روما نے بھی راؤنڈ۱۶؍ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 
 یوئیفا یوروپا لیگ  کے راؤنڈ ۳۲؍ کے میچ میں آرسنل نے بینفیکا فٹبال کلب کو ۲۔۳؍ سے ہرا دیا۔ ان دونوں کے درمیان پہلے مرحلہ کا میچ ایک ایک گول سے ڈرا ہوا تھا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے یہ میچ پرتگال کی بجائے روم میں کھیلا گیا تھا۔اس کا دوسرا لیگ ایتھنز میں کھیلا گیا جس میں آرسنل کیلئے پیئرے ایمرک نے ۲؍گول کئے اور کیران ٹیری نے کیا۔ پرتگالی کلب کی جانب سے ڈیگو گونسالیس اور رافا سلوا نے ایک ایک گول کیا۔ اس فتح کے ساتھ آرسنل کا کلب راؤنڈ ۱۶؍ میں داخل ہوگیا ہے۔
 انگلینڈ کے ایک اورفٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے بھی اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ یونائٹیڈ اور ریئل سوسائیڈیڈ کے درمیان مقابلہ بغیر گول کے ڈرا ہوا لیکن پہلے مرحلے میں یونائٹیڈ نے صفر۔۴؍سے کامیابی حاصل کی تھی اور اس کا فائدہ اسے اس  مرحلے میں ہوا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ نے صفر۔۴؍ کے مجموعی اسکور کی بدولت اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ 
 لیسسٹر سٹی فٹبال کلب یوئیفا یوروپا لیگ سے باہر ہوگیا۔ دوسرے مرحلے کے میچ میں اسے سلاویا پرا گ کے ہاتھوں صفر۔۲؍ سے شکست ہوئی۔ پہلے مرحلے میں دونوں کے درمیان مقابلہ بغیرگول کے ڈرا ہوا تھا۔ سلاویا کیلئے لوکاس پرووڈ اور عبداللہ سیما نے ایک ایک گول کیا۔ 
 اٹلی کے کلب اے سی میلان کو بیرون شہر  گول کا فائدہ ہوا اور وہ اگلے راؤنڈ میں داخل ہوگیاہے۔ اے سی میلان اور کروینا زویزڈا کا مقابلہ ایک ایک گول سے ڈرا ہوا۔ دونوںکے درمیان پہلے مرحلے کا میچ بھی ۲۔۲؍گول سے ڈرا ہوا تھا۔ اے سی میلان نے کروینا کے خلاف اس کی میزبانی میں ۲؍گول کئے تھے اس لئے وہ راؤنڈ ۱۶؍ کیلئے کوالیفائی ہوگیا۔ جمعرات کی رات فرینک کیسے نے اے سی میلان کیلئے ایک گول کیا۔
 اٹلی کے فٹبال کلب روما نے بھی یوروپا کے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اسے دونوں لیگ میں کامیابی ملی تھی اور اس کا مجموعی اسکور ایک۔۵؍رہا۔ پہلے مرحلے میں روما نے صفر۔۲؍ سے کامیابی حاصل کی تھی اور دوسرے مرحلے میں اسے ایک۔۳؍سے کامیابی ملی۔ جمعرات کے میچ میں رومافٹبال کلب کیلئے ایڈین زیکو ،کارلس پیریز اور بوریا مایورل نے ایک ایک گول کیا۔ 
 نیپولی فٹبال کلب کو جمعرات کے میچ میں  ایک۔۲؍ سے کامیابی ملی لیکن مجموعی اسکور کی بنیاد پر وہ باہر ہوگیا۔ اسے پہلے مرحلے کے میچ میں غرناطہ کے ہاتھوں صفر۔۲؍ سے شکست ہوئی تھی اور اسپین کے کلب نے ۲۔۳؍ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے راؤنڈ ۱۶؍کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK