Inquilab Logo

ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے گرونا فٹبال کلب کو لالیگا کے میچ میں شکست دی

Updated: April 14, 2024, 12:40 PM IST | Agency | Madrid

لالیگا کے میچ میں میڈرڈ کے فٹبال کلب نے ۱۔۳؍ گول سے کامیابی حاصل کی۔ انٹوئین گریز مین نے فاتح کلب کی جانب سے ۲؍گول کئے۔

Antoine Griezmann. Photo: INN
انٹوئین گریزمین۔ تصویر : آئی این این

اسپین کی گھریلو فٹبال لیگ لالیگا میں سنیچر کی شام ہونے والے میچ میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب نے گرونا کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے اور ٹاپ ۴؍ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی جانب سے ایک قدم بڑھایا۔ 
 سنیچر کو ہونے والے میچ میں انٹوئین گریزمین نے میڈرڈ کے فٹبال کلب کی جانب سے بہتر کارکردگی پیش کرتے ہوئے ۲؍گول کئے۔ ان کے گول کی بدولت ہی میڈرڈ کا کلب کا ۳؍پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ایٹلیٹیکو کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اس کلب کے ۳۱؍میچوں میں اب ۶۱؍پوائنٹس ہیں اور وہ گرونا فٹبال کلب سے محض ۴؍پو ائنٹس پیچھے ہے۔ خیال رہے کہ گرونا فٹبال کلب ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر ہے۔ گرونا کے ۳۱؍ میچوں میں ۶۵؍پوائنٹس ہیں۔ ان دونوں کلبوں سے پہلے ریئل میڈرڈ ٹاپ پوزیشن پر ہے جس کے ۳۰؍ میچوں میں ۷۵؍ پوائنٹس ہیں اور وہ خطاب جیتنے کا مضبوط دعویدار ہے۔ دوسری پوزیشن پر بارسلونا فٹبال کلب ہے جس کے ۳۰؍ میچو ں میں ۶۷؍ پوائنٹس ہیں۔ بارسلونا، ایٹلیٹیکو اور گرونا کے درمیان ٹاپ پوزیشن کے بعد ۳؍پوزیشن کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ 
 لالیگا کے میچ میں گرونا نے سنیچر کو اچھی شروعات کی تھی اور پہلے ہی ہاف میں ۰۔ ۱؍گول کی برتری حاصل کرلی تھی۔ میچ کے چوتھے منٹ میں اے ڈاوبک نے پہلا گول کرکے میزبان فٹبال کلب کے میدان پر سنسنی پیدا کردی۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد وائی کوتو نے کی۔ ۳۴؍ ویں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو ایک پنالٹی ملی اور اس پر فرانس سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی انٹوئین گریزمین نے گول کرکے اسکور ۱۔ ۱؍گول سے برابر کردیا۔ فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں بھی ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے برتری موقع نہیں گنوایا۔ انجری ٹائم کے چھٹے منٹ میں اے کوریا نے الواروں موراتا کی مدد سے ٹیم کو ۱۔ ۲؍گول کی برتر ی دلائی۔ 
 دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی ایٹلیٹیکو کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کا گھیرا تنگ کردیا۔ ۵۰؍ ویں منٹ میں انٹوئین گریزمین نے ٹیم کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول کرکے اسکور ۱۔ ۳؍کردیا اور ٹیم کی جیت یقینی کردی۔ میچ کے آخری لمحات تک دونوں جانب سے گول کی کوشش ہوتی رہی لیکن کسی کو بھی کامیابی نہیں ملی۔ میچ کے آخر میں اسکور ۱۔ ۳؍ گول رہا اور ایٹلیٹیکو نے پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے ٹیبل پر اپنی پوزیشن بھی بہتر کرلی اور اگلے میچ کیلئے تیاری بھی کرلی۔ 
 سنیچر کی دیر رات ہونے والے لالیگا کے ایک اور میچ میں ریئل بیٹس فٹبال کلب نے سیلٹا ویگو کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ فاتح کلب کی جانب سے جے میرانڈا اور این فقیر نے ایک ایک گول کیا۔ میچ کے انجری ٹائم میں سیلٹا ویگو کیلئے واحد گول جے لارسن نے ایک گول کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK