Inquilab Logo

اٹلانٹا کا میچ ڈرا ہونے سے’ انٹر‘ سیری اےکے خطاب پرقابض

Updated: May 04, 2021, 1:09 PM IST | Agency | Milan

سال۲۰۱۰ء کے بعد انٹرمیلان نے اطالوی لیگ کا خطاب جیت لیا۔ ۲۰۱۱ء کے بعد انٹرمیلان کی ٹیم نے پہلی بار کوئی ٹرافی جیتی۔اٹلانٹاکا میچ ایک ایک سے ڈرا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 میلان (ایجنسی): اتوارکو انٹر میلان فٹبال کلب نے اٹلی کی فٹبال لیگ سیری اے کا خطاب اپنے نام کرلیا۔یہ اس وقت ممکن ہوا کہ جب پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر موجود اٹلانٹا نے سسوولو فٹبال کلب کے ساتھ  ایک۔ ایک سے ڈرا کھیلا۔ اس میچ کے بعد جب یہ اعلان کیا گیا کہ انٹر میلان چمپئن  بن گیا ہے تو شائقین نے جشن منانا شروع کردیا۔ انٹر میلان نے ۲۰۱۰ءکے بعد پہلی بار سیری اے کا ٹائٹل جیتا ہے جبکہ یہ۲۰۱۱ءکے بعد اس کا پہلا خطاب  بھی ہے۔ اس نے  مجموعی طور پر۱۹؍ ویں مرتبہ سیری اے کا اعزاز حاصل کیاہے۔
 اگر اٹلانٹا میچ جیت جاتا تو  انٹر کو ٹائٹل جیتنے سے دور رکھ سکتا تھا کیونکہ ٹیم کو۴؍ اور میچ کھیلنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انٹر نے تجربہ کار اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم  یووینٹس  کا غلبہ ختم کردیا ، جس نے مسلسل ۹؍ بار یہ اعزاز جیتاتھا۔ انٹر میلان نے سنیچر کی دیر رات کروٹونے کو  صفر۔۲؍ سے شکست دی تھی۔
 سیری اے کے ٹیبل میں انٹرمیلان کے اب ۳۴؍میچوں میں ۸۲؍پوائنٹس ہیں اور دوسرے نمبرپر موجود اٹلانٹا کے ۳۴؍میچوں میں ۶۹؍ پوائنٹس ہیں۔ اٹلانٹا اگر اپنے ۴؍میچ جیت بھی جاتا ہے تو اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد ۸۱؍پوائنٹس ہوگی اور وہ انٹرمیلان سے ایک پوائنٹ پیچھے ہی رہے گا۔ اس لئے ۴؍میچ قبل ہی انٹرمیلان نے سیری اےکا خطاب جیت لیا۔ 
 ۲۰۱۰ء میں انٹرمیلان نے ایک سیزن میں لیگ خطاب، چمپئن لیگ  اور اٹالین کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ اب اس نے سیری اے کا چمپئن ہونے کے ساتھ ہی اگلے سیزن میں چمپئن لیگ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیاہے۔ 
 اس وقت انٹرمیلان کے کوچ انٹونیو کوٹنے ہیں اور انہوں نےیووینٹس کے ۹؍خطاب جیتنے کےآغاز کے ۳؍سیزن میں ٹیم کی کوچنگ کی تھی۔ انٹونیو کونٹے نے کہاکہ میرے کریئر کی یہ بہت اہم کامیابی ہے۔ خیال رہے کہ ۲۰۱۷ء میں کونٹے نے چیلسی کو انگلش پریمیر لیگ کا چمپئن بنایا تھا۔ انہوںنے مزید کہاکہ انٹرمیں آنے کا فیصلہ بہت مشکل تھا کیونکہ اس وقت ٹیم میں کامیابی کی امید کم نظرآتی تھی۔ ہمیں سب سے زیادہ خطرہ یووینٹس کلب سے تھا جس کی میں نے کوچنگ کی تھی۔ میں نے انٹرمیلان کے چیلنج کو قبول کیا اور آج اس کا نتیجہ سبھی دیکھ رہے ہیں۔  
 انٹرمیلان کوسب سے پہلے مبارکباد یووینٹس فٹبال کلب نے دی کیونکہ ۹؍سال سے اس خطاب پر یووینٹس کا ہی قبضہ تھالیکن اس بار یووینٹس نے اپنے کوچ کوتبدیل کردیا تھا  اور اس کا مثبت نتیجہ خطاب کی شکل میں ملا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK