Inquilab Logo

ایٹلیٹیکواور ریئل کی فتح، بارسلونا کی شکست

Updated: May 18, 2021, 12:15 PM IST | Agency | Madrid

لالیگا میں ریئل میڈرڈ نے ایتھلیٹک بلباؤ کو شکست دی۔ ایٹلیٹیکو نے اوساسونا کو ہرادیا۔ سیلٹا سے بارسلونا نے میچ گنوا دیا

Atletico Madrid key scorer Luis Suarez (red jersey) looks excited.Picture:PTI
ایٹلیٹیکو میڈرڈ کیلئے اہم گول کرنے والے لوئیس سواریز (سرخ جرسی )جوش میں نظر آرہے ہیں۔تصویر :پی ٹی آئی

 اسپینش لیگ لا لیگا  میں اس وقت زبردست مقابلہ آرائی دیکھنےکو مل رہی ہے اور اتوارکی رات بھی لیگ کے فاتح کا فیصلہ نہیں ہوسکا اور اس کا فیصلہ اس سیزن کے آخری میچ ڈے پر ہوگا۔ اتوار کی رات ریئل میڈرڈ  فٹبال کلب نے ایتھلیٹک بلباؤ کو جدوجہد کے بعد صفر۔ ایک سے ہر ادیا۔ ایٹلیٹیکومیڈرڈ نے اوساسونا کو ایک۔۲؍ سے ہرا دیا۔ بارسلونا فٹبال کلب کو سیلٹا ویگو نے ایک ۔۲؍ سے ہراد یا۔ 
 اتوار کے بعد پوائنٹ ٹیبل میںایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب ٹاپ پوزیشن پرہے اور اس کے ۳۷؍میچوں میں ۸۳؍پوائنٹس ہیں۔ ریئل میڈرڈ کے اتنے ہی میچوں میں ۸۱؍پوائنٹس ہیں۔ اگرایٹلیٹیکو میڈرڈ اگلا میچ ہار جاتاہے اور ریئل میڈرڈ اگلا میچ جیتا ہے تو ریئل میڈرڈ کی ٹیم لالیگا کی چمپئن ہوگی۔ اگر معاملہ اس کے برعکس ہوتاہے تو ایٹلیٹیکو کی ٹیم جیت جائے گی۔  اگر ایٹلیٹیکو کا میچ ڈرا ہوجاتاہے اور ریئل میڈرڈ جیت جاتاہے تب بھی ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کے حصہ میں خطاب آئے گا۔ بارسلونا فٹبال کلب خطاب کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہےکیونکہ  اس کے ۳۷؍ میچوں میں ۷۶؍پوائنٹس ہیں۔  اتوار کی رات ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کو ایتھلیٹک بلباؤ کو شکست دینے کیلئے زبردست جدوجہد کرنی پڑی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ناچو فرنانڈیس نے کاسیمیرو کی مدد سے ٹیم کیلئے فاتحانہ گول کیا۔ میچ کے آخری حصہ میں ایتھلیٹک کے کھلاڑی راؤل گارشیا کوریڈ کارڈ ملا اور وہ اگلے میچ میں نہیں کھیل سکیں گے۔ 
 میچ کے بعد ریئل میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیدان نے کہا کہ میں کیسے اپنے کھلاڑیوں سے کہہ دوں کہ میں سیزن کے آخر میں کلب چھوڑنے والا ہوں۔ ہم نے خطاب کیلئے بہت زیادہ محنت کی ہے اور آخری وقت میں میں ان سے یہ سب نہیں کہہ سکتا۔ خیال رہے کہ سیزن کے آخری میچ ڈے  پر  ریئل میڈرڈ کو ویلا ریئل سے مقابلہ کرناہے۔انہوںنے کہا کہ سیزن کے آخری وقت ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کیا ہوتا ہے۔ہماری نظر ایٹلیٹیکو کے میچ پر رہے گی۔ 
 ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے اوساسونا سے صفر۔ ایک سے پیچھے ہونے کے باوجود ایک۔۲؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ میچ کے پہلے ہاف میں اسکور صفر۔ صفررہا۔دوسرے ہاف میں ایٹلیٹیکو کے اسٹیفن ساوچ کاگول مسترد کردیا گیا تھا۔ ۷۵؍ ویں منٹ  اینٹے بدیمیر نے روبین گارشیا کی مدد سے اوساسونا کیلئے پہلا گول کیا۔ ۸۲؍ویں منٹ میں رینان لوڈی نے جوآؤ فیلکس کی  مدد سے ایٹلیٹیکو کیلئے برابری کا گول کیا۔ ۸۸؍ویں منٹ میں لوئیس سواریز نے یانک کراسکو کی مدد سے ٹیم کیلئے اہم اوربرتری کاگول کیا۔  
 میچ کے بعد لوئیس سواریز نے کہاکہ ہم اپنے آخری میچ تک ٹیم کی کامیابی کیلئے کوشش کرتے رہیں گے۔ ہم نے آج اپنی طرف سے پورا زور  لگا دیا تھا جس کی بدولت ہمیں کامیابی ملی۔ انہوںنے کہاکہ اب ہمارا اگلا ہدف اس سیزن کے آخری میچ میں فتح حاصل کرنا ہے۔ اس کیلئے ٹیم پوری طرح سے تیار ہے اور اس نے پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔ امید کرتے ہیں کہ ہمارا اگلا میچ اچھا ہوگا۔ 
 لالیگا کے ایک اور میچ میں بارسلونا فٹبال کلب کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حالانکہ بارسلونا نے لیونل میسی کے گول کی بدولت سیلٹا ویگو پر صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی تھی۔ ۲۸؍ویں منٹ میں میسی نے سرجیو بُسکیٹس کی مدد سے پہلا گول کیا۔ ۳۸؍ویں منٹ میں سیلٹا کی جانب سے سینٹی مینا نے برابری کا گول کیا۔ ۸۹؍ویں منٹ سینٹی مینا نے ایک اورگول کرکے ٹیم کو ایک۔۲؍ سے فاتح بنادیا۔ کلیمنٹ لینگلیٹ کو ریڈ کارڈ ملا۔ بارسلوناکی شکست کےبعد اسٹار لیونل میسی مایوس  نظر آئے ۔ ان کے تعلق سے کہا جارہا ہے کہ وہ اس سیزن  کے بعد بارسلونا کو چھوڑ سکتے ہیں اور انہوں نے بارسلونا کیلئے اپنا آخری میچ کھیل لیاہے۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK