دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی امید، میزبان ٹیم کو پنالٹی کارنر پر گول کرنے کی صلاحیت کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت۔
EPAPER
Updated: August 31, 2025, 11:31 AM IST | Rajgir
دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی امید، میزبان ٹیم کو پنالٹی کارنر پر گول کرنے کی صلاحیت کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت۔
ہندوستان مردوں کے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں آج جاپان کے خلاف اپنا بہترین کھیل دکھانے کے ارادے سے اترے گا، اس امید کے ساتھ کہ وہ پہلے میچ میں چین کے خلاف اپنے مایوس کن کھیل کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہندوستانی ٹیم نے جمعہ کو پول ’اے‘ کے اپنے پہلے میچ میں عالمی نمبر ۲۳؍چین کے خلاف ۳۔ ۴؍ سے سخت مقابلہ جیت لیا تھا، لیکن ان کی کارکردگی کچھ خاص متاثر کن نہیں تھی۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ درجہ بندی والی ٹیم ہے اور ایشیا کپ جیتنے کا مضبوط دعویدار بھی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم اگلے سال بلجیم اور نیدرلینڈس میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرے گی۔
ہندوستانی ہاکی ٹیم نے چین کے خلاف شاندار آغاز کیا تھا لیکن کھیل آگے بڑھنے کے ساتھ کھلاڑیوں کے تال میل میں کمی نظر آئی۔ اپنے دوسرے میچ میں ہندوستانی دفاع کو تیز رفتار جاپانی ٹیم کے خلاف چوکنا رہنا ہوگا، جس نے اپنے پہلے میچ میں قزاخستان کے خلاف ۷؍ گول کئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ چین کے خلاف ہندوستان کے تمام ۴؍ گول پنالٹی کارنر سے آئے، جس میں کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ہیٹ ٹرک بنائی، لیکن وہ ایک پنالٹی اسٹروک کو گول میں تبدیل کرنے سے محروم رہ گئے تھے۔ جگراج سنگھ، ہرمن پریت، سنجے اور امت روہیداس جیسے ۴؍ڈریگ فلکر کے ساتھ ہندوستان کو پنالٹی کارنر کو گول میں بدلنے کی شرح میں بھی بہتری لانی ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ کامیابی کےلئے صرف پنالٹی پر انحصار کرنے سے گریز کرنا ہوگا اور فیلڈ گول کرتے ہوئے مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرنی ہوگی۔
بنگلہ دیش نے چینی تائیپے کوہرایا
بنگلہ دیش نےسنیچر کو مردوں کے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے پول’ بی‘ میچ میں چینی تائیپے کو ۳۔ ۸؍سے روند کر ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔ بنگلہ دیش کو اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا سے چار ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ چینی تائیپے کو اپنے پہلے مقابلے میں کوریا سے ۷۔ صفرکی عبرتناک شکست کے بعد مسلسل دوسری ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلہ دیش نے پوری طرح سے میچ پر اپنا غلبہ قائم رکھا اور آخری ۲؍ کوارٹرز میں ۵؍ گول کئے۔ بنگلہ دیش اپنے آخری پول میچ میں یکم ستمبر کو کوریا سے ٹکرائے گا جبکہ اسی دن چینی تائیپے کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔
ملائیشیا نے کوریا کو شکست دی
دفاعی چمپئن کوریا کی ایشیا کپ کا خطاب بچانے کی مہم کو سنیچر کے روز یہاں ملائیشیا کے خلاف چار ایک کی بڑی شکست سے زبردست دھچکا لگا۔ دن کے دوسرے میچ میں ۵؍ بار کی چمپئن کوریا نے دوسرے ہی منٹ میں جیون ہیو جن کے فیلڈ گول سے برتری حاصل کر لی تھی اور ایسا محسوس ہوا کہ ٹیم اس میچ میں آسانی کامیابی حاصل کر لے گی۔ لیکن ملائیشیا کے ارادے کچھ اور ہی تھے۔ اخیم اللہ انور (۲۹؍ویں، ۳۴؍ ویں، ۵۸؍ویں منٹ) کی ہیٹ ٹرک اور عشران ہمساینی کے ایک فیلڈ گول کی بدولت شاندار واپسی کرتے ہوئے کوریا کو ہرا دیا۔