میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں ۳۷۱؍رن بنانے کے بعد انگلینڈ کے ۸؍بلے بازوں کو ۲۱۳؍رنوں پر پویلین بھیج دیا، پیٹ کمنز نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔
EPAPER
Updated: December 19, 2025, 12:07 PM IST
میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں ۳۷۱؍رن بنانے کے بعد انگلینڈ کے ۸؍بلے بازوں کو ۲۱۳؍رنوں پر پویلین بھیج دیا، پیٹ کمنز نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔
مچل اسٹارک (۵۴) اور اسکاٹ بولنڈ (۱۴؍ ناٹ آؤٹ) کی جدوجہد سے پُر اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے تیسرے ایشیز ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعرات کو ۳۷۱؍ رنوں کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کے ۲۱۳؍ کے اسکور پر۸؍ وکٹ جھٹک کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ انگلینڈ اس وقت آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور سے۱۵۸؍رن پیچھے ہے۔ بین اسٹوکس (۴۵؍ ناٹ آؤٹ) اور جوفرا آرچر (۳۰؍ ناٹ آؤٹ) جدوجہد سے پُر بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کریز پر موجود ہیں۔ جمعرات کوآسٹریلیا نے کل کے۸؍ وکٹ پر ۳۲۶؍رنوں سے آگے کھیلناشروع کیا۔ صبح کے سیشن میں آسٹریلیا کا نواں وکٹ ۳۴۸؍کے اسکور پر مچل اسٹارک (۵۴) کی صورت میں گرا۔ جوفرا آرچر نے ۹۲؍ویں اوور کی پہلی گیند پر ناتھن لیون (۹) کو ایل بی ڈبلیو کرکے آسٹریلیا کی اننگز ختم کردی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ برائیڈن کارس اور ول جیکس کو ۲۔ ۲؍ وکٹ ملے۔ جوش ٹنگ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے ۷۱؍ پر ۴؍ وکٹیں گنوا دیں۔ جیک کرولی (۹)، اولی پوپ (۳)، بین ڈکٹ (۲۹) اور جو روٹ (۱۹) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک اور کپتان بین اسٹوکس نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بھی بنائے۔ نصف سنچری کے قریب پہنچنے والے ہیری بروک کو۳۷؍ویں اوور میں کیمرون گرین نے آؤٹ کردیا۔ ہیری بروک نے۶۳؍ گیندوں میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۴۵؍ رن بنائے۔ جیمی اسمتھ (۲۲)، ول جیکس (۶) اور برائیڈن کارس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
۱۶۸؍ رنوں پر ۸؍ وکٹیں گرنے کے بعد بلے بازی کرنے آئے جوفرا آرچر نے اسٹوکس کے ساتھ مورچہ سنبھالا۔ بین اسٹوکس نے ۱۵۱؍ گیندوں کا سامنا کیا اور ۴؍ گھنٹے سے زائد بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست ۴۵؍رن بنائے، لیکن کپتان کو میدان پر زیادہ ساتھ نہیں ملا۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت انگلینڈ نے ۸؍ وکٹ پر ۲۱۳؍ رن بنالئے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔ اسکاٹ بولنڈ اور ناتھن لیون کو۲۔ ۲؍ وکٹ ملے۔ کیمرون گرین نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔